Book Name:Aal e Nabi Ke Fazail
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
اَہْلِ بیت میں کون کون شامِل ہیں؟
حضرت امام فخر الدین رازی رحمۃُ اللہِ عَلَیْہ بیان کی گئی آیت کے تحت فرماتے ہیں: اہلِ بیتِ اطہار کون ہیں، اس بارے میں اقوال مختلف ہیں۔ یہ کہنا اَوْلیٰ ہےکہ سرورِ کائنات صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی تمام اولاد، آپ کی ازواجِ مطہرات اہلِ بیت ہیں۔ حضرت امام حسن و حسین رَضِیَ اللہُ عنہما نیز حضرت مولا علی رَضِیَ اللہُ عنہ بھی ان ہی میں شامِل ہیں۔([1])
ساداتِ کرام جہنّم میں نہیں جائیں گے( اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم!)
پیارے اسلامی بھائیو! یہاں یہ بات خیال میں رہے کہ اَہْلِ بیتِ پاک گُنَاہوں سے محفوظ ہیں مَعْصُوم(Innocent) نہیں ہیں کیونکہ مَعْصُوم صِرْف انبیا اور فرشتے ہی ہوتے ہیں۔ محفوظ کا مطلب یہ ہے کہ ان سے گُنَاہ ہونا ممکن تو ہے مگر اللہ پاک انہیں گُنَاہوں سے بچا لیتا ہے جبکہ مَعْصُوم کا مطلب ہے: وہ حضرات کہ جن سے گُنَاہ ہونا شرعاً ممکن ہی نہیں ہے۔
پھر یہ بھی یاد رہے کہ ساداتِ کرام میں سے وہ بلند رُتبہ حضرات جو ولیُّ اللہ ہیں جیسے بی بی فاطمۃ الزہرا رَضِیَ اللہُ عنہا ، امام حَسَن وحُسَین رَضِیَ اللہُ عنہما ، ایسے ہی حُضُور غوثِ پاک شیخ عبد القادِر جیلانی، حُضُور داتا گنج بخش علی ہجویری رَحمۃُ اللہِ علیہ ما وغیرہ، یہ تو گُنَاہوں سے محفوظ ہیں، دیگر جو ساداتِ کرام ہیں، ان سے گُنَاہ ہو تو جاتے ہیں لیکن اِنْ شَآءَ اللّٰهُ الْکَرِیْم! پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے صدقے ان کی گُنَاہوں پر پکڑ نہیں ہو گی۔چنانچہ اس ضمن میں عاشِقِ صحابہ و اَہْلِ بیت، اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کے 2 مبارک فرامین سنیئے!