Book Name:Do Noor Wale Sahabi
رسول اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم سے آگے بڑھنا منع ہے
سُبْحٰنَ اللہ! اللہ پاک ہمیں بھی ایسا عشقِ رسول، ایسی کمال محبّت نصیب فرمائے، کاش! ہم بھی اپنے محبوب آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی پیروی کرنے والے بنیں۔ آہ! آج کل لوگ عقل کے گھوڑے دوڑاتے ہیں، قرآن و حدیث کی تعلیمات کو عقل کے ترازو پر تولتے ہیں، فیشن پرستی میں ایسے گھرے ہیں کہ سُنّتِ مصطفےٰ کو اپنانا تو دُور کی بات، سُنتوں کی معلومات بھی حاصِل نہیں کرتے۔ کاش! ہم سرورِ عالَم، نورِ مُجَسَّم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے سچّے پیروکار بَن جائیں۔ اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تُقَدِّمُوْا بَیْنَ یَدَیِ اللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖ وَ اتَّقُوا اللّٰهَؕ-اِنَّ اللّٰهَ سَمِیْعٌ عَلِیْمٌ(۱)
(پارہ:26،سورۂ حجرات:1)
ترجَمہ کنزُ العرفان: اے ایمان والو اللہ اور اس کے رسول سے آ گے نہ بڑھو اور اللہ سے ڈروبےشک اللہ سُننے والا جاننے والا ہے۔
حضرت عائشہ صِدِّیقہ رضی اللہُ عنہا سے روایت ہے: بعض لوگ رمضان المبارک سے ایک دِن پہلے ہی روزہ رکھنا شروع کردیتے تھے، ان کے بارے میں یہ آیتِ کریمہ نازِل ہوئی اور حکم دیا گیا: اپنے نبی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم سے آگے نہ بڑھو! ([1])
مشہور مفسرِ قرآن، حکیم الاُمَّت مفتی احمد یارخان نعیمی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں: آیتِ کریمہ میں دیا گیا حکم سب کو عام ہے، یعنی کسی بات میں، کسی کام میں حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم سے آگے ہونا منع ہے، اگر حضور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے ہمراہ راستے میں جا رہے ہوں تو بِلا اِجازت آگے آگے چلنا منع ہے، اگر آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے ساتھ کھانا کھانے کا شرف ملے