Book Name:Molana Naqi Ali Khan ki 3 Karamat
*ہمیں مسلمان بھائی کا دِل دکھانے سے منع کیا گیا مگر آہ! ہمارے ہی معاشرے میں دنگا فساد ، گالی گلوچ ، لڑائی جھگڑے ، قتل و غارت گری عام ہوتی جا رہی ہے ، *ہمیں حُسْنِ اَخْلاق کا حکم دیاگیا مگر ہم بداخلاقی کے گہرے گڑھے میں گرتے ہی چلے جارہے ہیں ، *ہمیں ایمانداری کا حکم دیا گیا مگر معاشرے میں دو نمبری عام ہے ، غرض؛ وہ احکام جو ہمارے پیارے آقا ، محبوب آقا ، مدنی آقا ، مکی آقا ، دو جہاں کے داتا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ظاہری دُنیا میں تشریف فرما ہوکر ، حیاتِ ظاہِری میں جو ارشادات فرمائے تھے ، ہم اُن احکام پر بھی پُوری طرح عمل نہیں کر پاتے ، اس کے باوُجود دعویٰ ہے کہ ہم بڑے عاشق رسول ہیں۔ امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اپنے نعتیہ دیوان “ وسائِلِ بخشش “ میں فرماتے ہیں :
بےنمازی رہیں ، کچھ نہ روزے رکھیں ان کو کس نے کہا؟ عاشقانِ رسول
عالموں پر ہنسیں ، پھبتیاں بھی کسیں ان کو کس نے کہا؟ عاشقانِ رسول
جو کہ گانے سنیں ، فلم بینی کریں ان کو کس نے کہا؟ عاشقانِ رسول
بدنگاہی کریں ، بدکلامی کریں ان کو کس نے کہا؟ عاشقانِ رسول
کھائیں رزقِ حرام ، ایسے ہیں بدلگام ان کو کس نے کہا؟ عاشقانِ رسول
عہد توڑا کریں ، جھوٹ بولا کریں ان کو کس نے کہا؟ عاشقانِ رسول
جو ستاتے رہیں ، دِل دکھاتے رہیں ان کو کس نے کہا؟ عاشقانِ رسول
گالیاں جو بکیں ، عیب دریاں کریں ان کو کس نے کہا؟ عاشقانِ رسول
داڑھیاں جو منڈائیں ، کریں غیبتیں ان کو کس نے کہا؟ عاشقانِ رسول([1])