Book Name:Imam Pak Aur Yazeed Paleed

پھر اسی حِکایت سے اَہَم ترین مدنی پھول جو سیکھنے کو ملا ، وہ ہے : امامِ حَسَن مجتبیٰ اور امامِ حُسَیْن رَضِی اللہُ عَنْہُمَا کی شان و عظمت ، قرآنِ کریم میں ان کا اچھا تذکرہ ہونا۔ جو لوگ قرآنِ کریم کو سمجھتے ہیں ، جو قرآنِ کریم کے رازوں سے واقف ہیں ، جنہوں نے قرآنِ کریم کو پڑھنے سمجھنے کے لئے زِندگیاں لگا دی ہیں ، وہ جانتے ہیں کہ قرآنِ کریم میں حَسَنَیْنِ کَرِیْمَیْن کے کیسے پیارے پیارے اَوْصاف و فضائل کا بیان موجود ہے ، دیکھ لیجئے! ایک عاشِقِ رَسُول ، ماہِر عالِمِ دِین ، پِیْر مِہْر علی شاہ صاحب رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ نے صِرْف بِسْمِ اللہ شریف کی روشنی میں حَسَنَیْنِ کَرِیْمَین رَضِی اللہُ عَنْہُمَا کی زندگی مبارک کا پُورا نقشہ کھینچ دیا۔

 یہ پِیْر مِہْر علی شاہ صاحب رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کا اپنا خوبصُورت ، عالِمَانہ انداز ہے ، ورنہ قرآنِ کریم میں کئی مقامات پر حَسَنَیْنِ کَرِیْمَیْن کا واضِح ذِکْر بھی موجود ہے ، سنیئے!

* پارہ : 22 ، سورۂ اَحْزاب ، آیت : 33 ، ارشاد ہوتا ہے :

اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰهُ لِیُذْهِبَ عَنْكُمُ الرِّجْسَ اَهْلَ الْبَیْتِ وَ یُطَهِّرَكُمْ تَطْهِیْرًاۚ(۳۳)

ترجمہ کنزُ العِرفان : اے نبی کے گھر والو! اللہ تو یہی چاہتا ہے کہ تم سے ہر ناپاکی دُور فرما دے اور تمہیں پاک کر کے خوب صاف ستھرا کر دے۔

طَبَرانی شریف اور مُسْلِم شریف میں حدیثِ پاک ہے ، پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  نے حضرت علی ، حضرت فاطمہ اور حَسَنَیْنِ کَرِیْمَین (رَضِی اللہُ عَنْہُمْ)  کو چادر مبارک میں لے کر یہ آیت تِلاوت فرمائی ، ([1]) ایک روایت میں ہے : آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  نے دُعا کی : مولیٰ! یہ میرے اَہْلِ بیت ہیں ، انہیں خوب ستھرا فرما دے۔ ([2])


 

 



[1]...مسلم، کتاب:فضائل الصحابۃ، باب:من فضائل علی بن ابی طالب، صفحہ:940، حدیث:2404۔

[2]...ترمذی، ابواب:المناقب عن رسول اللہ، باب:فضل فاطمۃ، صفحہ:871، حدیث:3875۔