Book Name:Quran Aur Farooq e Azam

    بَس یہیں تک پڑھا تھا کہ قرآنِ کریم نے اپنا اَثَر دکھا دیا ، حضرت عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کا دِل پگھل گیا ، دِل میں نورِ ایمان پیدا ہوا ، بارگاہِ رسالت میں حاضِر ہوئے ، کلمہ پڑھا اور ساتھ ہی مسلمانوں نے اس زور سے نعرۂ تکبیر لگایا کہ حرمِ کعبہ تک اس کی گونج جا پہنچی۔ یُوں حضرت عمر فاروق اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ دائرۂ اسلام میں داخِل ہو گئے۔ ([1])

 اے عاشقانِ رسول !دیکھئے! حضرت عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کا قرآنِ کریم کے ساتھ کیسا گہرا تعلق ہے ، صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان میں بعض وہ ہیں جو معجزات دیکھ کر مسلمان ہوئے ، بعض اَخْلاقِ مصطفےٰ سے مُتَاَثِّر ہو کر مسلمان ہوئے ، بعض دلائل سُن کر ، اسلام کی سچائی دیکھ کر مسلمان ہوئے ، بعض صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان مثلاً حضرت ابو بکر صدیق رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ بغیر کسی دلیل کے ، بغیر معجزہ دیکھے ہی مسلمان ہوئے ، بعض صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان قرآنِ کریم سُن کر ، قرآنِ کریم پڑھ کر مسلمان ہوئے ، یہ جو قرآنِ کریم پڑھ کر ، سُن کر مسلمان ہونے والے ہیں ، ان میں سرِ فہرست نام حضرت عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کا ہے ، ایک روایت میں ہے : جب آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی بہن نے آپ کو قرآنِ کریم دیا ، آپ نے کھولا ، پڑھنا شروع کیا تو جیسے جیسے آپ پڑھتے جاتے تھے ، آپ پر لرزہ طارِی ہوتا جا رہا تھا ، آخر ایمان آپ کے دِل میں اُتر گیا اور آپ کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو گئے۔ ([2])

رسول اللہ نے فاروق کو اللہ سے مانگا       عطاءِ رَبِّ سُبْحَاں حضرتِ فاروق اعظم ہیں

چُنا اس پاک نے دیں کے لئے اس پاک ستھرے کو                    حبیبِ دِین داراں حضرتِ فاروق اعظم ہیں

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                               صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد


 

 



[1]...اِتِّحَافُ الْخِیَرَۃِ الْمِھَرَۃ ، کتاب : الفضائل ، باب : فضائل عمر ، جلد : 9 ، صفحہ : 221تا222 ، حدیث : 8865خلاصۃً۔

[2]...مُسْنَدِ بَزَّار ، جلد : 1 ، صفحہ : 401 ، حدیث : 279ملتقطاً۔