نئے لکھاری
حضرت شعیب علیہ السّلام کی قوم کی نافرمانیاں
* بنتِ اختر عطّاریہ
ماہنامہ ستمبر 2021
الله پاك نے مختلف ادوار میں لوگوں کی اصلاح اور انہیں صراطِ مستقیم پر چلانے کے لئے اپنے انبیائے کرام علیہم الصّلوٰۃ و السّلام بھیجے ، جنہوں نے انہیں بُرے اَفعال و اقوال کو چھوڑ کر ایک اللہ کی عبادت کر نے اور سیدھے راستے پر چلنے کی ہدایت فرمائی ، جن خوش نصیبوں نے ان کی پیروی کی اور ان کے حکم پر عمل کیا وه دنیا و آخرت میں کامیاب ہوگئے اور جنہوں نے نا فرمانی و سرکشی جاری رکھی ، وه عذابِ الٰہی میں گرفتار ہو گئے۔ اللہ پاک نے ایسی قوموں کا ذکر قراٰنِ پاک میں فرمایا ، انہیں میں سے ایک “ قومِ مدین “ ہے۔ اہلِ مدین عرب قوم سے تعلق رکھتے تھے جو کہ اطرافِ شام میں معان کی سرزمین کی ایک بستی مدین کے رہنے والے تھے۔ اللہ پاک نے اپنے نبی حضرت شعیب علیہ السّلام کو ان کی طرف بھیجا مگر اس قوم نے دعوتِ حق قبول نہ کی اور اپنی نافرمانیوں سے باز نہ آئے تو اللہ پاک نے اس قوم کو ذلت ورسوائی کا نشان بنادیا۔
قومِ مدین کی جن نافرمانیوں کا ذِکْر قراٰنِ پاک میں ہے ، وہ یہ ہیں :
* الله پاک پر ایمان لانے والوں کو دھمکا کر روكنا (پ8 ، الاعراف : 86)
* راستے میں بیٹھ کر راہگیروں کو ڈرانا (پ8 ، الاعراف : 86)
* ناپ تول میں کمی کرنا(پ12 ، ھود : 84)
* حضرت شعیب علیٰ نَبِیِّنَا وعلیہ الصّلوٰۃُ والسّلام کا مذاق اُڑانا (پ12 ، ھود : 87)
* نبی کی شان میں گستاخی کے کلمات کہنا۔ (پ12 ، ھود : 91)
جب یہ قوم اپنی نافرمانی اور سرکشی سے باز نہ آئی تو اَللہُ قَہَّار و جَبَّار کے عذاب میں گرفتار ہوئی جس کا ذِکْر قراٰنِ پاک میں ہے ، چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے : )فَاَخَذَتْهُمُ الرَّجْفَةُ فَاَصْبَحُوْا فِیْ دَارِهِمْ جٰثِمِیْنَۚۖۛ(۹۱)( ترجمۂ کنزُ الایمان : تو انہیں شدید زلزلے نے اپنی گرفت میں لے لیا توصبح کے وقت وہ اپنے گھروں میں اوندھے پڑے رہ گئے۔ (پ9 ، الاعراف : 91) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
افسوس صد افسوس! اگر ہم قومِ مدین میں پائی جانے والی خصلتیں دیکھیں اور اپنے معاشرے کا جائزہ لیں تو یہ سب ہمیں اب بھی نظر آئے گا۔
لوگوں کو سیدھی راہ سے روکنا ، چوکوں اور محلوں میں ڈرانا ، دھمکانا اور لوٹ مار کرنا ، ناپ تول میں کمی کرنا الغرض یہ سب ہمارے معاشرے میں بھی عام ہے۔
اے عاشقانِ انبیا! ہمیں چاہئے کہ قراٰن میں مذکور پچھلی قوموں کے حالات سے عبرت حاصل کریں اور اپنی زندگی کو اللہ و رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی فرماں برداری والے کاموں میں گزاریں۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* درجہ ثالثہ ، جامعۃُ المدينہ للبنات ، حیدرآباد
Comments