Book Name:Mojiza-e-Mairaj
نبیِّ اکرم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمان ہے : “ (رَمَضان کے بعد)سب سے افضل شعبان کے روزے ہیں ، تعظيم ِرَمَضان کیلئے ۔ “ (شعب الایمان ، باب فی الصیام ، ۳ / ۳۷۷ ، حدیث : ۳۸۱۹ )
اُمّ المُؤمِنِین حضرت عائِشہ صِدّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا بیان فرماتی ہیں ، حُضورِ انور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پورے شعبان کے روزے رکھا کرتے تھے۔ فرماتی ہیں : میں نے عرض کی ، یارَسُولَاللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! کیا سب مہینو ں میں آپ کے نزدیک زیادہ پسندیدہ شعبان کے روزے رکھنا ہے ؟تو رسولِ پاک صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : اللہ کریم اِس سال مرنے والی ہر جان کو لکھ دیتا ہے اور مجھے یہ پسند ہے کہ میرا وَقتِ رُخصت آئے اور میں روزہ دار ہوں۔ (مسندابی یعلیٰ ، مسند عائشہ ، ۴ / ۲۷۷ ، حدیث : ۴۸۹۰)
اللہپاک ہمیں نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے صَدقے کَل کا نفل روزہ ، شعبان اور پھر رَمَضانُ المبارک کے سارے روزے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اے کاش! ہم پورے ماہِ رمضان کا یا آخری دس دنوں کا اعتکاف کرنے میں کامیاب ہو جائیں ، اے کاش! اچھی اچھی نیتوں کے ساتھ دعوتِ اسلامی کے لئے خوب خوب چندہ جمع کرنے کی توفیق مل جائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد