Book Name:Ghuas e Pak Ki Nashihatain
بیدار ہو جاؤ...! تم تو ایسے غفلت میں ہو جیسے تم نے مرنا ہی نہیں، گویا تمہیں قیامت کے دِن اُٹھایا ہی نہیں جائے گا، گویا اللہ پاک کے حُضُور تمہارا حِسَاب ہی نہیں لیا جائے گا، گویا تم نے پُل صراط سے گزرنا ہی نہیں ہے؟ یہ ہے تمہارا حال...! اور تم مسلمان ہونے کا دعویٰ کرتے ہو...! (یاد رکھو!) یہ قرآنِ کریم ہے، اگر تم نے اس پرعمل نہ کیا تو روزِ قیامت یہ تمہارے خِلاف دلیل ہو گا۔
اے عاشقانِ غوثِ اعظم ! دیکھئے! حُضور غوثِ پاک شیخ عبد القادر جیلانی رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ کی کیسی اعلیٰ، حکمت بھری اور غفلت سے بیدارکر دینےوالی نصیحتیں ہیں، حُضُور غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ ہمارے پِیر ہیں، پیرانِ پیر ہیں، کاش! ہم آپ کی ان نصیحتوں پر عمل کرنے والے بن جائیں۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم
پیارے اسلامی بھائیو! غوثِ پاک کی ان نصیحتوں پر عمل پیرا ہونے کے لئے دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہوجایئے اور 12 دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیجئے، قافلوں میں سفر اور نیک اعمال پر عمل کیجئے۔ شیخ طریقت امیر اہلسنت دَامَت بَرَکاتُہمُ العالیہ کے عطا کردہ ”72 نیک اعمال“ میں سے نیک عمل نمبر 33 یہ ہے کہ کیا آج آپ نے تہجد کی نماز پڑھی؟ یا رات نہ سونے کی صورت میں صلوۃ اللیل ادا کی؟اس نیک عمل پر عمل کی برکت سے اللہ پاک کی احکام پر عمل اور ممنوعہ کاموں سے بچنے نیز نیکیوں کا جذبہ ملے گا۔ اللہ پا ک ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد