یومِ دعوتِ اسلامی 2 ستمبر

August 08,2023 - Published 1 year ago

یومِ دعوتِ اسلامی 2 ستمبر

یومِ دعوتِ اسلامی

سورۂ اٰلِ عمران آیت نمبر 104میں اللہ پاک فرماتا ہے:

وَلْتَکُنۡ مِّنۡکُمْ اُمَّۃٌ یَّدْعُوۡنَ اِلَی الْخَیۡرِ وَیَاۡمُرُوۡنَ بِالْمَعْرُوۡفِ وَیَنْہَوْنَ عَنِ الْمُنۡکَرِ ؕ وَاُولٰٓئِکَ ہُمُ الْمُفْلِحُوۡنَ ﴿۱۰۴

یعنی اور تم میں ایک گروہ ایسا ہونا چاہے کہ بھلائی کی طرف بلائیں اور اچھی بات کا حکم دیں اور بُری سے منع کریں اور یہی لوگ فلاح پانے والے ہیں۔

اس آیت سے سمجھ آیا کہ سب پر ہی فرض ہے کہ لوگوں کو اچّھی باتوں کا حکم دیں اور بُری باتوں سے روکیں۔یعنی جوشخص جتنا جانتا ہے اُتنا دوسرے تک پہنچائے جیسا کہ حدیث میں آیا: بَلِّغُوْ اعَنِّیْ وَلَوْ اٰیَۃً۔ یعنی میری طرف سے پہنچا دو اگر چِہ ایک ہی آیت ہو۔ (بخاری ،حدیث۳۴۶۱)

اسی آیت پر عمل کرتے ہوئے  انٹرنیشنل اسلامک اِسکالر حضرت علّامہ  محمد الیاس عطّاؔر قادِری رَضَوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے کراچی سے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کا آغاز ستمبر1981ء میں اپنے چند رُفَقا کے ساتھ کیا۔

دعوتِ اسلامی نے اس سفر میں سیاست ، احتجاج اور ہڑتال وغیرہ سے دُور رہ کر مُثبت انداز میں اللہ پاک کے فضل و کرم سے دین کا وہ کام کیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ شہرِ کراچی سے شروع ہونے والی دعوتِ اسلامی دیکھتے ہی دیکھتے نہ صرف پورے پاکستان بلکہ دنیا بھر میں جاپہنچی اور اب دعوتِ اسلامی کا دینی کام 80سے زائد شعبہ جات کے تحت 313 سے زائد ذیلی شعبوں میں پھیل چُکا ہے۔ دعوتِ اسلامی اب تک ہزاروں مساجد بنا چکی ہے اور مزید سلسلہ جاری ہے۔ بچّوں اور بچیوں (Boys & Girls) کو الگ الگ تعلیمِ قرآن دینے کے لئے مدارِسُ المدینہ اور فروغِ علمِ دین (عالم و عالمہ کورس کروانے) کے لئے الگ الگ جامعاتُ المدینہ قائم کئے جارہے ہیں۔ لاکھوں حافظ ، قاری ، امام ، مبلغ و معلّم ، عالم اور مفتی تیار کرنے کے ساتھ ساتھ اصلاحِ امّت اور کردار سازی کا پروگرام منفرد اور شاندار انداز میں جاری ہے۔

