مسلمانوں کے ساتھ بھلائی کیجئے
ماہنامہ فیضان مدینہ مومبر 2022
از : شیخِ طریقت ، امیرِ اَہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ
اللہ پاک کے آخری نبی محمد عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کاارشادِ پاک ہے : ” دین خیرخواہی ہے۔ “ ( مسلم ، ص51 ، حدیث : 196 ) ہمیں مسلمانوں کے ساتھ بھلا ئی کرنی چاہئے ، لیکن ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو چاہتا ہے کہ مال مہنگا ہو اور ہماری کمائی زیادہ ہو ، دوسروں کے چاہے پیٹ کَٹ جائیں مگر ہماری جیبیں اور بینک بیلنس بڑھتے جائیں ، یہ مسلمانوں کا برا چاہنے والی سوچ ہے ، ایسا نہیں کرنا چاہئے۔ البتہ لوگوں کی مختلف کیٹگریز ہوتی ہیں ، آپ کو ایسے نیک لوگ بھی ملیں گے جو تنگی کے زمانے میں اپنا مال اور سستا کردیتے ہوں گے کہ مسلمانوں پر آسانی ہو ، ایسے بھی ہوتے ہوں گے جو ضرورت کی چیزیں غریب لوگوں کو مفت میں د ے دیتے ہوں گے۔ مریضوں کی خدمت اور محتاجوں کی ضرورت پوری کرنے کے لئے تو لوگوں نے بڑے بڑے ادارے بھی بنا رکھے ہیں ( جیسے دعوتِ اسلامی کا شعبہ FGRF ) ۔ مگر ایسے لوگ بھی ہوں گے جو تنگی کے زمانے میں مسلمانوں کو مزید تنگ کرتے ہوں گے ، صرف میڈیکل کی فیلڈ کی بات کی جائے تو اس میں کئی جگہ مَن مانی کی جا رہی ہوتی ہے ، پیسوں کی خاطر لوگوں کی جانوں سے کھیلا جارہا ہوتا ہے۔ سب ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹور والے اگرچہ ایک جیسے نہیں ہوتے مگر ان میں سفید پوش ڈاکوؤں کی کمی بھی نہیں ہے ، بعض ڈاکٹرز کمپنیوں سے کمیشن کے نام پررشوتیں وصول کرنے کے لئے مریضوں کو بلاضرورت مہنگی دوائیاں لکھ دیتے ہیں ، ان سے بلاضَرورت مختلف ٹیسٹ کرواکر ہزاروں لاکھوں روپے کے اَخراجات کروا تے ہیں ، یوں ہی کئی میڈیکل اسٹور والے غیر معیاری اور ایکسپائرڈ میڈیسن چلا کر لوگوں کی صحت اور اپنی آخرت خراب کررہے ہوتے ہیں۔ ایسوں سے میری گزارش ہے کہ پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے دُکھیارے امتیوں کومَت لوٹئے ، ان سے خیر خواہی والامعاملہ کیجئے ، ثوابِ آخرت کمانے کے لئے کم نفع رکھ کر سستے داموں چیزیں انہیں فروخت کیجئے ، بلکہ اگر کوئی غریب مسلمان آجائے تو اس کو اپنی خرید کے بھاؤمیں دے دیجئے۔ اسی طرح اگر کوئی سَیِّد صاحب تشریف لائیں اور ہو سکے تو دِل بڑا کرکے ان کو آدھے بھاؤ میں ہی دے دیجئے کہ یہ میرے آقا زادے ہیں ، بلکہ ممکن ہو تو انہیں مطلوبہ چیز نذرانے ہی میں پیش کر دیجئے۔ اِن شآءَ اللہ الکریم ایسا کرنے سے آپ کنگلے نہیں ہوں گے بلکہ کمائی میں ایسی برکت ہو سکتی ہے کہ آپ کے بنگلے بن جائیں گے۔
؏ اللہ کرے دِل میں اُتر جائے میری بات
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہ علیٰ محمَّد
نوٹ : یہ مضمون 20صَفَر شریف 1441ھ مطابق 19اکتوبر 2019ء اور 13ذیقعد شریف1441ھ مطابق 5جولائی 2020ء کو ہونے والے مدنی مذاکروں کی مدد سے تیار کرکے اور امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے نوک پلک سنورواکر پیش کیا گیا ہے۔
Comments