Book Name:Fazail e Hasnain e Karimain
پیارے پیارے اسلامی بھائیو!بیان کردہ واقعے سے جَہاں اَمِیْرُالْمُومنین حَضرتِ علی رَضِیَ اللہُ عَنْہُ کی اپنے شہزادے امام حَسَن رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے مَحَبَّت کاعِلْم ہُوا ، وہیں امام حَسَن رَضِیَ اللہُ عَنْہُ کے بیان کردہ فرمانِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے یہ بھی معلُوم ہُوا کہ پریشانیوں ، مُصِیبَتوں اورآزمائشوں پر صَبْر کرنے والوں کو قِیامَت کے دن ان کے صَبْر کاپُورا پُورا اَجْردِیا جائے گا۔ یادرکھئے!اللہ پاک کے ہر کام میں ہزارہا حِکْمَتیں پَوشِیدہ ہوتی ہیں ، جن کا ہمیں عِلْم نہیں ہوتا۔ لہٰذاہر ایک کے سَامنے اپنی پریشانی ، غریبی ومُفلِسی کا رونا رونے ، اپنے دُکھڑے سُنانے اور تَنگدَسْتی کےسَبَب مَعَاذَ اللہ رَبّ کریم کی ذات پر بے جا اِعتِراضات کرکے اپنی زَبان سے کُفرِیات بکنے کے بَجائے ، اِن آزمائشوں اورتَکلیفوں کا سامْنا کرتے ہوئے صَبْر وتَحَمُّل سے کام لینا چاہئے ، كىونكہ یہ مُصِیبَتیں اور بَلائیں گُناہوں کے كَفَّارے اور دَرَجات میں بَلندی کا باعِثْ ہوتی ہیں ۔
اللہ کےمَحْبُوب ، دانائے غُیُوبصَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نےارشادفرمایا : جب بروزِ قِیامت اَہلِ بَلا (یعنی بیماروں اور آفت زدوں) کو ثَواب عَطا کیا جائیگا ، تو عافِیت والے تَمنّا کریں گے کہ کاش! دُنیا میں ہماری کھالیں قَینچیوں سے کاٹی جاتیں۔ (ترْمِذِی ، ۴ / ۱۸۰ ، حدیث ۲۴۱۰ ، دارا لفکر بیروت)
حکیمُ الْاُمَّت حضر ت مُفتِی احمد یارخان رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ اس حدیثِ پاک کے الفاظ’’ کاش! دُنیا میں ہماری کھالیں قَینچیوں سے کاٹی جاتیں‘‘کے تحت فرماتے ہیں : ’’یعنی تمنّا وآرزُو کریں گے کہ ہم پر دُنیامیں ایسی بیماریاں آئی ہوتیں ، تاکہ ہم کو بھی وہ ثواب آج ملتا جو دوسرے بیماروں اور آفت زَدوں کو مل رہا ہے۔ ‘‘(مرآۃ ، ۲ / ۴۲۴)
حَسَنَیْنِ کَرِیْمَیْن کی آپس کی مَحَبَّت :