Book Name:Farooq e Azam Ki Aajizi o Sadgi

خدمت میں بطورِ تحفہ پیش کردی۔ آپ نے نئی قمیص کو دیکھا ، اس پر ہاتھ پھیرا اور اپنی وہی پیوند والی پرانی قمیص پہن لی اور فرمایا : میری یہ قمیص تمہاری قمیص کے مقابلے میں زیادہ پسینہ چوسنے والی ہے۔ (تاریخ الرسل و الملوک ، ۴ / ۶۴)

قمیص اور تہبند پر پیوند :

کبھی ایسا بھی ہوا کہ آپ کے دونوں کندھوں کے درمیان قمیص پر چارچار پیوند دیکھے گئے۔ (مصنف ابن ابی شیبۃ ، ۱۹ / ۱۳۹ ، رقم ۳۵۵۸۸) کسی نے دیکھا کہ آپ کے کپڑوں میں اوپر تلے تین پیوند ( یعنی کپڑے کے جوڑ) ایک جگہ پر لگے تھے کہ ایک پیوند گل گیا تو اس کے اوپر ایک اور لگالیا ، کسی نے دیکھا آپ نے اپنی خلافت کے زمانہ میں خطبہ دیااور اس وقت آپ کے تہبند شریف میں بارہ پیوند تھے۔ (مرآۃ المناجیح ، ۶ / ۱۰۸) کسی نے دیکھا کہ آپ خانۂ کعبہ کا طواف کررہے ہیں اور تہبند پر بارہ پیوند ہیں۔ (طبقات ابن سعد ، ۳ / ۲۵۰) کسی نے آپ کو نماز کی حالت میں دیکھا کہ تہبند پر کئی پیوند ہیں اور کہیں کہیں اس میں چمڑا بھی لگا ہے۔ (طبقات ابن سعد ، ۳ / ۲۵۰) قحط کے زمانے میں آپ کے تہبند پر 16 پیوند دیکھے گئے۔ (طبقات ابن سعد ، ۳ / ۲۴۳)

دیر سے آنے پر معذرت :

کبھی یوں ہوا کہ آپ کو نماز جمعہ کے لئے تاخیر ہوگئی ، جب آپ تشریف لائے تو لوگوں سے معذرت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا : مجھے اپنی اس قمیص کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے کیونکہ اس کے علاوہ میرے پاس کوئی قمیص نہیں ہے۔ (طبقات ابن سعد ، ۳ / ۲۵۱)

بقدرِ کفایت خوراک :