ہڈیوں کو کیلشیٔم فراہم کرنے والی غذائیں

کیلشیئم(Calcium) ہڈیوں اور جسمانی نشوونُما(Physical Growth) کے لئے بہت ضروری ہے، اس کی زیادہ مقدار ہڈیوں اور دانتوں میں پائی جاتی ہے ،اس دورِ جدید میں کیلو ریز سے بھر پور غذائیں کیلشیئم کی کمی کاباعث بنتی جارہی ہیں، کیلشیئم کی کمی کی علامات میں سے ہڈیوں کا چٹخنا، ہڈیوں و جوڑوں میں درد، ہاتھوں، پیروں کامُڑجانا شامل ہے۔ ذیل میں کیلشیئم کی کمی کو پورا کرنے والی چند غذائیں ذکر کی جاتی ہیں۔

پتے دار سبزیاں: گوبھی، مَشْرُوم، بُرُوْکلی، ساگ وغیرہ کیلشیئم کی کمی کو پورا کرنے میں بے حد مفید ہیں۔ پھلیاں:یہ انسانی جسم میں کیلشیئم کی بھرپور مقدار فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ مثلاًسیم کی پھلی،گوار کی پھلی، لوبیا کی پھلی وغیرہ میں کیلشیئم کے ساتھ ساتھ پروٹین بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔دودھ:ہڈیوں،جوڑوں، پٹّھوں کومضبوط کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، ایک پاؤ دودھ میں30فیصد کیلشیئم اور وٹامن ڈی(Vitamin D) کی کثیرمقدار موجود ہوتی ہے، اس کے علاوہ دودھ سے بنی ہوئی اشیاء جیسے پنیر، دہی،مکھن وغیرہ بھی جسم کو کیلشیئم فراہم کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ انڈہ:یہ وٹامن کے حصول کا نہایت آسان ذریعہ ہے، دوسرا یہ کہ انڈے کی زَرْدی وٹامن ڈی سے بھرپور ہوتی ہے۔ مچھلی:کا استعمال بھی ہڈیوں میں کیلشیئم کی فراہمی کا ایک ذریعہ ہے۔ ماہِرین کے مطابِق مچھلی بطور ِغذا استعمال کرنے والوں کی عُمریں لمبی ہوتی ہیں،مچھلی میں ایسے اَجْزا بھی ہوتے ہیں جو کسی اور گوشت میں نہیں پائے جاتے، مثلاًاس میں آیوڈین (IODINE) ہوتا ہے جو کہ صحّت کے لئے نہایت اَہَمِّیَّت کا حامِل ہے۔ ہارٹ اٹیک کی روک تھا م کے لئے بھی اسے مفید مانا گیا ہے۔( مچھلی کے عجائبات،ص37ماخوذاً)پالک:ہڈیوں کو ضروری کیلشیئم کی فراہمی کےلئے ہفتے میں کم از کم ایک بار پالک ضرور کھائیں۔پالک میں نہ صرف 25فیصد کیلشیئم ہوتا ہے بلکہ یہ فائبر، آئرن اور وٹامن اے سے بھی بھرپور ہوتی ہے۔ مالٹے کا جوس:مالٹے کا جوس کیلشیئم کے حصول کو آسان بنا دیتا ہے۔تحقیق سے یہ بات ثابت ہے کہ مالٹے کے جوس میں موجود اسکوربک ایسڈ (Ascorbic Acid) جسم میں کیلشیئم کوجذب کرنے کی صلاحیت بڑھا دیتا ہے۔ کیلشیئم والی ادویات کا طریقہ استعمال:قدرتی طریقے سے حاصل ہونے والا کیلشیئم صحت کے لئے زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔ لیکن بعض اوقات کیلشیئم کی کمی کی نشاندہی ہونے کے بعد ڈاکٹر حضرات اس کمی کو پورا کرنے کے لئے ادویات تجویز کرتے ہیں ان کا زیادہ استعمال گُردوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ غذا کے ذریعے کیلشیئم حاصل کرنا ایک بہترین ذریعہ مانا گیا ہے، لیکن پھر بھی بعض اوقات اضافی کیلشیئم کی ضرورت ہوتی ہے۔ خیال رہے کہ اضافی کیلشیئم کو دوسری اَدْوِیات کے ساتھ نہ لیں کیونکہ اس سے دوسری دوائیوں کا اثر کم ہوجائے گا۔ مثال کے طور پر کیلشیئم آئرن اور اینٹی بائیوٹک کا اثرکم کر دے گا ایک وقت میں کیلشیئم ایلیمینٹmg500سے زیادہ نہ لیں۔

نوٹ ہر دوا اپنے طبیب (ڈاکٹریاحکیم)کے مشورے سے استعمال کیجئے۔اس مضمون کی طبی تفتیش حکیم رضوان فردوس عطّاری نے کی ہے۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…محمد جاوید عطاری مدنی


Share

Articles

Comments


Security Code