محاسن و کمالاتِ سرورِ کائنات

بزرگانِ دین کے مبارک فرامین

محاسن و کمالاتِ سرورِ کائنات

*مولانامحمد منعم عطاری مدنی

ماہنامہ فیضان مدینہ اکتوبر 2022

اوصافِ کریمہ کا ایک قطرہ

ساری کائنات میں  نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اوصاف و کمالات  کا  چرچا ہے اور اگر سار ی دنیا ان اوصاف و کمالات کو  شمار کرنے کے لئے جمع  ہو جائے  تو ان کے شمار کردہ اوصاف ایسے ہی ہیں جیسے سمندر کے سامنے ایک قطرہ۔ ( فرمانِ امام یافعی رحمۃُ اللہ علیہ )   ( مراۃ الجنان ، 1 / 21ملخصاً )

سرورِ کائنات کی عقلِ باکمال

میں نے مُتَقَدِّمین کی 71کتابیں پڑھی ہیں ، میں نے ان تما م کتابوں میں پایا کہ حق سُبْحَانَہٗ وَتَعَالیٰ نے دنیا کے آغاز سے لے کر دنیا کے انجام تک تما م لوگوں کو جس قدر عقلیں عطا فرمائی ہیں ان سب کی عقلیں نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی عقلِ مبارک کے مقابلے میں یوں ہیں جیسے دنیا بھر کے ریگستانوں کے مقابلے میں ایک ذرہ ہے، آپ کی رائے ان سب سے افضل و اعلیٰ ہے۔  ( فرمانِ حضرت وہب بن منبہ رحمۃُ اللہ علیہ )

  ( تاریخِ دمشق ، 3 /  386 ملخصا ، سبل الہدٰی والرشاد ، 1  / 427 )

کمالاتِ مصطفےٰ ضبط سے منزہ ہیں

ساری کائنات مل کر  نبیِّ پاک کے مناقب    کے شمار میں مبالغہ کریں  تو  ان فضائل و  کمالات کو مکمل بیان یا جمع  نہ کرسکیں گے   جو ربِّ کائنات نے اپنے محبوب ِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرمائے ہیں۔ ( فرمانِ شیخُ الاسلام  باجوری  رحمۃُ اللہ علیہ ) ( حاشیہ الباجوری علی البردۃ ، ص4 )

تیرے تو وصف عیبِ تناہی سے ہیں بری

میں قسم اٹھاتا ہوں کہ اگر تمام دریا و سمندر میری سیاہی ہوتے اور درخت میرا قلم ہوتے اور میں آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی عمر بھر نشانیاں لکھتا تو ان کا دسواں حصہ بھی نہ لکھ پاتا کیونکہ آپ کی آیات و صفات ان چمکتے ستاروں سے بھی کہیں زیادہ ہیں۔ ( فرمانِ امام تاجُ الدین سبکی رحمۃُ اللہ علیہ )   

 ( رسائل میلاد مصطفیٰ  ( نثرالدرر علی مولد ابنِ حجر ) ، ص75 )

جس کو جو ملااسی در سے ملا!

     ازل سے ابد تک ارض وسماء میں اولیٰ وآخرت میں دین ودنیا میں روح وجسم میں چھوٹی یا بڑی ، بہت یا تھوڑی ، جو نعمت و دولت کسی کو ملی یا اب ملتی ہے یا آئندہ ملے گی سب حضور کی بارگاہِ جہاں پناہ سے بٹی اوربٹتی ہے اورہمیشہ بٹے گی۔ ( فرمانِ امامِ اہل سنت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ )   ( فتاویٰ رضویہ ، 30 /  141ملخّصاً )

فیضانِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم جاری ہے

نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا عطافرمانا ، گناہوں سے پاک کرنا ، ستھرا بناناصرف صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے خاص نہیں بلکہ قیامِ قیامت تک تمام اُمَّتِ مرحومہ حضور (  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) کی ان نعمتوں سے محظوظ ( فائدہ اٹھانے والی )  اورحضور کی نظرِ رحمت سے ملحوظ ( یعنی نظروں میں )  رہے  ( گی ) ۔  ( فرمانِ امامِ اہل سنت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ )   ( فتاویٰ رضویہ ، 30 / 411 )

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، شعبہ سیرت مصطفے المدینۃ العلمیہ   اسلامک ریسرچ سینٹر   ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code