Book Name:Wajib Qurbani Na Karna
واجِب قربانی نہ کرنے کے مختلف احکام
(1): واجِب قربانی نہ کرنا حرام اور جہنّم میں لے جانے والا کام ہے۔([1]) (2):قربانی کے وقت میں قربانی کرنا ہی لازِم ہے، کوئی دوسری چیز اس کی جگہ نہیں لے سکتی۔([2]) (3):قربانی کی جگہ بکری یا اس کی قیمت صدقہ کرنا کافِی نہیں ہے۔([3]) اگر ایسا کرے گا تو عذاب کا حقدار ہو گا۔([4]) (4):قربانی کا اِنکار کرنے والا گمراہ ہے([5])اور جو اسے ظُلْم کہے (جیسے بعض آزاد خیال یا لِبْرَل ذِہنیت کے مالِک کہہ دیتے ہیں) کافِر ہے۔([6]) (5): جس پر قربانی واجب ہے،اس کو خود اپنے نام سے قربانی کرنا ہوگی ،اگر اپنی زوجہ ،لڑکے یا کسی اور کی طرف سے کرے گا ،تو اس کا واجب ادا نہ ہو گا۔([7]) (6):ایک گھر یا ایک خاندان کے مختلف افراد پر (مثلاً باپ، بیٹے، بھائی، چچا تایا وغیرہ پر الگ الگ) قربانی واجب ہونے کے باوُجُود اگر ان سب کی طرف سے صِرْف ایک قربانی (مثلاً بکرا یا بھیڑ) یا (بڑے جانور کے) صِرْف ایک حصے کی قربانی کی جائے گی تو کسی کی بھی قربانی ادا نہیں ہو گی۔([8]) (7):قربانی اللہ پاک کے لئے کی اور اس کا ثواب مسلمانوں (مثلاً اپنے فوت شدہ والدین، عزیز رشتے دار، بلکہ تمام اُمّتِ مسلمہ) پہنچایا تو قربانی درست ہو گی اور ثواب سب کو پہنچے گا۔ ([9]) (8):قربانی واجِب تھی مگر نہ کی اور قربانی کے اَیّام گزر گئے، اب جانور یا اس کی قیمت صدقہ کرنا واجِب ہے۔([10]) (نوٹ: اس مسئلے کی مختلف صورتیں ہیں، لہٰذا ضرورتاً دارُ الافتاء اہلسنت یا کسی بھی عاشقِ رسول ماہِر مفتی صاحب سے راہنمائی لے لیجئے)۔
[1]... فتاوی رضویہ، جلد:10،صفحہ: 290 ماخُوذًا۔
[2]... بہار شریعت ،جلد: 3،صفحہ:335،حصہ:15 بتغیر قلیل ۔
[3]... بہار شریعت ،جلد: 3،صفحہ:335،حصہ:15۔
[4]... فتاویٰ رضویہ، جلد:10،صفحہ:290 ۔
[5]... فتاویٰ فقہ ملت، جلد:2 ،صفحہ: 242 ملخصاً ۔
[6]... فتاویٰ رضویہ، جلد:14،صفحہ:356 ۔
[7]...فتاویٰ امجدیہ، جلد:3، صفحہ:315۔
[8]...فتاویٰ اہلسنت ،ریفرنس نمبر:1861بتغیر قلیل۔
[9]...فتاویٰ رضویہ ،جلد:20،صفحہ:457 بتغیر قلیل۔