Book Name:Bilal Habshi Ki 8 Hikayaat
(7) : روزِ قیامت شانِ بلال رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ
ایک روز پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کا ذِکْر فرما رہے تھے ، روزِ قیامت انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کی شان کیا ہوگی ، یہ موضوع تھا ، اس سلسلے میں غیبوں پر خبردار نبی ، مکی مدنی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : حضرت صالِح عَلَیْہِ السَّلَام روزِ قیامت اپنی اونٹنی پر سُوار ہوں گے ، میں بُراق پر سُوار ہو کر آؤں گا ، پھر آپ نے حضرت بِلال رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی جانِب نگاہ اُٹھائی اور فرمایا : بِلال کی یہ شان ہو گی کہ جنّتی اونٹنی پر سُوار ہوں گے ، اذان پڑھتے ہوئے میدانِ محشر میں آئیں گے ، بِلال کی اذان کی آواز سب سُنیں گے ، اس وقت انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کی نِگاہیں بھی بلال پر لگی ہوں گی ، جب بِلال اذان مکمل کر لیں گے تو انہیں جنّتی لباس پہنایا جائے گا۔ انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام اور شُہَداء کے بعد بِلال پہلے شخص ہوں گے جنہیں جنّتی لباس ملے گا۔ ([1])
کیا شان ہے ، کیا شان ہے میرے آقا حضرت بلال رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی! یہ ہے حضرت بِلال رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی دِیْن پر استقامت کا انعام...! پھر ہم کیوں نہ کہیں :
بے دام ہی بِکْ جائیے بازارِ نبی میں اس شان کے سودے میں خسارے نہیں ہوتے
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے اسلامی بھائیو! ہم نے مُؤذِّنِ رسول حضرت بِلال رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی شان و عظمت کا بیان سُنا ، آئیے! آخر میں حضرت بِلال رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی اذان سے متعلق ایک ایمان افروز حکایت سُنتے ہیں :