Book Name:Ummat e Muslima Akhri Ummat Kyon?

اُمَّتِ مسلمہ کی اَہمیت و فضیلت

پیارے اسلامی بھائیو! ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی اہمیت کو سمجھیں، ہم کون ہیں؟ اور کیوں ہیں؟ اس پر غور کریں۔

ذرا اپنی اہمیت پر نِگاہ ڈالئے! حضرت ابوہریرہ   رَضِیَ اللہُ عنہ  سے روایت ہے، سرکارِ عالی وقار، مکی مدنی تاجدار  صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: جب اللہ پاک کے نبی حضرت موسیٰ  عَلَیْہِ السَّلام  پر تورات شریف نازِل ہوئی، آپ نےاس پیاری آسمانی کتاب کی تِلاوت کی تو اس میں ایک اُمّت کے فضائل پڑھے، یہ فضائل پڑھ کر آپ نے بارگاہِ اِلٰہی میں عرض کیا: یااللہ پاک! تورات میں ایک اُمّت کا ذِکْر ہے، وہ (دُنیا میں آنے کے لحاظ سے) آخری مگر (نیک اَعْمال میں) سب سے آگے ہوں گے، یااللہ پاک! اسے میری اُمّت بنا دے۔ اللہ پاک نے فرمایا: تِلْکَ اُمَّۃُ اَحْمَد ( صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  )یعنی (اے موسیٰ!) یہ تو میرے محبوب نبی حضرت اَحمدِ مجتبیٰ  صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی اُمّت ہے۔ حضرت موسیٰ   عَلَیْہِ السَّلام    نے پِھر عرض کیا: اے اللہ پاک! میں تورات میں ایسی اُمَّت کا تذکرہ پڑھتا ہوں، جن کی شَفَاعت کی جائے گی، مولیٰ! اسے میری اُمّت بنا دے۔ اللہ پاک نے فرمایا:   تِلْکَ اُمَّۃُ اَحْمَد ( صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  )یعنی اے موسیٰ! یہ تو میرے محبوب نبی حضرت اَحمدِ مجتبیٰ  صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی اُمّت ہے۔حضرت موسیٰ  عَلَیْہِ السَّلام     نے عرض کیا: اے رَبِّ کریم! میں تورات میں ایسی اُمَّت کا ذِکْر پڑھتا ہوں، جن کی دُعائیں قبول کی جائیں گے، یااللہ پاک! اسے میری اُمَّت بنا دے۔ ربِّ کائنات نے فرمایا: تِلْکَ اُمَّۃُ اَحْمَد ( صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  )یعنی اے موسیٰ! یہ تو میرے محبوب نبی حضرت اَحمدِ مجتبیٰ  صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی اُمّت ہے۔حضرت موسیٰ  عَلَیْہِ السَّلام     نے عرض کیا: اے رَبِّ رَحْمٰن و رَحیم! میں تورات شریف میں ایسی اُمَّت کا ذِکْر پڑھتا ہوں، جن کی کتاب (یعنی قرآنِ کریم)