Book Name:Gharelu Zindagi Ki Sunnatain aur Adaab
مشہور صحابئ رسول ہیں: حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ ۔ آپ کا مَعْمُول مبارَک تھا کہ جب گھر میں داخِل ہوتے یا جب گھر سے باہَر جانے لگتے تو دروازے کے پاس کھڑے ہو جاتے، کہتے: اَمِّی جان...!! اَلسَّلَامُ عَلَيْكِ وَرَحْمَةُ اللَّهِ وَبَرَكَاتُهُ۔ آپ کی اَمِّی جان کہتیں: بیٹا...!! وَعَلَيْكَ وَرَحْمَةُ اللَّهِ وَبَرَكَاتُهُ۔ پِھر آپ کہتے: رَحِمَكِ اللَّهُ كَمَا رَبَّيْتِنِيْ صَغِيرًااَمِّی جان! اللہ پاک آپ پر رحم فرمائے، آپ نے بچپن میں میری خوب دیکھ بھال فرمائی۔ اَمِّی جان فرماتیں: رَحِمَكَ اللَّهُ كَمَا بَرَرْتَنِي كَبِيرًا اللہ پاک تجھ پر بھی رحم فرمائے، تم نے بڑھاپے میں مجھ سے بہت اچھا سلوک کیا۔ ([1])
کتنا پیارا اَنداز ہے۔ کاش! ہم بھی اپنانے میں کامیاب ہو جائیں۔
اللہ پاک کا نام لیجیے!
حدیث شریف میں ہے: جب آدمی گھر میں داخل ہو تے وقت اور کھاناکھاتے وقت اللہ پاک کا ذکر کر تا ہے تو شیطان کہتا ہے: آج یہاں نہ تمہاری رات گزرسکتی ہے، نہ تمہیں کھانا مل سکتا ہے۔ جب انسان گھر میں اللہ پاک کا نام لیے بغیر داخل ہوتا ہے تو شیطان کہتاہے:آج کی رات یہیں گزرے گی۔ پِھر جب کھانے کے وقت اللہ پاک کانام نہیں لیتا تو وہ کہتا ہے : تمہیں ٹھکانہ بھی مل گیا اور کھانابھی مل گیا ۔ ([2])
پتا چلا؛ گھر میں داخِل ہوتے وقت اللہ پاک کا نام بھی لینا چاہیے ، مثلاً گھر میں داخِل ہوتے وقت بِسْمِ اللہ پڑھ لیجیے! اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم! شیطان سے حفاظت رہے گی۔