غوثِ اعظم کی چار نصیحتیں / باتوں سے خوشبو آئے

بزرگانِ دین کے مبارک فرامین

غوثِ اعظم  کی چار نصیحتیں

بلال حسین عطاری مدنی

ماہنامہ ربیع الآخر 1440

بزرگانِ  دین   رحمہم  اللہ المُبِین  کے فرامین ہمارے لئے زندگی کے کثیر شعبہ جات میں راہنمائی مہیا کرتے ہیں ، ان نفوسِ قُدسیہ کی طویل زندگیاں دنیا کے نَشیب وفَراز سے گزری اور دینداری سے واقفیت میں بِیتی ہوتی ہیں ، اسی لئے ان کے فرامین بھی سالہا سال کے تجربات کا نچوڑ ہوتے ہیں ، آئیے حضور غوثِ پاک  علیہ رحمۃ اللہ الرَّزَّاق  کے چار فرامین  پڑھتے اور نصیحت حاصل کرتے ہیں :

(1)لوگوں کی چارقسمیں

 لوگ چار طرح کے ہوتےہیں :

ایک وہ جن کے پاس نہ زَبان ہوتی ہے (جس کے ساتھ حکمت کی باتیں کرسکیں) نہ دل (جو علم ومعرفت اور اسرارِ الٰہی کا محل ہو) ، ایسے عامی ، غافل ، غَبی اور ذلیل شخص کی اللہ پاک کے یہاں کوئی قدرومنزلت نہیں ، ایسے لوگ تو بُھوسے کی مانند ہیں۔ ان کی صُحبت سے بچنا لازِم ہے ہاں اگر تم عالمِ دین اور نیکی کی دعوت دینے والے مبلّغ ہوتو بیشک ایسے لوگوں کی صحبت اختِیار کرو ، انہیںاللہ پاک کی اطاعت کی دعوت دو اور گُناہوں سے ڈراؤ تو تم مجاہد قرار پاؤ گے۔ رسولِ صابِر و شاکِر ، محبوبِِ ربِِّ قادِر صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : اگر اللہ     پاک تمہارے ذَرِیعے کسی ایک شخص کوہدایت عطا فرمائے تو یہ تمہارے لئے اس سے اچّھاہے کہ تمہارے پاس سُرْخ اُونٹ ہوں۔ (مسلم ، ص1007 ، حدیث : 6223)

دوسری قسم ان لوگوں کی ہے جن کے پاس زَبان تو ہے لیکن دل نہیں ، علم وعمل کی نصیحت کے سلسلے میں بڑی حکیمانہ گفتگو کرتے ہیں مگر خود اس پر عمل نہیں کرتے ، دوسروں کو خدا کی طرف بلاتے ہیں لیکن خود اُس(کے

حکم پر عمل) سے بھاگتے ہیں ، غیبت کی مذمّت کرتے ہیں لیکن خود اس میں مشغول رہتے ہیں ، لوگوں کے سامنے اپنی پارسائی کا اظہار کرتے ہیں لیکن تنہائی میں بڑے بڑے گُناہ کرکے اللہ پاک سے جنگ کا اعلان کرتے ہیں ، ایسے لوگ دَرحقیقت انسانی لباس میں مَلبوس بھیڑئیے ہیں ، ایسوں سے دُور بھاگواور ان کے شَر سے اللہ پاک کی پناہ طلب کرو۔

تیسری قسم ایسے لوگوں کی ہے جن کے دل تو ہیں لیکن زَبانیں نہیں(یعنی ان کے دل علم وعرفان کے انوار سے روشن ہیں لیکن وہ ان کی تشریح کے مجاز نہیں بلکہ منہ پر خاموشی کا تالا لگا ہوا ہے تاکہ لوگوں کے اختلاط اوران سے گفتگو سے محفوظ رہیں)۔ یہ ایمان دار لوگ ہیں ، اللہ پاک نے انہیں مخلوق سے چُھپا رکھا ہے اور ان پر پردہ ڈال دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں ان کے نفس کے عُیوب سے آگاہ فرمادیا ہے اور عُجْب ورِیا کی باریکیوں سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے دِلوں کو روشن کردیا ہے۔ انہیں یقین ہوچکا ہے کہ خاموشی اور گوشہ نشینی میں ہی سلامتی ہے۔ ایسے لوگوں کی صُحبت اور خدمت کو لازِم پکڑلو اللہ تعالیٰ تمہیں بھی اپنے نیک لوگوں میں شامل کرلے گا ، اِنْ شَآءَ اللہ  عَزَّ  وَجَلَّ۔

