
101سالہ عُرسِ اعلیٰ حضرت25صفرُالمظفر کو اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنّت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کا عُرس مبارک عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔ دعوتِ اسلامی کے زیرِ اِہْتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی عرسِ اعلیٰ حضرت منایا گیا۔ ماہِ صَفرُ المظفر کا چاند نظر آتے ہی مدنی چینل کے مقبول سلسلے ’’فیضانِ اعلیٰ حضرت‘‘ کا آغاز ہوگیا جس میں نہایت دِل نشین انداز میں اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے فضائل و مَناقب کا بیان ہوتا رہا۔مقابلہ ذوقِ نعت کا سلسلہ بھی ہوا جس میں مختلف جامعاتُ المدینہ کے طَلَبۂ کرام نے حصہ لیا،فائنل جامعۃُ المدینہ فیضانِ بخاری (کراچی) نے جیتا جنہیں قیمتی تَحائف سے نوازا گیا۔ 25صَفرُ المظفر کو عالَمی مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں اعلیٰ حضرت کے 101 سالہ عُرس کی مناسبت سے اجتماعِ ذکر و نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطّاری مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا، بعد از بیان جامعۃُ المدینہ سے فارغُ التّحصیل علمائے کرام کَثَّرَھُمُ اللہُ کی دستار بندی کاسلسلہ ہوا۔ دستارِ فضیلت اجتماعات جامعاتُ المدینہ (دعوتِ اسلامی) سے سال 2019ء میں 750طلبۂ کرام نے درسِ نظامی (یعنی عالم کورس) مکمل کرنے کی سعادت پائی۔ ان طَلَبہ کے اعزاز میں 25 صفرُالمظفر 1441ھ کو اعلیٰ حضرت کے 101 سالہ عُرس کے موقع پر کراچی، حیدرآباد، ملتان، اوکاڑہ، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کے مَدَنی مَراکزمیں دستارِ فضیلت اجتماعات کا انعقاد کیاگیا جن میں مفتیانِ کرام و عُلَمائے کرام، نگرانِ شوریٰ، اراکینِ شوریٰ، اساتذہ و طلبۂ کرام، طلبہ کے سرپرستوں اور ہزاروں کی تعداد میں اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ کراچی میں212، لاہور میں 200، ملتان شریف میں 94،فیصل آباد میں 60،اوکاڑہ میں 67، وفاقی دارُالحکومت اسلام آباد میں 55، حیدرآباد میں 43 اور گوجرانوالہ میں19فارغُ التحصیل اسلامی بھائیوں کی دستار بندی کی گئی۔ دعوتِ اسلامی کے تحت 1995ء سے لے کر 2019 تک 775 جامعاتُ المدینہ قائم ہوچکے ہیں اور اب تک 4ہزار سے زائد اسلامی بھائی درسِ نظامی (یعنی عالم کورس) مکمل کر چکے ہیں۔عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہونے والے مدنی کام ٭مجلسِ تاجران برائے گوشت کے تحت 4اور 5نومبر 2019ء کو 2دن کا سنّتوں بھرا اجتماع مُنْعَقد ہوا جس میں پاکستان کے مختلف شہروں سے سلاٹر ہاؤس، مویشی منڈی، چمڑا منڈی، مٹن، بیف اور چکن کا کام کرنے والے 450 اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مَدَنی مُذاکروں جبکہ اراکینِ شوریٰ و مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے سنّتوں بھرے بیانات کے ذریعے ان اسلامی بھائیوں کی تربیت کی جبکہ مختلف مدنی حلقوں کے ذریعے اہم شَرعی مسائل بھی بیان کئے گئے ٭4نومبر 2019ء کو حیدآباد ریجن اور گوادر زون کے ذمّہ داران کا مَدنی مشورہ ہوا جس میں نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطّاری نے صفائی ستھرائی اور دیگر معاملات پر شُرَکا کی تربیت کی اور مدنی کاموں میں فَعّال (Active) ہونے کا ذہن دیا۔ ایصالِ ثواب اجتماعات برائے اُمِّ عطّار امیرِاہلِ سنّت مولانامحمد الیاس عطّاؔر قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی والدۂ محترمہ کے ایصالِ ثواب کے سلسلے میں مجلس ازدیادِ حُب کے تحت پاکستان بھر میں ایصالِ ثواب اجتماعات منعقد کئے گئے۔ مجلس ازدیادِ حُب کی جانب سے ملنے والی کارکردگی کے مطابق کراچی ریجن میں 24 مقامات پر ہونے والے اجتماعات میں کم و بیش 2000، حیدرآباد ریجن میں24 مقامات پر ہونے والے اجتماعات میں کم وبیش 1500، لاہور ریجن میں 26 مقامات پر ہونے والے اجتماعات میں کم وبیش 1500، فیصل آباد ریجن میں12 مقامات پر ہونے والے اجتماعات میں کم و بیش 800، ملتان ریجن میں35 مقامات پر ہونے والے اجتماعات میں کم و بیش 4800 اور اسلام آباد ریجن میں 12مقامات پر ہونے والے اجتماعات میں کم و بیش 800 یعنی ٹوٹل 133 مقامات پر 11ہزار 400 سے زائد اسلامی بھائیوں نے شرکت کی سعادت حاصل کی۔مجلس مزاراتِ اولیاء کے مدنی کام ٭حضرت سیّدُنا داتا علی ہجویری (لاہور) ٭حضرت سیّدُنا بہاؤالدّین زَکریا ملتانی (ملتان شریف) ٭حضرت سیّدُنا شاہ عبداللطیف بھٹائی (بِھٹ شاہ،سندھ) ٭حضرت شاہ سلیمان تونسوی (تونسہ شریف) ٭حکیمُ الاُمّت مفتی احمد یار خان نعیمی (گجرات) ٭حضرت علّامہ سیّد افسر علی شاہ قادری نقشبندی (کھاتہ چوک حیدرآباد) ٭خلیفہ و مرید مُحدّثِ اعظم پاکستان، حافظ ابوالخیر محمد ظہور احمد قادری رضوی نوری( کدھر شریف منڈی بہاؤالدین) ٭حضرت پیر غلام محمد قادری المعروف امام جلوی سرکار ڈھڈی والا (فیصل آباد) ٭نائبِ مُحدّثِ اعظم پاکستان حضرت علّامہ مولانا عبدالرشید رضوی قادری (سمندری، پنجاب) ٭استاذُالعُلَماء غلام نبی سیالوی چشتی (عارف والا) ٭حضرت حافظ عزیزُالرّحمٰن چشتی ( فیصل آباد) ٭حضرت پیر سیّد مراد علی شاہ (قلعہ مرادیہ سیالکوٹ) ٭شیخُ الحدیث و التفسیر حضرت علّامہ مولانا حافظ محمد عالم (سیالکوٹ) ٭حضرت پیر سیّد عاشق حسین المعروف بابو جی سرکار (ملکوال ضلع منڈی بہاؤ الدین) ٭حضرت سیّدُنا محمد اعظم نقشبندی ( حسن ابدال ضلع اٹک) رحمۃ اللہ علیہم اَجْمعین اور دیگر کئی بُزُرگانِ دین و صوفیائے کرام کا سالانہ عرس ماہِ صفرُ المظفر میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ ان بُزُرگانِ دین کے اَعْراس پر دعوتِ اسلامی کی مجلس مزاراتِ اولیاء کے تحت مزارات پر قراٰن خوانیوں کا سلسلہ ہوا جن میں کم و بیش تین ہزار عاشقانِ رسول نے شرکت کی، مزارات کے اطراف میں 140مدنی قافلوں کی آمد کا سلسلہ رہا جن میں ایک ہزار سے زائد عاشقانِ رسول شریک تھے۔ اجتماع ذِکرونعت بھی ہوئے جن میں 9ہزار سے زائد اسلامی بھائیوں نے شرکت کی، اس کے علاوہ 1697مدنی حلقوں، 303مدنی دوروں، 5225 چوک درسوں کا سلسلہ بھی ہوا اور سینکڑوں زائرین کو انفرادی کوشش کے ذریعے نماز اور سنّتوں پر عمل کی دعوت دی گئی۔
Comments