5لاکھ سے زائد مرد و عورت رضا کارانہ ، تقریباً 46ہزار سے زائد اجیر (تنخواہ دار) اور کروڑوں چاہنے والے دعوتِ اسلامی کے دئیے ہوئے اہم ترین مدنی مقصد (اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش) کی تکمیل میں کوشاں نظر آتے ہیں۔ مختلف مقامات پر “ دارُالافتاء اہلِ سنّت “ قائم ہیں ، جہاں دعوت ِاسلامی سے وابستہ مفتیانِ کرام مسلمانوں کی تحریری ، زبانی ، موبائل ، ای میل ، واٹس ایپ وغیرہ کے ذریعے شرعی راہنمائی کرنے میں مصروف ہیں۔ دعوتِ اسلامی کے شعبے المدینۃُ العلمیہ (Islamic Research Centre) میں تفسیر ، حدیث ، فقہ ، سیرت اور موٹیویشنل موضوعات (Motivational Topics) اور تنظیمی تربیت پر مشتمل کُتب و رَسائل لکھے جارہے ہیں ، اس ڈیپارٹمنٹ میں اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان  رحمۃُ اللہِ علیہ  کی کتابوں پر مختلف نوعیت کے کام کرنے کے ساتھ ساتھ امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  کی کتابوں اور رسائل کے لئے مواد وغیرہ کے حصول میں معاونت بھی کی جاتی ہے۔ ان کُتب و رَسائل کو دعوتِ اسلامی کا اشاعتی ادارہ مکتبۃُ المدینہ چھاپ کر عام کرتا ہے۔ انٹر نیٹ کے جدید ذرائع کو اپناتے ہوئے دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.net کے ذریعے بھی مختلف زبانوں میں نیکی کی دعوت عام کی جاتی ہے ، اس کے علاوہ “ فیضان آن لائن اکیڈمی “ (بوائز ، گرلز) قائم ہے جس کے ذریعے آن لائن (بذریعہ انٹرنیٹ) عالم کورس ، قراٰنِ پاک (حفظ و ناظرہ) پڑھایا جاتا ہے ، 30سے زائد کورسز (مثلاً فیضانِ نماز ، فیضانِ قراٰن و حدیث ، سیرتِ مصطفیٰ ، عقائد و فقہ ، نکاح ، نیو مسلم وغیرہ) کے ذریعے لوگوں کو ان کے گھر پر علم کی روشنی پہنچائی جاتی ہے۔ ایجوکیشن کے میدان میں انگلش میڈیم اسلامک اسکولنگ سسٹم بنام “ دارُ المدینہ “ پری پرائمری سے میٹرک تک کام کر رہا ہے ، اس سسٹم کو کالج اور کالج سے یونیورسٹی تک لے جانے کے پروگرام جاری ہیں۔ بدلتی دُنیا میں میڈیا (Media) کا کردار ایک حقیقت ہے چنانچہ دعوتِ اسلامی اپنے “ مدنی چینل “ کے ذریعے 7بڑی سیٹلائٹس پر اُردو ، انگلش اور بنگلہ زبانوں میں دین کی خوب خدمت کررہی ہے ، “ دعوتِ اسلامی “ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم سے بھی اسلامی تعلیمات کو عام کرنے اور اصلاحِ امت کا کام کررہی ہے اور اب تک تقریباً 4 کروڑ50 لاکھ سے زائدUsers ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے فوائد حاصل کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ شعبہ FGRF (فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن) کے ذریعے فلاحی و سماجی خدمات کا سلسلہ بھی جاری ہے اور پیارے آقا  ﷺ  کی دُکھیاری اُمّت کی پریشانی کو دور کرنے کے لئے لاک ڈاؤن ، سیلاب وغیرہ میں نہ صرف 26لاکھ سے زائد گھرانوں کی کیش، راشن اور دیگر طریقوں سے اربوں روپوں کی مدد کی گئی بلکہ ان حالات میں بالخصوص تھیلیسیمیا (Thalassemia) اور بالعموم دیگر مریضوں کے لئے خون کی بوتلیں (Blood Bags) جمع کرنے کا ایسا کارنامہ انجام دیا گیا جس کی مثال نہیں ملتی ، اب تک خون کی تقریباً46 ہزار بوتلیں مختلف اداروں کو جمع کروائی جاچکیں مزید سلسلہ جاری ہے ، نیز گرین ورلڈ پروگرام کے تحت گرین پاکستان مہم میں اب تک لاکھوں لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں اور اس مُہم کو جاری رکھتے ہوئے ہمارا یہ نعرہ ہے : “ پودا لگانا ہے درخت بنانا ہے۔ “ معذور بچّوں کی بحالی کے لئے ادارہ بنام FRC (فیضان ری ہیبلی ٹیشن سینٹر)قائم کیا جا چکا ہے۔ بات یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ پیارے آقا  ﷺ  کی دُکھیاری اُمت کی خدمت کا جذبہ لئے FGRFعنقریب مدنی ہیلتھ کیئر سینٹر قائم کردیا ہے ، اور آگے چل یتیم و نادار بچّوں کی کفالت و دینی تربیت کے لئے “ مدنی ہوم “ اولاً کراچی اور پھر بتدریج دیگر شہروں اور ملکوں میں قائم کئے جائیں گے ، اس کے علاوہ مَردوں اور عورتوں کو ہنر مند بنانے کا ادارہ بھی عنقریب قائم کیا جائے گا ، اِن شآءَ اللہ الکریم

اللہ پاک کے فضل سے دعوتِ اسلامی مساجد کی آباد کاری اور اصلاحِ اُمّت کے لئے 12دینی کام مثلاً مدنی قافلہ ، نیک اعمال ، ہفتہ وار اجتماع و مدنی مذاکرہ وغیرہ کے ساتھ ساتھ فلاحی و سماجی کام بھی کررہی ہے۔

امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے دُور اندیشی سے کام لیتے ہوئے دعوتِ اسلامی کے نظام کو مرکزی مجلسِ شوریٰ بنا کر اس  اس کے سپرد کردیا ، امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  کی خصوصی توجہ ، شفقت و تربیت اور راہنمائی سے مرکزی مجلسِ شوریٰ دعوتِ اسلامی کے تمام امور کی نگرانی اور نظام کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کرتی ہے۔

اللہ پاک دعوتِ اسلامی کومزید عُروج عطا فرمائے۔اٰمِیْن

Comments (0)
Security Code