گرمی کے موسم میں بالخصوص دن کے وقت سایہ حاصل کرنے کے لئے کسی سائبان (Shelter) کے نیچے جگہ مل جانا کسی نعمت سے کم نہیں، ان لمحات میں اگر کوئی ٹھنڈا مشروب پینے کو مل جائے تو کیا ہی بات ہے، لیجئے! ایسے ہی گرم موسم کے لئے ایک پھل کے فوائد آپ کے پیشِ خدمت ہیں جسے کھایا بھی جاتا ہے اور اس کا مشروب بھی استعمال ہوتا ہے، موسمِ گرما کا یہ خاص پھل تربوز ہے۔ لذّت، وٹامنز اور معدنی اَجزا سے مالا مال پھل تربوز میں اعلیٰ سطح کا فولک ایسڈ بیٹا کاروٹین (Folic acid beta carotene)، الیکٹرولائیٹس (Electrolytes)، سوڈیم (Sodium) اور پوٹاشیئم (Potassium) کا بہترین ذخیرہ ہوتا ہے۔ (1)یہ اَجزا صحت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ امراضِ قلب، آرتھرائیٹس، دَمے اور کئی اقسام کے کینسر کی روک تھام میں بڑےہی مددگار ہوتے ہیں (2)مختلف تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ تربوز میں ”لائکو پین“ نامی جزئیات بھی پائی جاتی ہیں جو جسمِ انسانی میں کینسر کی چند اقسام کو پیدا ہونے سے روکنے میں مدد فراہم کرتی ہیں (3)یہ پھل اینٹی آکسیڈنٹ (Antioxidant) کے طور پر بھی کام آتا اور قوّتِ مُدافعَت بھی بڑھاتا ہے (4)نیزاینٹی آکسیڈنٹ جُز جِلد کو سورج کی شعاعوں سے ہونے والے نقصان سے بھی بچاتا ہے اور (5)ڈی ہائیڈریشن (Dehydration) کے لئے مددگار ثابت ہوتا ہے (6)اس میں شامل خصوصی اَجزا تیزابیت اور اسٹریس کو بھی ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں (7)یہ پھل جِلد کی نَمِی اور تروتازگی کو برقرار رکھنے میں بھی مُعاوِن ہوتا ہے (8)اس میں92فیصد پانی ہوتا ہے جوکہ انسانی جسم کو پانی کی کمی کا شِکار نہیں ہونے دیتا (9)یہ شِریانوں اور ہڈیوں کی صحت کے لئے مفید ہے (10)اس میں موجود وِٹامن اے نظر کمزور ہونے سے بچاتا اور(11)وِٹامن بی جسم کی تھکن اُتارنے کا کام کرتا ہے (12)جبکہ وِٹامن اے اور سی جِلد اور بالوں کی حفاظت میں مددگار ہوتا ہے (13)یہ جسمانی چربی کو کم کرتا اور مَسلز کے لئے بھی فائدہ مند ہے (14)جلدی ہضم ہوتا ہے (15)اس کے بیج معدے میں موجود فاضِل مادوں کو خارِج کرتے ہیں (16)یہ نہ صرف مختلف اعضائے جسمانی میں موجود گرمی کے مُضِر اثرات کو کم کرتا ہے بلکہ دماغی گرمی کو بھی دور کرتا ہے (17)مزیدار شربت ایک کپ تربوز، پودینے کی چند پتیاں، ایک چمچ چینی، ایک چمچ لیموں کا رَس اور اَدرک کا چھوٹا سا ٹکڑا بلینڈ کریں اور پی لیں۔ پورا دن سُستی اور کاہلی آپ کے قریب نہیں آئے گی، اِنْ شَآءَ اللہ (18)ہاضِمہ کی بہترین دوا کالی مِرچ، کالا زِیرہ اور نمک باریک پیس کر ایک بوتل میں محفوظ کر لیجئے، تربوز پر چھڑک کر استِعمال کیجئے۔ اِس طرح تربوز کی لذّت میں بھی اِضافہ ہو جائے گا اور وہ ہاضِمہ کی بہترین دوا ثابِت ہوگا اور بھوک بھی چمک اُٹھے گی۔ احتیاطیں رات ہو یا دن تربوز کھا کر اوپر سے پانی نہ پئیں، اسے کھا کر فوراً سوجانے سے ہَیضَہ (Cholera) ہوسکتا ہے، اسی طرح کھٹا اور گلا ہوا تربوز کھانے سےبھی ہیضہ ہوسکتا ہے۔ جس دن تربوز کھائیں چاول ہرگز نہ کھائیں، بلغمی مزاج والے، معدے کے مریض، جن کو پٹھوں میں دَرد ہو، پیشاب زیادہ آتا ہو وہتربوز استعمال نہ فرمائیں، تربوز جب بھی کھائیں خالی پیٹ اور ٹھنڈا کرکے کھائیں۔
نوٹ سَرد مِزاج والے
حضرات تربوز کے استعمال سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرلیں۔
اللہ پاک ہمیں اپنی نعمتیں استعمال
کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا شکر گزار بندہ بھی بنائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ
الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭۔۔۔ماہنامہ
فیضانِ مدینہ،باب المدینہ کراچی
Comments