تعزیت و عیادت
ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر 2022
حضرت سید ابرار میاں نوری شاہ صاحب کے انتقال پر تعزیت
اہلِ جنّت کا افسوس : مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’ فیضانِ نماز ‘‘ صفحہ نمبر 552 پر ہے ، زندگی بےحد مختصر ہے ، اس بات کا صحیح معنوں میں احساس رکھنے والے ایک سانس بھی فالتو گزارنا پسند نہیں کرتے بس ثواب پر ثواب کماتے چلے جاتے ہیں ، اللہ پاک کی یاد اور اس کے ذکر سے کبھی بھی غافل نہیں ہوتے ۔
دوفرامینِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : ( 1 ) آدمی کی جو گھڑی ایسی گزرے جس میں وہ اللہ پاک کا ذکر نہ کر پائے تو قیامت کے دن اسے اس گھڑی پر افسوس ہوگا ( 2 ) اہلِ جنّت کو اُس گھڑی کے سوا کسی شے پر افسوس نہ ہوگا جس میں وہ اللہ پاک کا ذکر نہ کرسکے تھے۔ شرحِ حدیث : حضرت علامہ علی قاری رحمۃُ اللہ علیہ حدیثِ پاک کے اس حصے ”اہلِ جنّت“ کے تحت لکھتے ہیں : جنتیوں کا یہ افسوس قیامت کے دن جنّت میں داخلے سے پہلے ہوگا ، کیونکہ جنّت میں ندامت و افسوس نہ ہوگا۔ ( حرز ثمین شرح حصن حصین ، ص 209 )
عبادت میں گزرے میری زندگانی کرم ہو کرم یاخدا یا الہٰی
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری عُفی عَنہ کی جانب سے
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مجھے یہ افسوسناک خبر ملی کہ سید نواب میاں شاہ صاحب کے فرزندِ محترم اور حضرت مفتی سید شباب شاہ صاحب اور سید فیضان شاہ صاحب کے ابو جان اور سید طاہر شاہ صاحب کے برادرِ محترم خلیفہ و مرید حضور مفتیِ اعظم ہند ، حافظ قاری حضرت سید ابرار میاں نوری شاہ صاحب طبعیت ناساز ہونے کے بعد 13 محرم شریف 1444ھ مطابق 12 اگست 2022ء کو تقریباً 65 سال کی عمر میں خواجہ و رضا و نوری کے ہند میں انتقال فرماگئے۔ اِنَّا لِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن
میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر و ہمت سے کام لینے کی تلقین۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ ط وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
یاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت سید ابرار میاں نوری شاہ صاحب کو غریقِ رحمت فرما۔ الٰہ الْعٰلَمین انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرما۔ یَااَرْحَم الرّٰحِمِین ! ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، تاحدِّ نظر وسیع ہوجائے ، یا ربَّ المصطفےٰ ! نورِ مصطفےٰ کا صدقہ ان کی قبر تا حشر جگمگاتی رہے۔
روشن کر قبر بیکسوں کی اے شمعِ جمالِ مصطفائی
تاریکیِ گور سے بچانا اے شمعِ جمالِ مصطفائی
یا اللہ پاک تمام سوگواروں کو صبرِ جمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما۔ یَاذَا الْجَلالِ وَالْاِکْرام اے عظمتوں عزتوں والے ! میرے پاس جو کچھ ٹُوٹے پُھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان پر اجر عطا فرما ، یہ سارا اجر و ثواب جناب رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عنایت فرما ، بوسیلۂ خَاتَم النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا ثواب مرحوم حضرت سید ابرار میاں نوری شاہ صاحب سمیت ساری امت کو عنایت فرما۔
اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
مولانا قاری زوار بہادر صاحب کے لئے دعائے صحت
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
رنج و غم کو سب سے زیادہ دور کرنے والی چیز : اعلیٰ حضرت ، امامِ اہلِ سنّت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ فرماتے ہیں : ذکرِ الٰہی کے برابر ، غضب و عذابِ الٰہی سے نجات دینے والی ، بلاء غم و پریشانی کو دفع کرنے والی (یعنی دور کرنے والی ) کوئی چیز نہیں ، اللہ پاک فرماتا ہے : (اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىٕنُّ الْقُلُوْبُؕ ( ۲۸ ) ) ترجَمۂ کنزُ الایمان : سن لو اللہ کی یاد ہی میں دِلوں کا چین ہے۔ ( پ13 ، الرعد : 28 ، فتاویٰ رضویہ ، 24/181 ) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَط وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
یاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! مولانا قاری زوار بہادر صاحب کو شوگر ، کان کی تکلیف اور دیگر بیماریوں سے صحتِ کاملہ عاجلہ نافعہ عطا فرما ، یا شَافِیَ الْاَمْراض اے بیماریوں سے شفا دینے والے ! انہیں صحتوں ، راحتوں ، عافیتوں ، عبادتوں ، ریاضتوں ، دینی خدمتوں ، اور سنّتوں بھری طویل زندگی عطا فرما ، یا اللہ پاک ! یہ بیماری یہ تکلیف یہ پریشانی ان کیلئے گناہوں کا کفارہ ، ترقیِ درجات کا باعث ، جنّتُ الفردوس میں بےحساب داخلے اور جنّتُ الفردوس میں تیرے پیارے پیارے آخری نبی ، مکی مدنی ، محمدِ عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوسی بننے کا ذریعہ بن جائے ، یاکَشّاف الکُرَب اے دُکھ درد پریشانی دور کرنے والے ! کربلا والوں کا صدقہ ان کی جھولی میں ڈال دے ، یَااَرْحَم الرّٰحِمِین ! ان کے حالِ زار پر رحم و کرم فرما۔
اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ ! لَابَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ !
مدنی چینل دیکھتے رہئے ، اپنی اچھی اچھی نیتیں ضرور بھجوائیے گا ، ہمت رکھئے گا۔
بےحساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
مختلف پیغاماتِ عطّاؔر
شیخِ طریقت ، امیرِ اَہلِ سنّت ، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اگست 2022ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃ العلمیہ ( اسلامک ریسرچ سینٹر ) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر “ کے ذریعے تقریباً 2666 پیغامات جاری فرمائے جن میں 344 تعزیت کے ، 2039 عیادت کے جبکہ 283 دیگر پیغامات تھے۔
Comments