Book Name:Imam Pak Aur Yazeed Paleed

اللہ پاک ہمیں بھی خوفِ خُدا نصیب کرے ، کاش! ہم عاجزی کے پیکر بن جائیں ، کاش! پکّے سچّے حسینی بنیں اور ہمیشہ شریف بَن کر رہیں ، مَظْلُوم تو بھلے ہی بَن جائیں مگر کبھی بھی ظالِم نہ بنیں۔

 اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیِّیْن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ۔  

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                               صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

12 دینی کاموں میں سے ایک دینی کام :

مدرسۃ المدینہ (اسلامی بھائیوں کے لئے)

پیارے اسلامی بھائیو! پکے سچے حسینی بننے کے لئے ، امام حسین رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی سیرتِ پاک کا فیضان حاصِل کرنے کے لئے عاشقان رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے ساتھ وابستہ ہو جائیے۔ الحمد للہ! امام حُسَیْن رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی یاد میں ، کربلا کے اَصْل مقصد پر عَمَل کرنے یعنی بُرائی سے روکنے اور نیکی کی دعوت عام کرنے کے لئے ہزاروں عاشقانِ رسول مدنی قافلوں میں سَفَر کرتے ہیں ، ہم بھی مدنی قافلوں میں سَفَر کی سعادت حاصل کریں ، عَمَلی طَور پر کربلا والوں کی یادمنائیں اور ڈھیروں ثواب حاصِل کیجئے۔

اس کے ساتھ ساتھ دعوتِ اسلامی کے  12 دِینی کاموں میں بھی خوب بڑھ چڑھ کر حِصَّہ لیجئے ، اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! امام حُسَیْن رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کا فیضان نصیب ہو گا اور دِیْن و دُنیا کی ڈھیروں بھلائیاں ہاتھ آئیں گی۔ دَعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں میں ایک دینی کام ہے : مدرسۃ المدینہ (اسلامی بھائیوں کے لئے)۔

ہم جانتے ہیں کہ امام حُسَیْن رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ نےشہادت کے بعد نیزے پر بھی قرآنِ کریم پڑھا تھا مگر آہ! آج حسینی کہلانے والے اُوپر سے دیکھ کر دُرُست قرآن پڑھنا بھی نہیں جانتے ، اس لئے فیضان ِقرآن عام کرنے کے لئے ، مسلمانوں کو تجوید و قراءت کے ساتھ قرآن پڑھنا سکھانے کے لئے مسجدوں ، دکانوں ، سکولوں کالجوں وغیرہ میں اسلامی بھائیوں کے لئے مدرسۃ المدینہ لگایا جاتا ہے ، آپ بھی اس دینی کام میں ضرور حِصَّہ لیجئے!