حضرت شعیب علیہ السلام کی قراٰنی نصیحتیں

نئے لکھاری

حضرت شعیب علیہ السّلام کی قراٰنی نصیحتیں

*مدثر علی عطّاری

ماہنامہ ستمبر 2024

انبیائے کرام علیہمُ السّلام کائنات کی عظیم ترین ہستیاں اور انسانوں میں ہیروں موتیوں کی طرح جگمگاتی شخصیات ہیں جنہیں خدا نے وحی کے نور سے روشنی بخشی، حکمتوں کے سر چشمے ان کے دلوں میں جاری فرمائے اور سیرت و کردار کی وہ بلندیاں عطا فرمائیں جن کی تابانی سے مخلوق کی آنکھیں خیرہ ہو جاتی ہیں۔ ان میں سے خطیبُ الانبیاء حضرت شعیب علیہ السّلام بھی ہیں، اللہ پاک نے آپ کو دو قوموں کی طرف مبعوث فرمایا: (1)اہلِ مدین (2)اَصحابُ الاَیکہ۔

حضرت عکرمہ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں: اللہ پاک نے حضرت شعیب علیہ السّلام کے علاوہ کسی نبی کو دو بار مبعوث نہیں فرمایا۔ آپ علیہ السّلام کو ایک بار اہلِ مدین کی طرف بھیجا جن کی اللہ پاک نے ہولناک چیخ اور زلزلے کے عذاب کے ذریعے گرفت فرمائی۔ دوسری بار اَصحابُ الاَیکہ کی طرف بھیجا جن کی اللہ پاک نے شامیانے والے دن کے عذاب سے گرفت فرمائی۔(سیرت الانبیاء، ص 505)

جس طرح اللہ تعالیٰ نے جا بجا انبیائے کرام علیہمُ السّلام کی نصیحتیں قراٰنِ پاک میں بیان فرمائی اسی طرح اپنے پیارے نبی حضرت شعیب علیہ السّلام کی بھی نصیحتیں قراٰنِ پاک میں بیان فرمائی ہیں۔ آئیے چند نصیحتیں ملاحظہ فرماتے ہیں:

(1)اللہ تعالیٰ سے ڈرنے کی نصیحت فرمائی:

(فَاتَّقُوا اللّٰهَ وَاَطِیْعُوْنِ(ۚ۱۷۹))

ترجَمۂ کنزالایمان: تو اللہ سے ڈرو اور میرا حکم مانو۔ (پ19،الشعرآء: 179)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

(2)ناپ تول پورا کرنے کے بارے میں نصیحت:

(اَوْفُوا الْكَیْلَ وَلَا تَكُوْنُوْا مِنَ الْمُخْسِرِیْنَ(ۚ۱۸۱) وَزِنُوْا بِالْقِسْطَاسِ الْمُسْتَقِیْمِ(ۚ۱۸۲))

ترجَمۂ کنزُالایمان: ناپ پورا کرو اور گھٹانے والوں میں نہ ہو اور سیدھی ترازو سے تولو۔ (پ19، الشعرآء: 181، 182)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

(3)زمین میں فساد نہ پھیلانے کی نصیحت:

(وَلَا تَبْخَسُوا النَّاسَ اَشْیَآءَهُمْ وَلَا تَعْثَوْا فِی الْاَرْضِ مُفْسِدِیْنَ(ۚ۱۸۳))

ترجَمۂ کنزالایمان: اور لوگوں کی چیزیں کم کرکے نہ دو اور زمین میں فساد پھیلاتے نہ پھرو۔(پ19، الشعرآء:183)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

(4)اللہ پاک کے خوب جاننے کے بارے میں نصیحت:

(قَالَ رَبِّیْۤ اَعْلَمُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ(۱۸۸))

ترجَمۂ کنزُالایمان: فرمایا میرا رب خوب جانتا ہے جو تمہارے کو تک (کرتوت) ہیں۔ (پ19، الشعرآء:188)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

(5)اللہ پاک کی بندگی کے بارے میں نصیحت:

(وَاِلٰى مَدْیَنَ اَخَاهُمْ شُعَیْبًاۙ-فَقَالَ یٰقَوْمِ اعْبُدُوا اللّٰهَ وَ ارْجُوا الْیَوْمَ الْاٰخِرَ وَلَا تَعْثَوْا فِی الْاَرْضِ مُفْسِدِیْنَ(۳۶))

ترجَمۂ کنزالایمان: مدین کی طرف اُن کے ہم قوم شعیب کو بھیجا تو اس نے فرمایا اے میری قوم اللہ کی بندگی کرو اور پچھلے دن کی اُمید رکھو اور زمین میں فساد پھیلاتے نہ پھرو۔(پ20،العنکبوت: 36)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں حضرت شعیب علیہ السّلام کی نصیحتوں پر عمل کر کے زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*(درجۂ رابعہ جامعۃ المدینہ فیضانِ فاروقِ اعظم سادھوکی لاہور)


Share