Book Name:Fazail e Hasnain e Karimain
8 ، 9 ، 10 محرم الحرام کو قافلوں میں سفر اختیار فرمائیں۔ قافلوں میں سفر کی برکت سے علمِ دین کا خزانہ حاصل ہوتا ہے نیز دوسروں کی اصلاح کا سامان بھی ہوتا ہے۔
اے اللہ! ہر ماہ 3 دن ، ہر 12 ماہ میں یکمشت ایک ماہ اور عمر بھر میں یکمشت 12 ماہ کے لئے تیری راہ میں سفر کرنے کی تڑپ رکھنے والوں کو اور ان کے صدقے مجھے بھی بے حساب بخش دے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
ترمذی شریف میں ہے : سید الاولیاء ، مولیٰ مشکل کشاء ، شیرِخداحضرت علی المرتضیٰ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ فرماتے ہیں : امامِ حسن رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سِینے اور سر کے درمیان محبوبِ رحمٰن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے بہت مشابہ تھے اور اِمامِ حسین رَضِیَ اللہُ عَنْہُ اِس سے نیچے کے حصے میں رسول اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے بہت مشابہ تھے۔
حکیم الاُمَّت حضرت مُفتی احمد یارخان رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ اس حدیثِ پاک کی شَرح میں فرماتے ہیں : خیال رہے کہ حضرت فاطمہ زہرا رَضِیَ اللہُ عَنْہَا از سرتا قدم(سر مبارک سے قدم مبارک تک) بالکل ہمشکلِ مصطفیٰ تھیں۔ اورآپ(رَضِیَ اللہُ عَنْہَا)کے صاحبزادگان(یعنی حسنینِ کریمین رَضِیَ اللہُ عَنْہُمَا)میں یہ مشابہت تقسیم کر دی گئی تھی ، حضرت امام حسین (رَضِیَ اللہُ عَنْہُ)کی پنڈلی قدم شریف تک اور ایڑی بالکل حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے مشابہ تھی ، حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے قدرتی مشابہت بھی اللہ کریم کی نعمت ہےجو اپنے کسی عمل کو حضور(صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ) کے مشابہ کر دےتو اس کی بخشش ہو جاتی ہے ، تو جسے اللہ پاک اپنے محبوب(صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ)کے مشابہ کرے ، اُس کی محبوبیت کا کیا حال ہو گا۔(مرآۃ ، 8 / 480)