Book Name:Dam Dam Dastgeer

پیارے اسلامی بھائیو! اس آیتِ کریمہ میں کتنے واضِح لفظوں میں فرمایا گیا ہے کہ جو  اللہ  کے ہو گئے ہیں، تم اُن کے ہو جاؤ! جنہوں نے ساری زندگی محبّتِ اِلٰہی میں گزار دی، تم اپنے دِلوں کو اُن کے ساتھ وابستہ کر دو! اور دُنیا سے نگاہیں ہٹا کر اپنی نظر  اللہ  والوں پر جما دو...!!

سُبْحٰنَ  اللہ ! اسی لیے تو ہم کہتے ہیں:

دَمْ دَمْ دستگیر، غوثِ اعظم میرے پیر

یعنی ہر ہر سانس پر غوثِ پاک  رحمۃُ  اللہ  علیہ  کا ذِکْر ہے، کیوں...؟ اِس لیے کہ آپ ولیوں کے سردار بھی ہیں، مجھ گنہگار کے پیر دستگیر بھی ہیں۔

عبد القادِر کے اجتماع میں جایا کرو!

بَہْجَۃُ الْاَسْرَار شریف حُضُور غوثِ پاک  رحمۃُ  اللہ  علیہ  کی سیرت پر لکھی گئی انتہائی معتبر کتاب ہے، اِس کتاب میں روایت ہے: حضرت خِضر  علیہ السَّلام  جو  اللہ  پاک کے نبی ہیں، ابھی تک ظاہِری زندگی کے ساتھ زندہ و حیات ہیں، آپ پر موت کا وعدہ ابھی تک طاری ہی نہیں ہوا، روایت ہے: جب حضور غوثِ پاک  رحمۃُ  اللہ  علیہ  کا اجتماعِ پاک سجتا تو شفقت فرمانے کے لیے حضرت خضر  علیہ السَّلام  بھی اُس اجتماعِ پاک میں تشریف لایا کرتے تھے۔

آپ فرماتے ہیں: جو کوئی بھی اپنی اصلاح کرنا چاہتا ہے (یعنی کوئی اپنے آپ کو سُدھارنا چاہتا ہے، گناہوں سے چھٹکارے کا خواہش مند ہے، باطِن  کی غلاظت کو دور کرنا چاہتا ہے) وہ عبدُ القادر کے اجتماع میں لازِمی شرکت کیا کرے۔([1])

مفتِی شرع بھی ہے، قاضی مِلّت بھی ہے  علمِ اَسرار سے ماہر بھی ہے عبدالقادر


 

 



[1]... بَہْجَۃُ الْاَسْرَار،  ذکر وعظہ، صفحہ:183 مفصلًا۔