پیغاماتِ امیرِ اہلِ سنّت
احیاءُ العلوم پڑھنے کی ترغیب
ماہنامہ نومبر 2021
گزشتہ دنوں کراچی کے حضرت مولانا لیاقت حسین اظہری صاحب کے بیان کا ایک کلپ وائرل ہوا جس میں انہوں نے دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول کی برکتیں بیان کرتے ہوئے اپنے لڑکپن اور دعوتِ اسلامی سے وابستگی کا ذکر فرمایا جس کا خلاصہ کچھ یوں ہے : میں نے 16 یا 17سال کی عمر میں امام غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ کی کتاب “ کیمیائے سعادت “ دو یا تین بار پڑھی ، اس وقت نہ میں عالم تھا اور نہ درسِ نظامی ہی کیا تھا ، اس لڑکپن کی عمر میں امام غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ کی کتاب کو دو یا تین بار پڑھنا یہ دعوتِ اسلامی کے پاکیزہ ماحول کی برکت سے ہے ، چھوٹی عمر میں ہم دعوتِ اسلامی کے ماحول سے وابستہ ہوگئے تھے اور اسی ماحول کی برکت سے ہماری جوانی اور ہماری عزت و عصمت محفوظ رہی۔ اگر آپ کے اوپر کسی کا احسان ہو تو کبھی بھی اپنے محسن کے احسان کو نہیں بھولنا چاہئے۔
جب یہ وڈیو کلپ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ تک پہنچا تو آپ نے آڈیو پیغام کے ذریعے مولانا لیاقت حسین اظہری صاحب کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے فرمایا :
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبَیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفی عنہ کی جانب سے میٹھے میٹھے مدنی بیٹے حاجی لیاقت اظہری کی خدمت میں :
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مَا شآءَ اللہ! آپ کا ایک کلپ وائرل ہوا ہے جس میں آپ نے 16 یا17سال کی عمر میں 2یا3بار “ کیمیائے سعادت “ کا مطالعہ کرنے کا ذکر کیا ہے ، آپ نے تو کمال کردیا بے شک یہ دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول کی برکتیں اور سیّدُنا امام محمد بن محمد بن محمد غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ کا فیضان ہے ، اللہ پاک کی رحمت سے دعوتِ اسلامی میں حضرت امام غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ کی کُتب کا خوب چرچا ہے۔ مجھے قلبی مسرت ہوئی اور مزہ آگیا بلکہ یوں کہئے کہ مزے کو مزہ آگیا کہ حاجی لیاقت اظہری بھی کمال کے آدمی ہیں ، دو ، تین بار “ کیمیائے سعادت “ پڑھی ہوئی ہے۔ میں نے کہا کہ چلو آڈیو پیغام کے ذریعے آپ کی خدمت میں حاضِری دے دی جائے ، حوصلہ افزائی ہوجائے گی۔ اب “ اِحیاءُ العلوم “ پر بھی کچھ نظر ہوجائے ، مکتبۃُ المدینہ نے اس کی اُردو ترجمہ کرکے پانچ جلدیں شائع کی ہیں ، اس میں تخاریج اور حنفی مسائل کی وضاحتیں بھی ہیں۔ آپ کا مطالعہ بہت پہلے کا ہے ، ظاہر ہے کئی باتیں نَسیاً مَنسیاً ہوگئی ہوں گی ، دوبارہ کرم فرما دیں ، مکتبۃُ المدینہ کی “ منھاجُ العابدین “ بھی لے لیں اور دونوں ہی پڑھ لیں۔ “ منھاجُ العابدین “ حجۃُ الاسلام امام غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ کی زندگی کا نچوڑ اور آخِری کتاب ہے ، کرم فرمائیے گا ، مطالعہ کیجئے گا۔ دینی مطالعہ حصولِ علمِ دین کا ایک بہترین ذریعہ اور وہ کتاب صالحین کی ہے تو بہترین صحبتِ صالحین ہے۔ امام محمد بن محمد بن محمد غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ ولیوں کے سردار ، طبقۂ اولیا کے پیشوا اور اپنے دور کے مُجدّد تھے۔
بیٹے! دعوتِ اسلامی آپ کی اپنی دینی تحریک ہے ، کبھی کبھی اجتماع میں تو کبھی مدنی مذاکرے میں تشریف لاتے رہیں اور دوسروں کو بھی ترغیب دلاتے رہیں۔ ماشآء اللہُ الکریم آپ دعوتِ اسلامی کا کس طرح ڈنکا بجا رہے ہیں یہ تو آپ کا کلپ بتا رہا ہے۔ بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
Comments