Book Name:Faizan-e-Ghous-ul-Azam
مکتبۃ المدینہ کی کتاب”اِسْلامی زِندگی“میں بچوں کی پَرْوَرِش کا اِسْلامی طریقہ لکھا ہے،جس کا خلاصہ یہ ہے:٭جب بچہ بولنے کے لائق ہو تو اُسے اللہ پاک کا نام سکھاؤ،پہلے مائیں اللہ اللہ کہہ کر بچّوں کو سُلاتی تھیں،مگر افسوس!اب تو طرح طرح کے میوزک والے کھلونے بچے کے پاس رکھے جاتے ہیں۔٭ جب بچہ سمجھ دار ہوجائے، اُس کے سامنے ایسے کام نہ کئے جائیں جن سے بچوں کے اَخْلاق پر اثر پڑے۔کیونکہ بچے اپنے سامنے کئے جانے والے کاموں کی نقل کرتے ہیں۔ لہٰذا ان کے سامنے نماز پڑھیں،قرآنِ کریم کی تلاوت کریں تاکہ ان میں بھی یہ عادات پیدا ہوں۔ ٭جب بچے کافی سمجھدار ہوجائیں تو انہیں کلمے،نماز،ایمانِ مُجْمَلْ،ایمانِ مُفَصَّلْاور وضو،غسل وغیرہ کےاحکام سکھائے جائیں۔(اسلامی زندگی ، ص ۳۰،ملخصاً)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے پیارے اسلامی بھائیو!بچوں کی تربیت کے لیے ایک پیارا اور ایسا آسان طریقہ ہے کہ اگرہرگھرمیں یہ طریقہ رائج ہوجائے،گھر کے بڑے یاسرپرست اِس طریقے کو نافذکریں تو اللہ پاک کی رحمت سے اُمید ہے کہ ہمارے بچے ،چھوٹی عمرسے ہی اللہ اللہ اللہ کرنا سیکھیں گے،نعتیں گُنگنائیں گے،دُرودوسلام پڑھیں گے،یہ طریقہ اپنانے کی بَرَکت سے بچوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ ہر گھر میں سُنّتوں کی بہاریں آنا شروع ہو جائیں گی،یہ طریقہ اپنانے کی بَرَکت سے ہرگھر امن کا گہوارہ بنتا چلا جائے گا،یہ طریقہ اپنانے کی بَرَکت سے گھر سے بَلائیں اور مصیبتیں دُورہوں گی۔ عاشقانِ رسول یہ سوچ رہے ہوں گے کہ آخر وہ کون سا طریقہ ہے کہ جس کو نافذ کرنے سے اِتنی ساری برکتیں نصیب ہو سکتی ہیں،گزارش ہے کہ تمام اسلامی بھائی اِس طریقے کو اپنے گھر میں نافذ کریں تاکہ ہمارے بچوں کی تربیت بھی ہو اور وہ شروع سے ہی اللہ اللہ اللہ کرنے والے بن جائیں۔