Book Name:Naza aur Qabr Ki Sakhtian-1442
اور جتنی سانسیں باقی ہیں ، ان میں اللہ پاک کو منانے ، اسے راضی کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے فرماتے ہیں :
کیوں رضا کُڑھتے ہو ، ہنستے اُٹھو جب وہ غفار ہے ، کیا ہونا ہے؟([1])
سُبْحٰنَ اللہ! سُبْحٰنَ اللہ! اے عاشقانِ رسول! خوش ہو جائیے! الحمد للہ! ہمارا پیارا اللہ پاک بہت مہربان ، نہایت رحم فرمانے والا ، بہت توبہ قبول فرمانے والا ، سَتّار و غَفَّار ہے اور اس پر مزید مہربانی یہ کہ اُس نے ہم گنہگاروں کو جن آقا ومولیٰ ، مُحَمَّدِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی غلامی میں دیا ہے ، انہیں بھی رَحْمَۃُ لِّلْعَالَمِیْن بنا کر بھیجا ہے۔
پیارے اسلامی بھائیو! ہمارااللہ پاک بےحد مہربان ہے ، اسی لئے تو اس نے اپنے پیارے نبی ، مکی مدنی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے صدقے میں آج کی یہ بابرکت رات عنایت فرمائی ہے ، آج کی یہ رات لَیْلَۃُ الْمُبَارَکَۃ (برکت والی رات) ہے۔ آج کی یہ رات لَیْلَۃُ الْبَرَاءَۃ (نجات کی رات ) ہے ، آج کی یہ رات لَیْلَۃُ الرَّحْمَۃ (رحمت کی رات) ہے۔ آج کی یہ رات لَیْلَۃُ التَّکْفِیْر (گُنَاہ مٹائے جانے کی رات) ہے ، آج کی یہ رات لَیْلَۃُ الْاِجَابَۃِ (دُعائیں قبول ہونے کی رات) ہے ، آج کی یہ رات لَیْلَۃُ الشَّفَاعَۃِ (شفاعت کی رات) ہے ، آج کی یہ رات لَیْلَۃُ الْغُفْرَان (مغفرت کی رات) ہے اور آج کی یہ رات فرشتوں کی عِیْد کی رات ہے۔ امام غزالی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں : جیسے مسلمانوں کے لئے 2 عیدیں ہیں ، ایسی ہی فرشتوں کے لئے 2 راتیں عید کی ہیں ، ایک شَبِ بَرَاءَت (یعنی آج کی رات) اور ایک شَبِ قدر (جو رمضان المبارک میں ہوتی ہے)۔ ([2])