چوتھی قسم ان لوگوں کی ہے جن کے پاس زَبان اور دل دونوںموجود ہیں۔ ایسے لوگ اللہ تعالیٰ اور اس کی نشانیوں سے واقف ہوتے ہیں۔ اللہ پاک نے انہیں اُن رازوں پر آگاہ فرمایا ہے جو دوسرے لوگوں سے پوشیدہ ہیں اور انہیں انبیا ومرسلین  علیہمُ الصَّلٰوۃ وَالتَّسلیم  کا جانشین ہونے کا مرتبہ حاصل ہے۔ ان حضرات کو وہ بُلند وبالا مقام حاصل ہے جس سے اوپر صرف مقامِ نُبُوّت ہے۔

میں نے انسانوں کی چاروں قسمیں تمہارے سامنے بیان کردی ہیں ، اگر تم صاحبِ فکر ونظر ہو تو ان میں غور کرو۔

اللہ پاک ہمیں ایسی باتوں کی توفیق عطا فرمائے جو دنیا و آخِرت میں اس کی مَحبو ب اور پسندیدہ ہیں۔

 

(شرح فتوح الغیب (مترجم) ، ص356ملخصاً)

(2)فرائض کو چھوڑ کر نوافل پر توجہ نہ دے

ارشادِ غوث الاعظم  علیہ رحمۃ اللہ الاَکرم : مؤمن کو چاہئے کہ پہلے فرائض وواجبات ادا کرےپھر سُنتوں میں مشغول ہو ، اس کے بعد نوافل کی طرف توجّہ کرے۔ فرائض نہ پڑھنا اور سُنن ونوافل میں مصروف ہونا حَماقت اور رَعُونَت ہے۔ اگر فرائض چھوڑ کر سُنن ونوافل بجا لائے گا تو نامقبول ہوں گے بلکہ اسے ذلیل کیا جائے گا۔ اس آدمی کی مثال اس شخص کی سی ہے جسے بادشاہ اپنی خدمت پر مامور کرے لیکن وہ اسے چھوڑ کر اس کے غلام کی خدمت میں مشغول ہوجائے۔ (شرح فتوح الغیب (مترجم) ، ص511)

(3)زیادہ سونے کی مذمت

غوثِ پاک  رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ  فرماتے ہیں : جو شخص بیداری کے بجائے نیند کو اختِیار کرے وہ نہایت اَدْنیٰ اور ناقص چیز کو پسند کرتا ہے ، نیند چونکہ موت کی بہن ہے اس لئے وہ تمام مصلحتوں سے بے خبر ہوکر مُردوں سے ملنا چاہتا ہے۔ اللہ پاک نیند سے پاک ہے کیونکہ وہ تمام نقائص سے پاک ہے ، ملائکہ بھی بارگاہِ ربُّ الْعزّت کے قریب ہونے کی وجہ سے نیند سے دور ہیں نیز جنّتیوں پر بھی نیند طاری نہیں ہوگی سب بھلائیاں بیداری میں اور سب بُرائیاں اور مصلحتوں سے بے خبری نیند میں ہے۔ جو شخص اپنی خواہش کے مُطابق ضَرورت سے زیادہ کھانے پینے اور نیند میں مصروف رہے گاتو اس کے ہاتھ سے بہت سی بھلائیاں نکل جائیں گی۔

 (شرح فتوح الغیب (مترجم) ، ص518ملخصاً)

دن لَہْو میں کھونا تجھے ، شب صبح تک  سونا تجھے

شرمِ نبی خوفِ خدا ، یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں

(4)دُعا مانگنے کی ترغیب

گیارھویں والے پیر غوثِ اعظم دستگیر   علیہ رحمۃ اللہ القَدیر  فرماتے ہیں : یہ نہ کہو کہ میں خُدا سے دُعا نہیں مانگتا کیونکہ اگر وہ چیز میری قسمت میں ہے تو مل ہی جائے گی دُعا کروں یا نہ کروں! اور اگر وہ چیز میری قسمت میں نہیں تو

