Book Name:Quran Aur Farooq e Azam

“ خَتْمِ نبوت “ کی زبردست دلیل  

پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی حدیثِ پاک ہے : لَوْ کَانَ بَعْدِی نَبِیًّا لَکَانَ عُمَر اگر میرے بعد کوئی نبی ہوتا تو ضرور عمر ہوتا۔ ([1])

سُبْحٰنَ اللہ!  کیا شان ہے ہمارے پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی۔ یہ حدیثِ پاک خَتْمِ نبوت کی بھی دلیل ہے اور الحمد للہ! عِلْمِ غیب کی بھی بہت پیاری دلیل ہے۔ دیکھئے! مِثَال کے طور پر اگر سُوال کیا جائے کہ جس جگہ آج مِینَارِ پاکستان ہے ، اس جگہ بالفرض مِینَارِ پاکستان نہ ہوتا تو کیا ہونا تھا؟  کیا کوئی شخص اس سُوال کا یقینی جواب دے سکتا ہے؟ نہیں دے سکتا ، اگر کوئی کہے گا کہ اس جگہ ہوٹل ہونا تھا تو یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ یہاں ہوٹل نہیں ، مَسْجِد ہونی تھی۔ یعنی کوئی بھی شخص حَتْمِی طور پر نہیں بتا سکتا کہ اگر مِیْنَارِ پاکستان نہ ہوتا تو اس جگہ کیا ہونا تھا۔ اب دیکھئے! اللہ پاک کے آخری نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کے بعد قیامت تک کوئی نبی نہیں آئے گا ، نیا نبی آنا بالکل ناممکن ہے ،    بالفرض اگر نیا نبی آنا ممکن ہوتا تو کون نبی بنتا؟ پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  نے اس کا حتمی جواب اِرْشَاد فرمایا کہ میرے بعد کوئی نبی آنا تو ناممکن ، اگر بالفرض ممکن ہوتا تو پھر حضرت عمر رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ نبی بنتے۔ معلوم ہوا جو ہو چکا اور جو قیامت تک ہونا ہے ، یہ تو غیب جاننے والے آقا ، مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  جانتے ہی ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ جو نہیں ہے ، اگر ہوتا تو کیسے ہوتا ، ہمارے آقا ، سردارِ انبیاء صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  یہ بھی جانتے ہیں۔ سُبْحٰنَ اللہ! یہ ہے عِلْمِ غیبِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ۔


 

 



[1]...مستدرک ، کتاب : معرفۃ الصحابۃ ، لو کان بعدی نبی ، جلد : 4 ، صفحہ : 38 ، حدیث : 4551۔