مارکیٹ ریٹ سے مہنگی شے بیچنا
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اِس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر کوئی شخص بغیر دھوکا دہی کے کسی شخص کو مارکیٹ ریٹ(Market rate) سے تین گنا زیادہ مہنگی چیز بیچ دیتا ہے تو کیا معلوم ہونے پر خریدار کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اُس سودے کو کینسل(Cancel) کردے؟
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
جواب:پوچھی گئی صورت میں اگر بیچنے والے نے مارکیٹ ریٹ سے تین گنا زیادہ بیچنے میں کسی قسم کا دھوکا نہیں دیا تو باہمی رضامندی سے منعقد ہونے والے اِس سودے کو اب خریدار کینسل نہیں کرسکتا ہاں اگر دھوکے کی صورت پائی گئی تو پھر خریدار اِس سودے کو کینسل کراسکتا ہے۔ اِس صورت میں دھوکے کی مثال فُقَہَائے کرام یہ بیان فرماتے ہیں مثلاً بیچنے والا خریدار سے کہے میرے اِس سامان کی اِتنی قیمت ہے یا میرا یہ سامان اتنی قیمت کے مُسَاوی ہے بیچنے والے کی اس بات پر اِعتبار کرتے ہوئے خریدار وہ چیز خرید لے پھر اسے عِلْم ہو کہ بائع(بیچنے والے) کی بات درست نہیں ہے اور اِس چیز کی قیمت کم ہے تو بیچنے والے کے اِس دھوکے کی وجہ سے خریدار وہ چیز واپس کرسکتا ہے جب کہ کسی اور وجہ سے شرعاً واپسی کا حق ختم نہ ہوگیا ہو۔
تبیینُ الحقائق میں ہے: جب بائع نے مشتری (خریدنے والے) سے کہا: میرے سامان کی قیمت اتنی ہے یا کہا:میرا سامان اتنے کے برابر ہے خریدار نے اِس پر بِنا کرتے ہوئے خرید لیا پھر اِس کا خلاف ظاہر ہوا تو بائع کے خریدار کو دھوکا دینے کے سَبَب خریدار کے لئے اِس بیع کو رَدْ کرنے کا اِختیار ہوگا اور اگر ایسا کچھ نہیں کہا تو اب بیع رد کرنے کا حق نہیں ہوگا۔ بعض فقہاء نے فرمایا کہ بیع جس طرح بھی ہو رَد نہیں کرسکتے مگر صحیح یہ ہے کہ اگر دھوکا ہواہے تو رد کا حکم دیا جائے گا ورنہ رد کا حکم نہیں۔(تبیینُ الحقائق،ج4،ص436)
صَدْرُالشَّریعَہ بَدْرُالطَّریقَہ مفتی محمد امجد علی اَعظمی علیہ رحمۃ اللہ القَوی اِرشاد فرماتے ہیں: کوئی چیز غَبنِ فاحِش کے ساتھ خریدی ہے اُس کی دو صورتیں ہیں دھوکا دیکر نقصان پُہنچایا ہے یا نہیں اگر غَبنِ فاحِش کے ساتھ دھوکا بھی ہے تو واپس کرسکتا ہے ورنہ نہیں۔ غَبنِ فاحِش کا یہ مطلب ہے کہ اتنا ٹوٹا (گھاٹا) ہے جو مُقَوّمِیْن (قیمت لگانے والوں) کے اندازہ سے باہر ہو مثلاً ایک چیز دَس روپے میں خریدی کوئی اُس کی قیمت پانچ بتاتا ہے کوئی چھ کوئی سات تو یہ غَبنِ فاحش ہے اور اگر اُس کی قیمت کوئی آٹھ(8) بتاتا کوئی نو(9) کوئی دس(10) تو غبنِ یسیر ہوتاہے۔ دھوکے کی تین صورتیں ہیں کبھی بائع مشتری کو دھوکا دیتا ہے پانچ کی چیز دس میں بیچ دیتا ہے اور کبھی مشتری بائع کو کہ دس کی چیز پانچ میں خرید لیتا ہے کبھی دَلّال (سودا کرانے والا) دھوکا دیتا ہے اِن تینوں صورتوں میں جس کو غبنِ فاحش کے ساتھ نقصان پہنچا ہے واپس کرسکتا ہے اور اگر اجنبی شخص نے دھوکا دیا ہو تو واپس نہیں کرسکتا۔(بہارشریعت،ج2،ص691)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
سودے میں لگائی گئی ایک غلط شرط
