شان رحمت

سیِّدُ الْمُرْسلین، رَحْمۃٌ لِّلْعٰلَمِيْنَ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی رَحْمت کا دائرہ انتہائی وسیع ہےجس کا احاطہ کرنےکی انسانی عَقْل طاقت نہیں رکھتی۔ آپ کی رحمت صِرْف انسانوں تک ہی محدود نہیں بلکہ تمام عالمین کو شامل ہے جیساکہ فرمانِ باری تعالی ہے:( وَ مَاۤ اَرْسَلْنٰكَ اِلَّا رَحْمَةً لِّلْعٰلَمِیْنَ(۱۰۷)ترجمہ ٔ کنزالایمان : اور ہم نے تمہیں نہ بھیجا مگر رَحْمت سارے جہان کےلئے(پ17، الانبیاء:107) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)اس آیتِ مبارَکہ میں” اَلْعٰلَمِيْنَ“ عُموم پر ہےجو ساری کائنات کی نمائندگی کرتا ہے جس میں ہر شئے شامل ہے۔ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ فرماتے ہیں:عالَم ماسوائے اللہ کو کہتے ہیں جس میں انبیا و ملائکہ سب داخل ہیں۔ اسی لئے اولیائے کاملین فرماتے ہیں کہ ازل سے ابد تک، ارض وسماء میں، اُولیٰ و آخِرت میں، دین ودنیا میں، روح وجسم میں، چھوٹی یا بڑی، بہت یا تھوڑی، جو نعمت ودولت کسی کو ملی یا اب ملتی ہے یا آئِندہ ملے گی سب حضور کی بارگاہِ جہاں پناہ سے بَٹی اور بَٹتی ہے اور ہمیشہ بَٹے گی۔ (فتاویٰ رضویہ،ج 30،ص141ملخّصاً)

آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نبیوں، رسولوں اور فرشتوں  کیلئے رَحْمت ہیں، دین و دنیا میں رَحْمت ہیں، جن واِنس، مومن و کافر، حیوانات، نباتات اور جمادات سب کیلئے رحمت ہیں الغرض عالَم میں جتنی چیزیں داخِل ہیں سب آقا کریم   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی رحمتِ کاملہ ہی سے فیض  پارہی ہیں۔ انبیائے کرام کے لئے رحمت انبیائےکرام کو آپ کى ذاتِ پاک سے ىہ فائدہ ہوا کہ آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور آپ  کی اُمّت ان کى تصدىق کرتے ہیں اور بروز ِ قِیامت ان کی گواہی اور ان کی تصدیق کےساتھ  ساتھ ان کے دشمنوں کى تکذىب کرىں گے۔ (سرورالقلوب،ص90ملخّصاً)

فرشتوں کے لئے رحمت آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی رَحْمت سے فرشتوں کو یہ فائدہ ہواکہ وہ  آپ پر درود بھىجتے ہىں اوراس کی وجہ سے رَحْمت ِ الہی  کے حَقْدار ہوتے ہیں (سرور  القلوب، ص90ملخّصاً) اوربِالخصوص حضرت جبریل امین علیہ السَّلام کو آپ کی رحمت سے خاص حصّہ ملا کہ جب آپ نے حضرت جبرىل امىن علیہ السَّلام سے پوچھاکہ اللہ کریم نے مجھے رحمۃٌ لِّلْعٰلَمِيْنَ کیا، تمہىں مىرى رحمت سے کىا فائدہ حاصل ہوا؟ عرض کى: یَارسولَ اللہ! مىں اپنے انجام سے ڈرتا تھا، جب آپ پر قرآن اُترا اور اللہ نے اس مىں مىرى تعرىف کى تو میرا خوف  بھی ختم ہوا اور حسنِ عاقبت پر مجھے اطمىنان حاصل ہوا۔ (الشفاء،ج 1،ص17ملخّصاً) مسلمانوں کے لئے رحمت تفسیرِ خازن میں ہےکہ آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم مومِن کیلئے دنیا و آخِرت دونوں میں رحمت ہیں۔ (خازن، پ17، الانبیاء، تحت الآیۃ:107،ج 3،ص297 ملخّصاً) معلوم ہوا جو شخص دنیا میں آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر ایمان لائے گا  اسے دونوں جہاں میں آپ کی رَحْمت سے حصّہ ملے گا اور وہ دنیا وآخِرت میں کامیابی حاصِل کرے گا۔ کافروں کےلئے رحمت کافروں کے لئےآپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم دنیامیں رحمت ہیں کہ آپ کی بدولت ان کےدُنیَوی عذاب کومُؤخَّر کر دیا گیا اور ان سے زمین میں دھنسانے کا عذاب، شکلیں بگاڑ دینے کا عذاب  اُٹھا دیا گیا۔ (خازن،پ17، الانبیاء، تحت الآیۃ:107،ج3،ص297 ملخّصاً) منافقوں کے لئے رحمت منافقوں کے حق مىں آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کى رحمت ىہ ہے کہ  وہ آپ کا کلمہ پڑھ کراپنی  جان و مال بچالىتے ہىں اور قتل و غارت سے مَحفوظ رہتے ہىں۔ (الشفاء،ج 1،ص17ملخّصاً) حشر میں رحمت کل بروزِ مَحشر جب نفسا نفسی کا عالَم ہو گا اس وقت بھی آپ   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی رَحْمت  اپنے عُروج پر ہو گی کہ جب لوگ  تکلیف سے تنگ آکر شفیع کی تلاش میں جا بجا پھریں گے، اورانبیائے کرام علیہمُ السَّلام سےصاف  انکارسنیں گے،  انبیا فرمائیں گے ہمارا یہ مرتبہ نہیں ہم سے یہ کام نہیں ہو گا   تم کسی اور کے پاس جاؤ، یہاں تک کہ سب کے بعدآقا علیہ السَّلام کی خدمت میں حاضر ہوں گے۔ آپ علیہ السَّلام اَنَالَہَا اَنَالَہَا فرمائیں گے یعنی میں ہوں شفاعت کے لئے، میں ہوں شفاعت کے لئے۔(فتاویٰ رضویہ،ج 29،ص574 ملخّصاً)

