جانوروں کی سبق آموز کہانیاں

ہاتھی سب کا ساتھی

* مولانا ابو معاویہ عطاری مدنی

ماہنامہ ستمبر 2021

میرا موٹا دوست ، دُبلا کیوں ہوتا جا رہا ہے ، کوئی پریشانی ہے؟ چھوٹے بندر نے درخت سے اُترتے ہوئے کہا۔

ہاں دوست! پریشان ہوں ، سمجھ نہیں آرہا کیا کروں ، موٹے ہاتھی نے اَمرود کے درخت کے نیچے بیٹھتے ہوئے جواب دیا۔

چھوٹا بندر : مجھے بتاؤ! کیا مسئلہ ہے ، میں اس کا حل نکالوں گا آخر تمہارا دوست ہوں ، تمہارا پریشان بیٹھنا مجھے گوارہ نہیں ۔

موٹا ہاتھی : دوست! میں چاہتا ہوں کہ اپنی طاقت کو کسی استعمال میں لاؤں ، اپنا وقت ایسے کاموں میں خرچ کروں کہ جس سے دوسروں کو آرام پہنچے ، ان کی تکلیفیں کم ہوں ، مشکلیں حل ہوں ، لیکن سمجھ نہیں آرہا یہ سب کیسے کروں اور کون سا کام کروں؟

چھوٹا بندر : شاندار میرے دوست شاندار! بہت اچھا سوچا ہے تم نے ، دوسروں کی مدد کرنا اور ان کے کام آنا عمدہ کام ہے۔ میرے پاس اس مسئلہ کا حل تو نہیں ہے لیکن! حکیم کبوتر کے پاس ضرور اس کا حل ہوگا ، کہو تو! اس کے پاس لے چلوں۔

موٹا ہاتھی : ضرور کیوں نہیں ، چلو ابھی چلتے ہیں۔ اس کے بعد دونوں نے حکیم کبوتر کے گھر کی طرف چلنا شروع کردیا۔

کچھ دیر بعد یہ دونوں حکیم کبوتر کے پاس تھے ، حال و احوال کے بعد چھوٹے بندر نے کہا : جناب! یہ میرا دوست پریشان ہے اور اس کی پریشانی دیکھ کر میں بھی پریشان ہوگیا ہوں ، بڑی امید کے ساتھ آپ کے پاس آئے ہیں ، پھر چھوٹے بندر نے حکیم کبوتر کو ساری بات بتادی۔

حکیم نے تسلی دیتے ہوئے کہا : پریشان نہ ہو ، میرے پاس اس کا حل ہے۔ جیساکہ آپ کو بھی پتا ہے کہ جنگل میں ہر طرح کے جانور رہتے ہیں ، کمزور طاقتور ، چھوٹے بڑے ، دُبلے پتلے موٹے ، کسی کو کھانے کی ضرورت تو کسی کو پانی کی ، کسی کو اوپر چڑھنا ہے تو کسی نے نیچے اترنا ہے ، مطلب کہ تم ان سب کے کام آسکتے ہو ، بس تمہیں یہ کرنا ہوگا کہ جنگل کے درمیان والی جگہ میں اپنا گھر بناؤ اور اس کے باہراس طرح کی تختی لگا لو :

 “ ہر وقت مدد کے لئے تیار!! موٹا ہاتھی سب کا ساتھی “

جس کو ضرورت ہوگی وہ آپ کے پاس آجائے گا اور آپ اس کی مدد کردینا ، اس طرح دوسروں کا کام بھی ہوجائے گا اور آپ کی خواہش بھی پوری ہوجائے گی۔

بہت خوب ، یہ بہترین طریقہ ہے ، دونوں دوستوں نے حکیم کبوتر کا شکریہ ادا کیا اور وہاں سے تختی لےکر بتائی ہوئی لوکیشن کے لئے روانہ ہوگئے۔

پیارے بچّو! فلاحی کام کرنا ، اللہ پاک کی مخلوق کی خدمت کرنا ، ان کی پریشانی کے حل کے لئے خود کو مصروف رکھنا بہت اچھا کام ہے ، ہمیں اس میں ضرور حصہ لینا چاہئے لیکن مخلوق کی خدمت کی وجہ سے خالق کی بندگی کو نہیں بھولنا چاہئے ، اس کے احکام پر عمل کرنا چاہئے اور اس کی باتوں کو ماننا چاہئے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، شعبہ بچوں کی دنیا (چلڈرنز لٹریچر) المدینۃ العلمیہ ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code