Book Name:Hazrat Ibraheem Aur Namrood
سیدی اعلیٰ حضرت ، امامِ اہلسنت رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ اپنے آقا ، محبوبِ خُدا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی غُلامی پر اِظْہَارِ فخر کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
میرے آقا کا وہ دَر ہے جس پر ماتھے گِھس جاتے ہیں سرداروں کے
کیسے آقاؤں کا بندہ ہوں رضا بول بالے مِری سرکاروں کے([1])
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کے اَعْلیٰ اَوْصاف
پیارے اسلامی بھائیو! حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام جنہوں نے نمرود کے ساتھ مُنَاظَرہ کیا اور اپنے دلائل کی روشنی میں نمرود کو بےبَس کر دیا ، آپ اللہ پاک کے برگزیدہ نبی اور اللہ پاک کے خلیل ہیں ، ہمارے پیارے نبی ، رسولِ ہاشِمی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام میں سب سے اَفْضَل ہیں ، آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے بعد سب سے بلند رُتبہ حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام ہی کا ہے ، الله پاک نے قرآنِ کریم میں 50 سے زائد مرتبہ آپ کا نام ذِکْر فرمایا اور آپ عَلَیْہِ السَّلَامکے دَرْجنوں اَوصَافِ عالیہ بھی قرآنِ کریم میں ذِکْر کئے گئے ہیں۔ ([2]) آئیے! حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کے چند اعلیٰ اَوْصاف کا ذِکْرِ خیر سنتے ہیں :
(3-1) : حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام حلیم ، اَوَّاہ اور مُنِیْب ہیں
پارہ : 12 ، سورۂ ہُود ، آیت : 75 میں ارشاد ہوتا ہے :
اِنَّ اِبْرٰهِیْمَ لَحَلِیْمٌ اَوَّاهٌ مُّنِیْبٌ(۷۵) (پارہ12 ، سورۃھود : 75)
ترجمہ کنزُ العِرفان : بیشک ابراہیم بڑے تحمل والا ، بہت آہیں بھرنے والارجوع کرنے والا ہے۔