پیغاماتِ امیر اہل سنت

رِداپوشی کے موقع پر طالبات کے لئے پیغامِ امیرِ اہلِ سنّت(ضروتاً ترمیم کی گئی ہے)

ماہنامہ جمادی الاولیٰ 1442

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  عُفِیَ عَنْہُ  کی جانب سے تمام  مدنی بیٹیوں کی خدمتوں میں :

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! جامعاتُ المدینہ للبنات سے 1441ھ مطابق 2020ء میں درسِ نظامی اور فیضانِ شریعت کورس کرکے فارغُ التحصیل  ہونے  والی  2319 اسلامی بہنوں کی رِدا پوشی کا سلسلہ ہے۔

مرحبا ، مرحبا ، مرحبا....!

سبھی فارِغات کو ، ان کی معلمات ، ان کے والدین اور سارے خاندان کو بہت بہت بہت مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اللہ کریم آپ سب کو حقیقی عالمۂ دین ، مُفتیۂ اسلام اور دعوتِ اسلامی کی عظیم مُبلغہ بنائے ، آپ کے ذریعے علمِ دین کا فیضان عام کرے اور ایک عالَم آپ سے فیضیاب ہو ، اللہ کریم آپ سب کو خوش رکھے ، شاد و آباد ، پھلتا پھولتا اور مدینے کے سدا بہار پھولوں کے صدقے مسکراتا رکھے ، آپ کو اور آپ کے سارے خاندان کو بے حساب مغفرت سے مشرف فرمائے اور آپ سبھی کے صدقے میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہو۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

میری مدنی بیٹیو! یہ بات ہمیشہ یاد رکھئے کہ درسِ نظامی کر لینے سے یہ ضروری نہیں کہ انسان عالِم بن ہی جائے ، عالِم ہونے کی اپنی شرائط ہیں۔ براہِ کرم! دینی کتابوں کے مطالَعے اور دیگر ذرائع سے عمر بھر علمِ دین حاصل  کرنا جاری رکھئے۔ مکتبۃُ المدینہ کی کتابوں کا مطالعہ بھی کرتی رہیں۔ فتاویٰ رضویہ شریف ، بہارِ شریعت ، احیاءُالعلوم ، کُفریہ کلمات کے بارے میں سُوال جواب ، پردے کے بارے میں سُوال جواب ، فیضانِ سنّت (جلد اوّل) ، غیبت کی تباہ کاریاں ، نیکی کی دعوت ، فیضانِ نماز اور دیگر کُتُب و رسائل پڑھتی رہیں۔ ہر ہفتے ایک دینی رسالے کا اعلان ہوتا ہے ، مہربانی کرکے وہ بھی پڑھا کریں اور جو کچھ علم حاصل کیا اس پر عمل کی بھی ترکیب رہے۔ کاش! دوسروں کو بھی آپ کے ذریعے نیکی کی دعوت پہنچتی رہے۔

آئیے! امام محمد بن محمد بن محمد غزالی  رحمۃ اللہ علیہ  کی انتہائی قیمتی نصیحتیں سنتے ہیں ، چنانچہ فرماتے ہیں : “ ہر علم والے کو چاہئے کہ کسی نہ کسی علاقے ، شہر ، محلے ، مسجد یا کچھ لوگوں کی اصلاح کی ذمّے داری سنبھالے اور وہاں کے رہنے والوں کو علمِ دین سکھائے اور یہ بتائے کہ ان کے لئے کون سی چیزیں (دینی اعتبار سے) نقصان دہ ہیں اور کون سی چیزیں فائدہ مند۔ “ مزید فرماتے ہیں : “ جنہوں نے علم حاصل کیا انہیں چاہئے کہ اس بات کا انتظار کئے بغیر کہ لوگ میرے پاس آئیں ، خود ہی لوگوں کے پاس جا کر نیکی کی دعوت دے۔ انبیائے کرام  علیہمُ السَّلام  نے لوگوں کو ان کے حال پر نہیں چھوڑا ، ان کے پاس جا جا کر انہیں دین کی طرف بُلایا ، ان کے گھروں پر تشریف لے جاتے اور ایک ایک کو ڈھونڈ کر اسے نیکی کی دعوت دیتے۔ “ (دیکھئے : احیاء العلوم (مترجم المدینۃُ العلمیہ) ، 4 / 153ملخصاً)

حدیثِ قدسی میں ہے : اے آدمی! تیری توجہ اپنے کام میں لگی ہوئی ہے حالانکہ تیری پیدائش (Birth) کے دن سے ہر روز تیری عمر گھٹتی جارہی ہے اور تو ہر روز اپنی قبر کے قریب سے قریب تَر ہوتا جا رہا ہے ، عنقریب تو اس میں داخل ہوجائے گا۔        (نصیحتوں کے مدنی پھول ، ص19 ، مکتبۃ المدینہ ملخصاً)

اے میری مدنی بیٹیو! آپ نے بھی اپنے یہاں کی تنظیمی ذمّے دار اسلامی بہنوں کی اطاعت کے ساتھ دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں کے ذریعے خوب خوب خوب نیکی کی دعوت کی دھومیں مچانی ہیں۔ ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماعات (جو عام طور پر بدھ کے دن دوپہر کو ہوتے ہیں ان) میں بھی شرکت کرنی ہے ، اگر ذمّے داران کہیں تو بیان کی بھی سعادت حاصل کرنی ہے۔ تنظیمی طور پر ذمّے داری ملے تو اس کو قبول کرنا ہے ہرگز گِلے شکوے نہیں کرنے کہ میں نے یہ کورس کر لیا ، وہ کورس کر لیا ، یہ سب اَن پڑھ ہیں ، یوں غیبتوں اور دل آزاریوں وغیرہ گناہوں کا سلسلہ طویل ہوسکتا ہے۔ محض اللہ ربُّ العزّت کی رضا کے لئے دعوتِ اسلامی کے طریقِ کار کے مطابق دین کی خدمت جاری رکھنی ہے۔ مدرسۃُ المدینہ (بالغات) بھی پڑھنے پڑھانے کی ترکیب رکھنی ہے ، مدرسۃُ المدینہ (بالغات) نیکی کی دعوت عام کرنے اور مُعاشرے میں قراٰنِ کریم کا نور پھیلانے کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ جو کہ علمِ دین حاصل کرنے کا ایک عمدہ ذریعہ ہے ،  اسے لازماً پڑھا کریں اور ابھی تک بکنگ نہیں کروائی تو کم اَز کم 12 ماہ کی بکنگ ضرور کروا لیجئے۔ زہے نصیب! مزید 12 اسلامی بہنوں کو بھی بکنگ کے لئے تیار کیجئے ، اِنْ شَآءَ اللہ آپ کے لئے ثواب کا انبار لگ جائے گا۔ “ گھر درس “ کی بھی ترکیب کیجئے ، اسی طرح دعوتِ اسلامی کے اسلامی بہنوں کے “ 8مدنی کام “ دل لگا کر جاری رکھئے۔ سب سے نرمی اور حُسنِ اخلاق کے ساتھ پیش آئیے ، والدین کی اطاعت کیجئے اور شریعت کے مطابق زندگی بسر کیجئے۔ اللہ کریم آپ سب پر رحمت کی نظر فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


Share

Articles

Comments


Security Code