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اِس مسئلہ کے بارے میں کہ آج کل گاڑیوں کی خرید و فروخت میں یہ طریقہ بھی رائِج ہوگیا ہے کہ مثلاً ایک لاکھ روپے کا رِکشا خرید کر آگے ڈیڑھ لاکھ روپے میں قسطوں پر فروخت کیا جاتا ہے اور یہ کہا جاتا ہے کہ بقیہ رقم گاڑی پر ہے گاڑی چلتی رہے گی اور قسطیں بھی ادا ہوتی رہیں گی لیکن قسط مکمل ہونے سے پہلے اگر گاڑی کسی حادثہ کا شکار ہوگئی، جل گئی یا چوری ہوگئی اس صورت میں بقیہ قسطیں ساقط ہوجائیں گی یعنی بائع(بیچنے والے) کو خریدار سے بقیہ رقم کے مطالبے کا حق نہ ہوگا کیا یہ صورت جائز ہے؟ اس بارے میں راہنمائی فرما دیں؟۔
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
جواب:سوال میں بیان کی گئی صورت عَقدِ فاسِد اور ناجائز ہے۔ خرید و فروخت میں اَصْل یہ ہے کہ جب کوئی بھی چیز کسی مُعاوضہ یا قیمت کے بدلے بیچی جاتی ہے تو سودا ہوتے ہی خریدار مال کا مالک ہوجاتا ہے اور بیچنے والا مُعاوضہ یا ثَمَن یعنی قیمت کا مستحق ہوجاتا ہے اور اُدھار کا سودا ہو تو مال خریدنے والے کے ذِمَّہ قیمت کی اَدَائیگی دَین(یعنی قرض) ہوتی ہے جو کہ اُس پر واجبُ الاَدَا رہے گی۔
پوچھی گئی صورت میں سودے میں ایسی شرط شامل ہے جو خریدار کے فائدے پر مشتمل ہے اور سودا ایسی شرط کا تقاضا نہیں کرتا کیوں کہ سودے کا تقاضا یہ ہے کہ جو قیمت طے ہوئی ہے وہ ہی ادا کی جائے لہٰذا ایسی شرط کی موجودگی میں یہ سودا عَقْدِفاسِد اور ناجائز ہے۔
النھر الفائق میں ہے: یعنی ہر شرط بیع کو فاسد نہیں کرتی بلکہ ضروری ہے کہ وہ شرط ایسی ہو جس کا عَقْد تقاضا نہ کرے اور نہ ہی وہ عقد کے مناسب ہو، نہ ہی لوگوں کے درمیان مُتَعَارَف ہو اور اُس میں متعاقدین میں کسی ایک یا مبیع کا نفع ہو جب کہ وہ اس کے اہل ہوں۔(النھر الفائق،ج3،ص434)
نفع کی وضاحت کرتے ہوئے رَدُّالمحتار میں ہے:اَلْمُرَادُ بِالنَّفْعِ مَا شُرِطَ مِنْ اَحَدِ الْعَاقِدَيْنِ عَلىَ الْآخَرِ یعنی نفع سے مراد وہ شرط ہے جو فریقین میں سے کوئی ایک دوسرے پر نافذ کر دے۔(ردالمحتار،ج 7،ص284)
بیع فاسِد کے متعلق رَدُّالمحتار میں ہے:اَنَّہُ مَعْصِیَّۃٌ یَجِبُِ رَفْعُھَا یعنی بیع فاسِد گناہ ہے اور اِس کو ختم کرنا واجِب ہے۔(رَدُّالمحتار،ج 7،ص232)
صَدْرُالشَّریعَہ بَدْرُالطَّریقَہ مفتی محمد امجد علی اَعظمی علیہ رحمۃ اللہ القَوی اِرشاد فرماتے ہیں:جو شرط مُقْتَضَائے عَقْد کے خلاف ہو اور اُس میں بائِع یا مُشْتَری یا خود مبیع کا فائدہ ہو (جب کہ مبیع اہلِ اِستحقاق سے ہو) وہ بیع کو فاسد کردیتی ہے۔(بہار شریعت،ج 2،ص702)
بَہارِ شریعَت میں ہے:جس بیع میں مبیع یا ثمن مجہول ہے وہ بیع فاسد ہے۔(بہار شریعت،ج 2،ص711)
بیع فاسد کا حکم بیان کرتے ہوئے سیّدی اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنّت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرَّحمٰن ارشاد فرماتے ہیں: پس بائع و مشتری دونوں گُناہ گار ہوئے اور دونوں پر بحکمِ شرع واجب ہے کہ اپنی اِس بیع کو فسخ کریں۔(فتاوی رضویہ،ج 17،ص153)
واضح رہے کہ بطورِ رحم و شفقت مال بیچنے والے کو اِس بات کا حق حاصل ہے کہ وہ کسی مشکل کی بنا پر سودے کی بقیہ قسطیں یا کُل رقم چاہے تو معاف کردے لیکن یہ ایک اختیاری معاملہ ہے وہ چاہے تو معاف کرے چاہے نہ کرے لیکن اِس اختیار کو سودے کے معاہدہ کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا کہ ایسا ہونے پر اَوَّل تو یہ اختیار لُزوم کی شکل اختیار کر گیا، دُوُم یہ کہ سودا ایسی شرط کا تقاضا نہیں کرتا۔ لہٰذا یہ دونوں الگ الگ صورتیں ہیں ان کے فرق کا لحاظ واجب ہے۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
Comments