پیغاماتِ امیرِ اہلِ سنّت
امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا پیغام حسن رضا عطّاری کے قاری صاحب کے نام
ماہنامہ ستمبر 2021
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے (تقریباً 5سال کے) رضاعی (دودھ کے رشتے کے) پوتے “ حَسَن رضا عطّاری “ نے 18جون 2021ء جمعۃُ المبارک کے دن قاری صاحب کو بہت اچھا سبق سنایا۔ قاری صاحب نے واٹس ایپ کے ذریعے امیرِاہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کو “ حسن رضا عطّاری “ کی کارکردگی کچھ اس طرح پیش کی :
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مَا شآءَ اللہ! حسن رضا عطّاری نے آج تلفظ کی رعایت اور قَلْقَلہ کی اچھی ادائیگی کے ساتھ بہت ، بہت ، بہت زبردست سبق سنایا ہے۔ پیچھے کا سبق بھی بہت اچھا سنایا ہے۔ مَا شآءَ اللہ بڑی Accuracy (درستگی) کے ساتھ سبق سنایا ہے۔ لِلّٰہِ الْحَمْد
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس کے جواب میں فرمایا :
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
“ جُمُعہ مبارَك “
مَا شآءَ اللہ! آپ نے (تقریباً5سالہ) حسن رضا کے بارے میں اچھا پڑھنے کے حوالے سے بہت پیاری باتیں بتائیں ، اَلحمدُلِلّٰہ! دل خوش ہوا۔ اللہ پاک آپ کو بے حساب جنّت میں داخلہ دے کر خوش کردے ، آپ کے بیٹے فیضان کو شفا دے کر آپ کو خوش کردے۔ آج جمعۃُ المبارک ہے اور آج حسن رضا نے ایک اور کمال کیا ہے ، جب فجر کا وقت شروع ہوگیا تو میں حاجی علی رضا وغیرہ کو یہ کہنے کے لئے اپنی جگہ سے اٹھا کہ جمعہ کے اِسْتِغفار[1] وغیرہ پڑھ لو۔ میں نے جاکر عرض کردیا ، حسن رضا اس وقت وہاں موجود نہیں تھے ، پھر میں اپنی جگہ پر آگیا۔ حسن رضا میرے پاس آئے اور بولے کہ آپ نے جو ابو کو پڑھایا ہے وہ مجھے بھی پڑھائیں۔ میں نے ان کو جمعہ کا اِسْتِغفار پڑھایا اور میں حیران ہوا کہ انہوں نے بہت کم غلطی کے ساتھ استغفار پڑھا ، پھر خود اکیلے پڑھنے لگے ، میں نے کہا : آپ کو تو یہ پہلے سے یاد ہے! تو بولے : “ نہیں ابھی یاد ہوا ہے۔ “ یہ تو کمال ہوگیا کہ میں نے تین بار پڑھایا اور ان کو یاد ہوگیا پھر خود ہی پڑھا۔ ایک دو جگہ غلطی تھی لیکن بہرحال انہوں نے خود پڑھا۔ پھر یہ استغفار پڑھتے ہوئے چلے گئے۔ مجھے بھی تعجب ہوا کہ مَا شآءَ اللہ آج انہوں نے کمال کردیا۔ اَلحمدُلِلّٰہ! کبھی کبھی یہ اپنے انداز میں نعتیں پڑھتے ہیں ، ذِکْر و اَذکار کرتے ہیں اور اپنے حساب سے تلاوت بھی کررہے ہوتے ہیں۔ اللہ کرے یہ باعمل عالمِ دین ، مفتیِ اسلام ، عاشقِ رسول بنیں ، دعوتِ اسلامی کا خوب کام کریں اور اپنے ماں باپ کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنیں بلکہ پوری دعوتِ اسلامی کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنیں۔ اللہ ان کی حفاظت کرے ، اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔ جَزَاکَ اللہُ خَیْرا۔
[1] جُمعہ کو فجر سے پہلے اِسْتِغفار کی فضیلت : فرمانِ مصطَفٰے صَلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : جو شخص جُمعہ کے دِن نَمازِ فجر سے پہلے تین با ر اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ الَّذِیْ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ وَاَتُوْبُ اِلَیْہِ (ترجمہ : میں اللہ پاک سے مغفرت کا سوال کرتا ہوں کہ جس کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں اُسی کی طرف رجوع کرتا ہوں) پڑھے ، اُس کے گناہ بخش دیئے جائیں گے اگرچہ سمندر کی جھاگ سے زِیادہ ہوں۔ (معجمِ اوسط ، 5 / 392 ، حدیث : 7717)
Comments