میرا سوال مجھے وہ چیز نہیں دِلاسکتا۔ دنیا وآخِرت کی بھلائی میں سے جس چیز کی ضرورت ہو اس کا سوال کرو جب کہ وہ چیز حرام یا باعِثِ فساد نہ ہو کیونکہاللہ تعالیٰ نے  تمہیں دُعا مانگنے کا حکم دیا ہے اور اس کی ترغیب دلائی ہے۔ قراٰنِ پاک میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے : (ادْعُوْنِیْۤ اَسْتَجِبْ لَكُمْؕ-) ترجمۂ کنزالایمان : مجھ سے دعا کرو میں قبول کروں گا۔ (پ24 ، المؤمن : 60)  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)  نیز فرمایا گیا : ( وَ سْــٴَـلُوا اللّٰهَ مِنْ فَضْلِهٖؕ-)  تَرجَمۂ کنزالایمان : اللہ سے اس کا فضل مانگو۔ (پ5 ، النسآء : 32)  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)  (شرح فتوح الغیب (مترجم) ، ص666ملخصاً)


Share

غوثِ اعظم کی چار نصیحتیں / باتوں سے خوشبو آئے

باتوں سے خوشبو آئے

نفس کا مُحاسَبہ

٭ارشادِ حضرت سیّدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ: اپنے نفس کا مُحاسَبہ کرتے رہو اس سے پہلے کہ تمہارے اعمال کا محاسبہ کیا جائے۔(المجالسۃ و جواھر العلم،ج2،ص47،رقم:1291)

کامل عقل کی نشانی

٭ارشادِ حضرت سیّدنا علیُّ المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم: جب کسی شخص کی عقل کامل ہو جاتی ہے تو اس کی گفتگو میں کمی آجاتی ہے۔(المستطرف ،ج1،ص146)

پرہیزگار کون؟

٭ارشادِ حضرت سیّدنا علیُّ المرتضٰی کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم: لوگوں میں جو زیادہ عِلْم والا ہوتا ہے وہ اللہ پاک سے زیادہ ڈرتا، زیادہ عبادت کرتا اور اللہ پاک کے لئے زیادہ نصیحت کرتا ہے۔(منہاج العابدین،ص 16)

شیطان کی ذلت

٭ارشادِ حضرت سیّدنا علّامہ ابنِ جوزی علیہ رحمۃ اللہ القَوی: (رسولِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کامیلاد منانے میں) شیطان  کو ذلیل کرنا اور اہلِ ایمان کو خوش کرنا ہے۔( سبل الہدیٰ والرشاد،ج1،ص363)

اللہ کی مَحَّبت

٭ارشادِ حضرت سیّدنا فتح بن سعید مُوْصِلی علیہ رحمۃ اللہ القَوی: جو اپنی خواہشات پر اللہ تعالٰی کے حکم  کو ترجیح دیتا ہے اللہ پاک کی مَحَبّت اس کے دل میں ڈال دی جاتی ہے۔(صفۃ الصفوۃ، الجزء الرابع،ج 2،ص158،رقم 724)

پیر کا باطنی ادب

٭ارشادِ حضرت سیّدنا امام غزالی علیہ رحمۃ اللہ الوالی : پیر کا باطنی ادب یہ ہے کہ اس سے جو کچھ سُنے اس کو ظاہر میں قبول کرے اور باطن میں قولا ًفعلاً اس کا انکار نہ کرے۔(ایھا الولد،ص 263)

جنت کا راستہ

٭ارشادِ حضرت سیّدنا امام غزالی علیہ رحمۃ اللہ الوَالی: عبادت عِلْم کا پھل اور عمر بھر کا فائدہ، مضبوط لوگوں کا راستہ، مُعزَّزین اور مُکرَّمین کا حصہ نیز خوش بختی اور جنّت کا راستہ ہے۔(منہاج العابدین،ص3)

احمد رضا کا تازہ گُلستاں ہے آج بھی

سب کچھ ان کے صدقے میں ملتا ہے

٭کوئی دولت، کوئی نعمت، کوئی عزّت جو حقیقتاً دولت و عزّت ہو ایسی نہیں کہ اللہ  عَزَّ وَجَلَّ نے کسی اور کو دی ہو اور حضورِ اقدس صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کو عطا نہ کی ہو۔ جو کچھ جسے عطا ہوا یا عطا ہوگا دنیا میں یا آخِرت میں وہ سب حضور(صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم) کے صدقہ میں ہے حضور کے طفیل میں ہے حضور کے ہاتھ سےعطاہوا۔ (فتاویٰ رضویہ،ج 29،ص 93)

