فریاد
کام کی باتیں
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطّاری
ماہنامہ ستمبر 2024
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران حضرت مولانا حاجی محمد عمران عطّاری ملک و بیرونِ ملک مختلف اجتماعات میں بیانات اور کانفرنسز میں تربیتی لیکچرز دیتے رہتے ہیں۔ جن میں نصیحت، تربیت، فکر، اصلاح اور روزمَرَّہ زندگی کے کئی پہلوؤں پر سوچنے سمجھنے اور عمل کرنے کے اَہم نکات شامل ہوتے ہیں۔ ذیل میں نگرانِ شوریٰ کے مختلف بیانات اور تربیتی پروگرامز کی گفتگو سے منتخب 15 اَہم نکات ملاحظہ کیجئے:
(1)یقین، اعتماد اور امید یہ ہماری زندگی کے ایسے ستون (Pillars) ہیں کہ اگر یقین ختم ہوجائے، اعتماد ٹوٹ جائے اور امید ختم ہوجائے تو انسا ن کی زندگی اجڑ جاتی ہے۔
(2)اگر آپ نعمتوں کو بڑھانا چاہتے ہیں تو جب بھی گھر کے بارے میں،بچوں کے بارے میں کوئی خوشی ملے تو دو رکعت نفل پڑھ لیجئے یا باوُضو قبلے کی طرف رخ کرکے سجدۂ شکر ادا کرلیجئے، میرا یقین ہے کہ اگر آپ نے یہ عادت بنالی تو نعمتیں آپ کی طرف تیزی سے آنا شروع ہوجائیں گی۔
(3)والد کو چاہئے کہ اولاد کے درمیان برابری (Equality) کا معاملہ کرے مگر جب سب کے لئے کوئی چیز لائے تو بانٹنے میں بیٹیوں سے پہل کرےکہ بیٹیوں کا دل چھوٹا ہوتا ہے، باپ اگر ان سے پہل کرے گا تو وہ خوش ہوجائیں گی اور اس وقت بھائیوں کو بھی برا نہیں لگنا چاہئے بلکہ ان کو تو ہمیشہ اپنی بہنوں کا خیال رکھنا چاہئے اور بہنوں کو بھی چاہئے کہ ان کے خیال رکھنے کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں۔
(4)اگر آپ کے پاس کوئی پریشان حال اُداسی اور مایوسی کی کیفیت میں آئے تو آپ اس کی حوصلہ افزائی کیجئے اسے پریشانی یا مصیبت سے نکلنے کی امید دلائیں اور اسے مایوسی کے اندھیرے سے نکالنے کی کوشش کیجئے کیونکہ وہ ابھی مایوسی کے اندھیرے میں کھویا ہوا ہے اور اسے آپ کی حوصلہ افزائی کی روشنی چاہئے، اللہ نے چاہا تو آپ کی دل جوئی اور ہمت دلانے سے وہ خودکشی سے بچ جائے گا۔
(5)کوئی مشکل کام کرنا ہو تو اپنے دماغ میں یہ بات بٹھالیں کہ ”اگر کوئی مشکل کام کرسکتا ہے تو میں بھی کرسکتا ہوں۔“
(6)بےتوجہی سے مطالعہ کرنا فائدہ نہیں دیتا، اگر کبھی مطالعے کے دوران کہیں سوچوں میں گم ہوجائیں تو جب دوبارہ ذہن کتاب کی طرف آئے تو جہاں سے توجہ ہٹی تھی اسی جگہ سے دوبارہ پڑھنا شروع کیجئے۔
(7)مطالعہ کرتے وقت یہ ذہن ہو نا چاہئے کہ دوبارہ یہ کتاب پڑھنے کا موقع نہیں ملے گا اور توجہ ایسی ہو کہ جب کتاب بند کریں اور کوئی اس کتاب کے بارے میں آپ سے سوال کرے تو آپ اسے بتا سکیں۔
(8)مثبت سوچ (Positive thinking) آپ کو پُرسکون رکھتی ہے اور منفی سوچ (Negative thinking)آپ کو بے چین کرتی ہے، اگر آپ سکون چاہتے ہیں تو اپنی سوچ کو مثبت بنائیے۔
(9)Take an umbrella before it rains (چھتری بارش سے پہلے لے لیا کرو)، اس انگریزی محاورے میں ایک سبق ہے کہ مشکلات آنے سے پہلے ہی ممکنہ حل تلاش رکھنا چاہئے، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ فرماتے ہیں: ”محتاط آدمی سدا سُکھی رہتا ہے۔“(روشنی،EP 01)
(10)کسی بھی معاملے میں مشاورت (Counseling) کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ سب کی طرف سے مختلف رائے آتی ہیں اور پھر سارے مشوروں کو ملاکر کوئی ایک اچھا مشورہ تخلیق پاتا ہے یا بعض اوقات کسی ایک کی رائے ہی ایسی ہوتی ہے جو سب کو پسند آجاتی ہے۔
(11)مہنگائی کو روکنے کیلئے معاشی ماہرین یہ طریقہ بتاتے ہیں کہ جب کوئی چیز مہنگی ہوجائے اور آپ اُسے سستی کرنا چاہتے ہیں تو اس چیز کو خریدنا چھوڑ دیں وہ چیز سستی ہوجائے گی، کیونکہ جب کوئی نہیں خریدے گا تو بیچنے والے کو مجبوراً سستی ہی بیچنی پڑے گی، جیسے فروٹ کی مثال لے لیں کہ صبح کے وقت فروٹ کے دام مہنگے ہوتے ہیں لیکن شام کو جب لوگ گھروں کو جارہے ہوتے ہیں تو فروٹ والے اپنے ریٹ نیچے لے آتے ہیں کیونکہ انہیں پتا ہوتا ہے کہ اگر میں بچا کر لے جاؤں گا تو میرا فروٹ ضائع ہوجائے گا۔
(12)اپنے بجٹ کو کنٹرول کرنے کیلئے غیر ضروری چیزوں کو اپنی ضرورت نہ بنائیں اورکھانے پینے میں اپنے نفس کو کسی چیز کا عادی نہ بنائیں بلکہ معتدل رہیں اور میانہ روی اختیار کریں نیز بچت اور کفایت شعاری کا ذہن بنائیں، اپنے گھر اور کچن وغیرہ کا سروے کریں اور غورو فکر کریں کہ جو چیزیں غیر ضروری ہیں ان سے رُک جائیں۔
(13)کامیاب تاجر وہ ہے جس کو خریدنا آتا ہے، جتنی کم قیمت میں چیز خریدے گا نفع اس کا اپنا ہوگا، مہنگا خریدے گا تو پھنس جائے گا۔
(14)مال میں برکت کا طریقہ یہ ہے کہ اللہ کی راہ میں صدقہ کریں صدقہ، دینے سے مال بڑھتا ہے، نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے قسم کھا کر ارشادفرمایا کہ صدقہ دینے سے مال کم نہیں ہوتا۔(ترمذی،4/145،حدیث:2332) میں نے غریب یا متوسط فیملیزکو بھی یہ ذہن دیا ہے کہ اپنی جیب سے نکال کر اللہ کی راہ میں کچھ دیں، چاہے ایک ہی روپیہ ہو، مٹھی بھر چاول ہوں یا ایک کھجور ہی ہو، پھر دیکھیں اللہ پاک اس کے بدلے کتنا عطا فرماتا ہے۔
(15)اگر آپ خوش رہنا چاہتے ہیں تودوسروں کو خوش رکھنا سیکھیں۔
اللہ پاک ہمیں ان باتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
Comments