Book Name:Zikr ul ALLAH Ke Khususi Ayyam
قُربانی کی جگہ صِرْف گوشت صدقہ کرنا کافی نہیں
حکیمُ الاُمَّت مفتی اَحمد یار خان نعیمی رحمۃُ اللہِ علیہ اِس حدیثِ پاک کی شرح میں فرماتے ہیں: معلوم ہوا کہ قربانی میں مَقْصُود خُون بہانا ہے، گوشت کھایا جائے یا نہ کھایا جائے، لہٰذا اَگر کوئی شخص قُربانی کی قیمت ادا کر دے یا اُس سے دُگْنا تِگْنا(Double Triple) گوشت خیرات کر دے، قربانی ہر گز ادا نہ ہو گی اور(ایسا) کیوں نہ ہو کہ قربانی حضرت خلیلُ اللہ ( علیہ السَّلام ) کی نقل ہے اور حضرت اِبْراہیم خلیلُ اللہ علیہ السَّلام نے خُون بہایا تھا، گوشت یا پیسے خیرات نہ کیے تھے اور نقل وہی درست ہوتی ہے جو اَصْل کے مُطابِق ہو۔
مفتی صاحب رحمۃُ اللہِ علیہ مزید فرماتے ہیں: دیگر اعمال تَو کرنے کے بعد قبول ہوتے ہیں مگر قربانی کرنے سے پہلے ہی (قبول ہو جاتی ہے)، لہٰذا قربانی کو بیکار جان کر یا تنگ دِلی سے نہ کرو! ہر جگہ عقلی گھوڑے نہ دوڑاؤ!([1])
الله پاک ہمیں خوش دِلی کےساتھ قربانی کرنے اور اِس کے ذریعے بےحساب بخشش پانے کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔
پیارے اسلامی بھائیو! ہم نے پارہ:17، سُورۂ حج کی آیت:28 سننے کی سَعَادت حاصِل کی، اِس آیتِ کریمہ میں قربانی کے چند آداب اِرشاد ہوئے ہیں۔ اللہ پاک نے فرمایا:
ْ وَ یَذْكُرُوا اسْمَ اللّٰهِ فِیْۤ اَیَّامٍ (پارہ:17، الحج:28)
تَرجَمۂ کَنزالْعِرفَان:اور مَعْلُوم دِنوں میں اللہ کے نام کو یاد کریں۔