Book Name:Ustad Ke 3 Huqooq (Qist 1)
سیکھنے سِکھانے کے حلقوں کا جدول
(1):مختلف مَوضوعات پرمختصربیان:5منٹ (2):دُعا یاد کرنا:5 منٹ (3):جائزہ :5 منٹ۔کُل دورانیہ:15منٹ
آج کے سیکھنے سکھانے کے حلقوں میں اُستاد کے 3 حقوق قسط اول سکھائے جائیں گے اورآبِ زَم زَم پیتے وقت کی دعا یاد کروائی جائے گی۔اور آخر میں نیک اعمال کے رسالے سے اجتماعی جائزہ بھی لیا جائے گا۔اِنْ شاۤء اللہ الکَرِیْم !
فرمانِ آخری نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ : فرض حج کرو!بے شک اِس کا اجر 20 غَزوات میں شرکت کرنے سے زیادہ ہے اور مجھ پر ایک مرتبہ دُرُودِ پاک پڑھنا اِس کے برابر ہے۔([1])
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
آیتِ مبارکہ
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اسْتَجِیْبُوْا لِلّٰهِ وَ لِلرَّسُوْلِ اِذَا دَعَاكُمْ لِمَا یُحْیِیْكُمْۚ (پارہ:9،الانفال:24)
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: اے ایمان والو! اللہ اور اس کے رسول کی بارگاہ میں حاضر ہو جاؤ جب وہ تمہیں اس چیز کے لیے بلائیں جو تمہیں زندگی دیتی ہے ۔
نبیِ کریم ،روؤف الرحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ جو مُعَلِّمِ کائنات ہیں، ساری مخلوق کے اُستاد ہیں، اِس آیتِ کریمہ میں آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا ایک حق بیان کیا گیا کہ اے ایمان والو...!! محبوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ تمہیں جب بھی بُلائیں، سب کام چھوڑ کر فورًا خِدْمتِ اَقْدس میں حاضِر ہو جایا کرو...!! اس لیے کہ آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ قرآنِ کریم سکھا کر، عِلْمِ دِین پڑھا کر تمہاری رُوح کو زندگی بخشنے والے ہیں۔ ([2])