سیرتِ نبوی اور دعوتِ اسلامی

چیف ایڈیٹر کے قلم سے

سیرتِ نبوی اور دعوتِ اسلامی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر 2023ء

حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ بہت زیادہ محبّت رکھتے تھے ، رسولِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی جُدائی ان سے برداشت نہ ہوتی تھی۔ ایک روز رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو بہت غمگین تھے ، چہرے کا رنگ بدلا ہواتھا ، آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے پوچھا : تمہارا رنگ کیوں بدلا ہوا ہے ؟  عرض کی : نہ مجھے کوئی بیماری ہے نہ درد ! بس جب آپ کو نہیں دیکھتا تو شدید گھبراہٹ اور بے چینی ہوتی ہے حتی کہ آپ سے ملاقات کا شرف پا لیتا ہوں ، پھر جب آخرت کو یاد کرتا ہوں تو ڈرتا ہوں کہ آپ کا دیدار نہیں کرسکوں گا کیونکہ آپ انبیائے کرام علیہمُ الصّلوٰۃُ والسّلام کے ساتھ اعلیٰ ترین مقام میں ہوں گے ، اللہ کے کرم سے میں جنّت میں داخل ہو بھی گیا تو ایسے مقام میں ہوں گا جو آپ کے بلند مرتبہ و  مقام کے مقابلے میں ادنیٰ ہوگا اور اگر  ( اللہ نہ کرے )  مجھے جنّت میں داخلہ نہ ملا تو آپ کو کبھی نہیں دیکھ سکوں گا۔ اس پر یہ آیتِ کریمہ نازل ہوئی :  ( وَمَنْ یُّطِعِ اللّٰهَ وَالرَّسُوْلَ فَاُولٰٓىٕكَ مَعَ الَّذِیْنَ اَنْعَمَ اللّٰهُ عَلَیْهِمْ مِّنَ النَّبِیّٖنَ وَالصِّدِّیْقِیْنَ وَالشُّهَدَآءِ وَالصّٰلِحِیْنَۚ-وَحَسُنَ اُولٰٓىٕكَ رَفِیْقًاؕ ( ۶۹ ) ) ترجمۂ کنزُالایمان : اور جو اللہ اور اس کے رسول کا حکم مانے تو اُسے ان کا ساتھ ملے گا جن پر اللہ نے فضل کیا یعنی انبیاء اور صدیق اور شہید اور نیک لوگ یہ کیا ہی اچھے ساتھی ہیں۔ (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

 ( تفسیر خازن ، پ5 ، النسآء ، تحت الآیۃ : 69 ، 1 / 400 )

محبتِ رسول تکمیلِ ایمان کی سند ہے ، حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : لَایُؤْمِنُ اَحَدُکُمْ حَتّٰی اَکُوْنَ اَحَبَّ اِلَیْہِ مِنْ وَّالِدِہٖ وَ وَلَدِہٖ وَالنَّاسِ اَجْمَعِیْنَ یعنی تم میں سے کوئی اس وقت تک ( کامل )  مؤمن نہ ہوگا جب تک کہ میں اسے اس کے باپ ، اس کی اولاد ، اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔ ( بخاری ، 1 / 17 ، حدیث : 15 )

انسان جس سے محبت اور عقیدت رکھتا ہے اس کی ذات و صفات ، پسند ناپسند ، ذہنی اور قلبی کیفیات اور معمولاتِ زندگی وغیرہ کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننے کی کوشش کرتا ہے ، اس طرح کی انفارمیشن جمع ہوکر سیرت کی صورت اختیار کرتی ہے ، ایک اُمّتی کیلئے رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت جاننا اور بھی ضروری ہوجاتا ہے کیونکہ یہی تو وہ شخصیت ہیں جن کی پیروی کو بہتر قرار دیا گیا ہے ، قراٰنِ پاک میں ہے :  ( لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ )  ترجمۂ کنزُالایمان : بےشک تمہیں رسول اللہ کی پیروی بہتر ہے۔ ( پ21 ، الاحزاب : 21 )  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

سیرتِ نبوی جاننے کے مثبت اثرات ہماری زندگی پر پڑتے ہیں۔ اَلحمدُلِلّٰہ دعوتِ اسلامی مختلف پلیٹ فارمز مثلاً مدنی چینل ، ویب سائٹ ، وی لاگز ، بلاگز ، رسائل اور کتابوں کے ذریعے سیرتِ رسول کے انوار پھیلانے میں مصروف ہے۔ اس عظیم مقصد میں ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ بھی اپنا حصہ ملاتا ہے۔ اَلحمدُلِلّٰہ ! ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں سیرتِ مبارکہ کے 150 سے زائد مضامین شائع ہوچکے ہیں۔ ماہِ مِیلاد ربیعُ الاوّل 1445ھ کے شمارے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں زیادہ تر مضامین سیرتِ نبوی کے موضوع پر ہیں ، اسی لئے آپ کو روٹین کے بعض عنوانات دکھائی نہیں دیں گے۔ رسولِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی حیاتِ مبارکہ پر تفصیلی ”سیرت نمبر“ بھی مستقبل میں شائع کریں گے ، اِنْ شآءَ اللہ الکریم۔

ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں شائع ہونے والے سیرتِ نبوی کے مضامین کا ایک مجموعہ   بنام ”ربیعُ الاوّل کے 153 مضامین“ گذشتہ سال دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ پر  بھی اپ لوڈ کیا گیا تھا۔ جسے اس کیوآر  کوڈ کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتاہے۔                                                                                                      

                                                                             ابورجب محمد آصف عطّاری مدنی

18 جولائی 2023ء

 


Share