ذکرِ رسالت باوضو کرنا مستحب ہے

٭ذِکر شریف حضورِ پُرنور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم باوضو ہونا مستحب ہے اور بے وضو بھی جائز۔

(فتاویٰ رضویہ،ج 23،ص735)

بارگاہِ رسالت میں اعمال کی پیشی

٭صرف درود و سلام ہی نہیں بلکہ اُمّت کے تمام اقوال و افعال و اعمال روزانہ دو وقت سرکارِعرش وقارحضور سیّدُالابرار  صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم میں عرض کئے جاتے ہیں۔(فتاویٰ رضویہ،ج29،ص568)

خوش اِلحانی کی برکت

٭حضورِ اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی مدح شریف الحانِ خوش (اچھی آواز) کے ساتھ سننا محبتِ حضور کو ترقی دیتا ہے۔ (فتاویٰ رضویہ،ج23،ص 754)

ایمان کا نور

٭حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم) کی تعریف جس قدر  کثرت سے ہو،جان کا سُرور ایمان کا نور ہے۔

(فتاویٰ رضویہ،ج 18،ص 217)

شفاعت کے خصوصی مستحق

٭رسولُاللہ (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم) کی شفاعت حق ہے اور وہ اہلِ کبائر (کبیرہ گناہ کرنے والوں) کے لئے ہے اگرچہ عُمْر بھر ان (کبیرہ گناہوں) کےعادی رہے ہوں۔(فتاویٰ رضویہ،ج18،ص 220)

عطّار کا چمن، کتنا پیارا چمن!

ورزش   میں نیت

٭جائز طرىقے سے (شَرْعی و عُرْفی احتیاطوں کے ساتھ) اس نیّت سے وَرْزِش کرنا کہ اس کے ذریعے عبادت پر قُوَّت حاصل کروں گا جائز بلکہ کارِ ثواب ہے۔(مدنی مذاکرہ، 22صفرالمظفر1439ھ)

مال کی مَحَبّت سے بچنا مشکل ہے

٭ىہ بہت مشکل ہے کہ بندے کے پاس مال ہو اور دل مىں اس کی محبّت نہ ہو، لہٰذا يہ نہ کہا جائے کہ ميرے دل میں مال کی محبت نہیں، اگر یہ سچ ہے تو رِیا میں پڑنے کا خوف ہے اور اگر یہ دُرُست نہ ہو (یعنی دل میں مال کی محبت ہو) تو جھوٹ ہوجائے گا۔(مدنی مذاکرہ، 29صفرالمظفر1439ھ)

ہر دل عزیز بننے کا نسخہ

٭جو ڈانٹ ڈَپَٹ کرتے ہىں لوگ اُن سے جان چھڑاتے اور دُور بھاگتے ہىں اور جو محبّت دىتے ہىں، لوگ اُن کو ڈھونڈتے اور اُن کے قریب ہوتے ہىں۔(مدنی مذاکرہ، یکم ربیع الاول1439ھ)

مُطالَعَہ کی احتیاط

٭چلتے پھرتے یا لیٹ کر یا پھر ہر اس انداز میں جس سے آنکھوں پر زور پڑتا ہو مُطالَعَہ کرنے سے بچنا چاہئے کہ اس سے نَظَر کمزور ہونے کا اندیشہ ہے۔(مدنی مذاکرہ، 4ربیع الاول1439ھ)

بچّوں کی شادی ان کی رِضامندی سے کریں

٭والدین کو چاہئے کہ بچّوں کی شادی طے کرنے سے پہلے ان کی رِضا مندی ضرور حاصل کرلیں ورنہ شادی کے بعد گھر خراب ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔(مدنی مذاکرہ، 9ربیع الاول1439ھ)

مچھلی کھانے کا فائدہ

٭کولیسٹرول کے مریضوں کے لئے مچھلی کھانا مفید ہے۔(مدنی مذاکرہ، 9شوال المکرم1435ھ)

 


Share

Articles

Comments


Security Code