پیغاماتِ امیرِ اہلِ سنّت
پھول کیوں بناتے ہیں؟
ماہنامہ اگست2021ء
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ تحریر ، آڈیو اور وڈیو پیغام کی صورت میں ہر ہفتے جمعہ کی مبارک باد دیتے اور کوئی ایک رِسالہ پڑھنے / سننے کی ترغیب دلاتے ہیں اور پڑھنے / سننے والوں کو دُعا سے بھی نوازتے ہیں۔ 26مئی 2021ء کو آپ نے تحریر کی صورت میں رِسالہ “ اپنی پریشانی ظاہر کرنا کیسا؟ “ پڑھنے کی ترغیب دلائی اور تحریر کے نیچے پھول بنایا ، جب یہ تحریر امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے سوشل میڈیا پیج پر وائرل ہوئی تو ایک سوشل میڈیا صارف ذوالفقار علی نے کمنٹ کرتے ہوئے کچھ یوں سوال کیا : پیارے باپا جان! اس پر جو پھول بنایا گیا ہے یہ کہیں وقت کا ضیاع تو نہیں بنتا ، اس میں کیسے ثواب حاصل کیا جاسکتا ہے؟ راہنمائی فرما دیں۔ شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس پر ایک آڈیو پیغام میں فرمایا :
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
اللہ پاک آپ کو دونوں جہاں کی بھلائیاں نصیب فرمائے ، اٰمین۔
بیٹے! یہ پھول بنانا زینت کے لئے ہے کہ اس سے اٹریکشن (Attraction) بڑھتی ہے اور عام آدمی یہ دیکھ کر تھوڑا رُکتا ہے اور تحریر پڑھتا ہے۔ اب تو یہ ٹرینڈ (Trend)چل رہا ہے ، مَدَنی چینل پر ایک سے ایک پھول بُوٹے ، سینری ، مَناظِر ، نقش و نِگار بنے ہوتے ہیں اس کو فضول نہیں کہیں گے اور پھر نقش و نِگار کتابوں کے سرِورق (Title Page) اور اندر بھی ہوتا ہے بلکہ ٹائٹل پر اسپیشلی خرچہ کیا جاتا ہے کہ ٹائٹل جتنا خوبصورت ہوتا ہے کتاب کی اہمیت اس سے اتنی ہی بڑھ جاتی ہے ، اسی وجہ سے میں نے یہ پھول بنایا ہے۔ اگر ہر جمعہ ایک ہی طرح اور ایک ہی انداز کی تحریر ہوگی تو ہوسکتا ہے لوگ یہ سمجھیں کہ یہ تو پُرانا ہے۔ یوں ہر بار کچھ نہ کچھ بدل بدل کر دینے کی کوشش ہوتی ہے ، اسی طرح ترغیبی پیغام میں بھی میں کبھی Voice (یعنی آواز) دیتا ہوں تو کبھی وڈیو کے ساتھ پیغام دیتا ہوں تاکہ تبدیل ہوجائے اور یہ نہ لگے کہ یہ پچھلے جمعہ کا ہے ، اس لئے اسے فضول نہیں کہیں گے ، مساجد میں ، گھروں میں نقش و نِگار ہوتے ہیں ، اسے فضول نہیں کہیں گے بلکہ یہ مُباح ہے (یعنی ایسا کام ہے جس کا کرنا نہ کرنا یکساں ہو) جو اچھی نیّت سے ثواب کا کام بن جاتا ہے۔
ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع میں پابندی سے شریک ہوا کریں اور سنّتیں سیکھنے ، سِکھانے کے مدنی قافِلوں میں بھی ہر مہینے تین دن سفر کی سعادت حاصل کیا کریں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد
Comments