سرورِ کائنات   صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی رَحْمت کا ذکْر اس قدْر وسیع ہے کہ دفتروں کے دفتر کم پڑیں، یہاں بہت مختصر سا ذکر ہوا ، اللہ کریم ہمیں اس  رحیم و کریم آقا کی رَحْمت  سےخوب خوب حصّہ نصیب فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…شعبہ بیانات دعوت اسلامی المدینۃالعلمیہ باب المدینہ کراچی


Share

شان رحمت

شیخ ِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے گزشتہ ماہ درج ذیل مَدَنی رسائل پڑھنےکی ترغیب دلائی اور  پڑھنے  والوں کو دُعاؤں سے نوازا:(1) یا ربَّ السَّادات! جو  کوئی رسالہ ”ساداتِ کرام کی عَظَمت “ کے28صفحات پڑھ یا سُن لے اُس کو سیِّدوں کے نانا جان رَحْمتِ عالمیان صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شفاعت نصیب فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔ کارکردگی:تقریباً2لاکھ44ہزار649اسلامی بھائیوں جبکہ تقریباً1لاکھ68ہزار622اسلامی بہنوں نے یہ رسالہ پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ (2)یاربَّ المصطَفےعَزَّوَجَلَّ! جوکوئی رسالہ”  کراماتِ شیرِ خدا “کے 95 صفحات پڑھ یا سن لے  اسے صَحابہ و اہلِ بیت سے سچّی  مَحبت نصیب فرما۔ ٰامِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔ کارکردگی:تقریباً1لاکھ82ہزار516اسلامی بھائیوں اور تقریباً1لاکھ69ہزار85اسلامی بہنوں نے اس رسالے کا مطالعہ کیا۔ (3) یا ربَّ المصطَفے صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم! جوکوئی رسالہ” نور والا چہرہ“ کے 31 صفحات پڑھ یا سن لے  اُس کی قبر نور والے  چہرے  والے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے روشن فرما۔  ٰامِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ و سلم۔  کارکردگی:تقریباً2لاکھ26ہزار216اسلامی بھائیوں اورتقریباً1لاکھ98ہزار745اسلامی بہنوں نے اس رسالے کا مطالعہ کیا۔  (4) یا ربَّ المصطَفےعَزَّوَجَلَّ  و صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم !جو کوئی رسالہ” وُضُو اور سائنس“ کے 23 صفحات پڑھ یا سن لے  اس کی خطرناک بیماریوں سے حفاظت  فرما۔  ٰامیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔ کارکردگی:تقریباً2لاکھ85ہزار331 اسلامی بھائیوں اور تقریباً 1لاکھ91ہزار732اسلامی بہنوں نے اس رسالے کا مطالعہ کیا۔

 

 


Share