Book Name:Aaqa Kareem Ki Ummat Say Muhabbat
گیارہ(11)کی شام کو ورنہ12ویں شَب کو غُسْل کیجئے۔ ہوسکے تو اِس عِیْدوں کی عِیْد کی تَعْظِیم کی نِیَّت سے نیا لباس ، عِمامہ ، سَربند ، ٹوپی ، سَر پر اَوڑھنے کی سفید چادر ، پردے میں پردہ کرنے کے لئے کتھئی چادر ، مِسواک ، جیب کا رومال ، چپّل ، تسبیح ، عِطر کی شیشی ، ہاتھ کی گھڑی ، قلم ، مدنی قافِلہ پیڈوغیرہ اپنے استِعمال کی ہر چیز ممکنہ صُورت میں نئی لیجئے۔ (اسلامی بہنیں بھی اپنی ضَرورت کی جو جو اَشیاء ممکن ہوں وہ نئی لیں)
بارہویں شب اجتِماعِ میلاد میں گزار کربوقتِ صبحِ صادِق اپنے ہاتھوں میں مَدَنی پرچم اُٹھا ئے ، دُرُود و سلام کے ہار لئے ، اشکبار آنکھوں سے صبحِ بہاراں کا استِقبال کیجئے۔ بعد نَمازِ فَجر سلام وعید مبارَک کہہ کر ایک دوسرے سے گرم جوشی کے ساتھ ملاقات فرمایئے اور سارا دن عید کی مبارَکباد پیش کرتے اور عید ملتے رہئے ۔
پیارے پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ ہرپیر شریف کو روزہ رکھ کر اپنا یومِ ولادت مناتے رہے۔ آپ بھی یادِ مصطَفٰے صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ َ میں12 ربیعُ الاوّل شریف کو روزہ رکھ کر مَدَنی پر چم اُٹھائے جُلوسِ میلاد میں شریک ہوں۔ جہاں تک ممکِن ہو باوُضو رہئے۔ لب پر نعتوں کے نغمے سجائے ، دُرُود و سلام کے پھول برساتے ، نگاہیں جھکائے پُر وقار طریقے پر چلئے۔ اُچھل کود مچا کر کسی کو تنقید کا موقع مت دیجئے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے پیارے اسلامی بھائیو!آئیے!ذکر و درود کے بارے میں چند نکات سننے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ پہلے 2فرامین مصطفے صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ملاحظہ کیجئے : (1)فرمایا : اپنے رب کا ذکر کرنے والے اور نہ کرنے والے کی مثال زندہ اور مُردہ کی طرح ہے۔ ( بخاری ، کتاب الدعوات ، ۴ / ۲۲۰ ، حدیث : ۶۴۰۷)