Book Name:Data Huzoor Ki Nasihatain
(یعنی ہر وہ چیز جو اللہ پاک سے دُور کرے ، اس ) کی محبت نِکال دینا۔ جو اللہ پاک سے دُور نہ کرے بلکہ اللہ پاک کے قُرْب کا ذریعہ ہو مثلاً ہمارے پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ، اولیائے کرام وغیرہ ایسی جگہ انہیں غَیْرُ اللہ نہیں کہا جاتا۔ خیر! دِل کی صَفَائی کے لئے پہلی ضروری چیز ہے : غَیْرُ اللہ کی محبت دِل سے نکالنا اور (2) : دوسری چیز ہے : دِل کو دُنیا کی محبت سے خالی کر لینا۔ یہ پہلی چیز ہی کی ایک شاخ ہے۔
یہ دونوں چیزیں اَصْل بنیاد ہیں۔ اللہ پاک نے ہمارے پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم کو حکم دیا :
وَ تَبَتَّلْ اِلَیْهِ تَبْتِیْلًاؕ(۸) (پارہ : 29 ، سورۂ مزمل : 8)
ترجمہ کنز الایمان : اور سب سے ٹوٹ کر اسی کے ہَو رَہو۔
ایک بار ایک شخص نے سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی خِدْمت میں عرض کیا : یا رسولَ اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! ایسی نصیحت فرمائیے! جس پر عَمَل کرنے سے میں اللہ پاک کا محبوب بندہ بن جاؤں؟ فرمایا : اِزْہَدْ فِی الدُّنیا یُحِبُّکَ اللہُ دُنیا سے بےرغبتی اختیار کر لو! اللہ پاک تجھ سے محبت فرمائے گا۔ ([1])
مُفَسِّرِ قرآن ، حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں : انسان اَشْرَفُ الْمَخْلُوْقَات ہے ، سب کچھ اس کے لئے پیدا کیا گیا ، اللہ پاک فرماتا ہے :
هُوَ الَّذِیْ خَلَقَ لَكُمْ مَّا فِی الْاَرْضِ جَمِیْعًاۗ- (پارہ : 1 ، سورۂ بقرہ : 29)
ترجمہ کنز الایمان : وہی ہے جس نے تمہارے لیے بنایا جو کچھ زمین میں ہے