باتوں سے خوشبو آئے
نماز کا ثواب
ارشادِ حضرتِ سیِّدُناکعب الاحبار علیہ رحمۃ اللہ الغفَّار: اگر تم جان لو کہ
دورکعت نفل نماز کا ثواب کتناہے تو اسےمضبوط پہاڑوں سے بھی بڑاسمجھواور
فرض نماز کا اجر تم جتنا بیان کر سکتے ہو اللہ عَزَّ
وَجَلَّ کے پاس اس سے بھی زیادہ ہے۔
(حلیۃ
الاولیاء،5/421،رقم:
7596)
عبادت کی بنیاد
٭ارشادِ حضرت سیِّدُنا
امام غَزالی علیہ رحمۃ اللہ الوَالی:ہر عبادت کی بنیاد علم پر ہے۔(منہاج العابدین،ص 16)
علم کے خزانے کیسے حاصل ہوئے؟
٭ارشادِ حضرت سیِّدنا
امام حُلْوانی علیہ رحمۃ اللہ الغنِی: میں نے علم کے خزانوں کو تعظیم و تکریم
کے ذریعے حاصل کیا، وہ اس طرح کہ میں نے کبھی بغیر وُضو کاغذ کو ہاتھ نہیں لگایا۔
(البحر الرائق،1/350)
دولت کی مستی سے پناہ مانگو!
٭ارشادِ حضرت سیِّدُنا
ضِیاءُ الدّین احمد مَدَنی علیہ رحمۃ اللہ الغنِی: دولت کی مَستی سے خدا کی پناہ مانگو، اس
سے بہت دیر میں ہوش آتا ہے۔(سیّدی قطبِ مدینہ،ص 18)
احمد رضا کا تازہ گُلستاں ہے آج بھی
کان بجنے کا سبب
٭کان بجنے کا یہی سبب ہے کہ
وہ آوازِ جانگداز (اُمّتی اُمّتی) اس معصوم عاصی نواز (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم) کی جو ہر وقت
بلند ہے، گاہے (کبھی کبھار) ہم (میں) سے کسی غافل و مدہوش کے گوش (کان) تک پہنچتی ہے، روح اسے اِدْراک
کرتی ہے۔(فتاویٰ رضویہ، 30/712)
علماء کا دیگر مسلمانوں سے زیادہ احترام کیوں؟
٭علماء سادات کو ربُّ العزّت عَزَّوَجَلَّنے اِعزاز و اِمتِیاز بخشا تو ان کا عام مسلمانوں
سے زیادہ اِکرام امرِ شرع کا اِمْتِثَال (یعنی عزت کرنا حکمِ
شریعت پر عمل کرنا) اور صاحبِ
حقّ کو اس کے حقّ کا اِیفا (حقدار کو اس کا حق پہنچانا)ہے۔(فتاویٰ رضویہ،23/718)
خود کو دوسروں سے بڑا سمجھنا تکبر ہے
٭علماء و سادات کو یہ ناجائز و ممنوع ہے کہ آپ اپنے لئے سب
سے اِمتِیاز چاہیں اور اپنے نفس کو اور مسلمانوں سے بڑا جانیں کہ یہ تکبّر ہے اور
تکبّر مَلِک جبّار جلت عظمتہ کے سوا کسی کو لائق نہیں۔(فتاویٰ رضویہ،23/719)
عطّار کا چمن کتنا پیارا چمن
زیتون کے تیل کا فائدہ
٭کولیسٹرول
کے مریضوں کے لئے زیتون شریف کا تیل استعمال کرنا فائدہ مند ہے۔(مدنی مذاکرہ، 4ذوالقعدۃ الحرام 1435ھ)
تھکاوٹ کا علاج
٭تھکاوٹ
ہوجائے تو کىلا کھالیجئے۔ کہا جاتا ہے کہ دوکىلے کھانے سے تقریباً ڈىڑھ گھنٹے کى
توانائى حاصل ہوتى ہے۔
(مدنی مذاکرہ، 5ربیع الاول1439ھ)
اخلاص کی برکت
٭رِیاکاری
سے بچتے ہوئے اِخلاص کے ساتھ نیک اَعمال کرنے کی عادت بنائیے کہ مُخلص شخص 1000پردوں
میں چُھپ کر بھی نیک کام کرے، اللہ پاک اسے لوگوں میں مشہور فرما دیتا ہے۔(مَدَنی مذاکرہ،25ذوالحجۃ الحرام1435ھ)
Comments