رسول اللہﷺ کا 3چیزوں کے بیان سے تربیت فرمانا

نئے لکھاری

رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا 3چیزوں کے بیان سے تربیت فرمانا

*سیّد حدیر الحسن

ماہنامہ ستمبر 2024

اللہ پاک کےپیارے پیارے آخری نبی حضرت محمدِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ذات جَوامِعُ الْکَلِم (یعنی مختصر گفتگو اور مفصل معانی) کے وصفِ کمال سے متصف ہے، آپ علیہ السّلام کی متعدد احادیثِ طیبات میں تین چیزوں کے بیان سے تربیت کرنا ملتا ہے۔ اگرچہ تین کا عدد ہے تو مختصر لیکن حضور جانِ عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ان تین چیزوں کی تربیت میں ہزارہا چیزوں کی تربیت اور سینکڑوں مسائل کا حل موجود ہے، ان احادیثِ طیبات میں سے چند درج ذیل ہیں:

(1)تین خصلتوں میں ایمان کی چاشنی:

حضورِ اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جس شخص میں تین خصلتیں ہوں وہ ایمان کی حلاوت (مٹھاس) پالے گا۔ (۱)اللہ و رسول اس کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب ہوں (۲)اس کی محبت کسی بھی بندے سے فقط اللہ ہی کے لئے ہو (۳)وہ کفر میں واپس لوٹنے کو ایسا بُرا جانے جیسا کہ آگ میں ڈالے جانے کو برا جانتا ہے۔(بخاری، 1/17، حدیث: 16)

(2)تین لوگوں سے اللہ کلام نہیں فرمائے گا:

رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: تین قسم کے لوگ ہیں کہ جن سے اللہ پاک گفتگو نہیں کرے گا، نہ قیامت کے روز ان کی طرف نظرِ رحمت فرمائے گا، نہ انہیں (گناہوں سے) پاک کرے گا اور ان کے لئے درد ناک عذاب ہوگا۔ حضرت ابو ذر رضی اللہُ عنہ نے عرض کی: ناکام ہو گئے اور نقصان سے دو چار ہوئے، اے اللہ کے رسول! یہ کون ہیں؟ فرمایا: اپنا کپڑا (ٹخنوں سے) نیچے لٹکانے والا، احسان جتانے والا اور جھوٹی قسم سے اپنے سامان کی مانگ بڑھانے والا۔(مسلم، ص65، حدیث: 293)

(3)تین ممنوعہ چیزوں کی اباحت کا حکم:

فرمانِ آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: میں نے تمہیں تین باتوں سے روکا تھا، اب میں تمہیں ان کے بارے میں حکم دیتا ہوں۔ (1)میں نے تمہیں قبروں کی زیارت سے روکا تھا، اب ان کی زیارت کو جایا کرو۔ بے شک ان کی زیارت میں عبرت اور نصیحت ہے۔ (2)میں نے تمہیں چمڑے کے برتنوں کے علاوہ میں پینے سے منع کیا تھا، تو سب قسم کے برتنوں میں پی سکتے ہو لیکن کوئی نشہ آور چیز مت پیو۔ (3)میں نے تمہیں کہا تھا کہ قربانی کا گوشت تین دن کے بعد استعمال کرنا منع ہے تو اب اسے کھا سکتے ہو اور اپنے سفروں میں اس سے فائدہ اٹھاؤ۔(ابو داؤد، 3/465، حدیث: 3698)

(4)مسلمان کا دل تین چیزوں میں خائن نہیں:

نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: مسلمان کا دل تین چیزوں میں خیانت نہیں کرتا، عمل کو خالصتاً اللہ کے لئے انجام دینا، مسلمانوں کے ائمہ کی خیر خواہی کرنا اور مسلمانوں کی جماعت میں شامل رہنا۔(ابن ماجہ، 1/151، حدیث: 230)

(5)تین چیزوں کا ثواب قبر میں بھی:

 نبیِّ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جب انسان مرجاتاہے تو اس کے عمل کا سلسلہ بند ہوجاتا ہے سوائے تین چیزوں کے: (ا)صدقۂ جاریہ (۲)ایسا علم جس سے لوگ فائدہ اٹھائیں اور (۳)نیک و صالح اولاد جو اس کے لئے دعا کرے۔

(ترمذی، 3/88، حدیث: 1381)

اللہ پاک ہمیں نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعلیمات پر عمل کرنے اور دوسرے مسلمانوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*(درجۂ خامسہ جامعۃُ المدینہ شاہ ابو البرکات مغلپورہ لاہور)


Share