Book Name:Zikr ul ALLAH Ke Khususi Ayyam
ذِکْرُ اللہ کی عادَت کیسے بنائیں
پیارے اسلامی بھائیو! اللہ پاک ہمیں کثرتِ ذِکْر کی توفیق نصیب فرمائے۔ یہ بات ذہن میں رکھیے! ذِکْرُ اللہ کی کثرت آسان کام نہیں ہے۔ اس کے لیے ہمیں بہت قربانیاں دینی پڑیں گی *فُضُول گوئی سے زبان کو روکنا ہو گا *بُری صُحبت بھی چھوڑنی پڑے گی *جولوگ پان، گُٹکا وغیرہ کھاتے ہیں، اُنہیں پان گٹکے سے چُھٹکارا حاصِل کرنا پڑے گا *سوشل میڈیا کا استعمال صِرف و صِرف ضرورت کے لیے کرنا پڑےگا، ایسی سب فُضُولیات کی قربانی دیں گے، تب ہی تَو ذِکْرُ اللہ کی طرف تَوَجُّہ رہے گی، پھر ہی کہیں جا کر ہمیشہ ذِکْر و فِکْر میں مشغول رہ پائیں گے۔
اَلحمدُ لِلّٰہ! شیخِ طریقت، امیر ِاہلسنت دَامَتْ بَرَکاتُہمُ العالیہ نیکیوں کا بےمثال جذبہ رکھتے ہیں، ایک مرتبہ آپ عِمامہ شریف باندھ رہے تھے، اِس دوران آپ کے مبارَک لَبوں کو حرکت ہو رہی تھی، پوچھنے پر فرمایا: میں اللہ، اللہ پڑھ رہا ہوں، تاکہ عِمَامہ باندھنے کے ساتھ ساتھ ذِکْرُ اللہ بھی ہوتا رہے۔ شیخِ طریقت، امیر ِاہلسنت دَامَتْ بَرَکاتُہمُ العالیہ نےایک مرتبہ مَدَنی مذاکرے میں فرمایا: پان اینٹی ذِکْر و درود ہے (یعنی پان منہ میں رکھ کر ذِکْر نہیں ہو پاتا)، اس لیے میں پان نہیں کھاتا ۔
سُبْحٰنَ اللہ! اللہ پاک کے نیک بندوں کی نرالی ہی اَدائیں ہوتی ہیں۔ اللہ پاک ہمیں بھی توفیق بخشے، ہم فضولیات سے بچیں، زبان کو فضول گوئی سے بچائیں، پان وغیرہ کی عادَت ہے تو اس سے چُھٹکارا پائیں اور ہر وقت ذِکْرُ اللہ میں مَصْرُوف رہنے کی عادت اپنا لیں۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد