جمعۃُ المبارک کے دن کی جانے والی نیکیوں میں سے ایک اَہَم نیکی نبیِّ پاک صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر دُرُود و سلام پڑھنا بھی ہے، یوں تو کسی بھی دن یا وقت درودِ پاک پڑھنا اَجْر و ثواب سے خالی نہیں ہے کیونکہ درودِ پاک پڑھنا ایسا عظیمُ الشّان کام ہےکہ اللہ ربّ العزّت نے ایمان والوں کو اس کا حکم دینے سے پہلے ارشاد فرمایا: ( اِنَّ اللّٰهَ وَ مَلٰٓىٕكَتَهٗ یُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِیِّؕ-) تَرجَمۂ کنز الایمان: بیشک اللہ اور اس کے فرشتے دُرُود بھیجتے ہیں اس غیب بتانے والے (نبی) پر۔ پھر فرمایا: (یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَیْهِ وَ سَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا(۵۶)) تَرجَمۂ کنز الایمان : اے ایمان والو! ان پر درود اور خوب سلام بھیجو۔ (پ22،الاحزاب:56) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
احادیثِ مبارَکہ میں خاص جمعہ کے دن درودِ پاک پڑھنے والے پر خُصوصی انعامات و اعزازات کا بھی بیان ہے، آئیے 6 فرامینِ مصطفےٰ ملاحَظَہ کیجئے:
(1)دُرُودِ پاک کی کثرت کیجئے جمعہ کے دن مجھ پر درودِ پاک کی کثرت کرو کیونکہ یہ یومِ مَشْہود ہے اس دن فرشتے حاضر ہوتے ہیں اور جو مجھ پر دُرُودِ پاک پڑھتا ہے اس کے دُرُودِ پاک سے فارغ ہونے سے پہلے اس کا درودِ پاک مجھ تک پہنچ جاتا ہے۔(ابن ماجہ،ج2،ص291،حدیث:1637)
(2)قُربِ مصطفےٰپانے کا وظیفہ جمعہ کے دن مجھ پر درودِ پاک کی کثرت کرو کہ میری اُمّت کا دُرُود ہر جمعہ کو مجھ پرپیش کیا جاتا ہے،ان میں سے جو سب سے زیادہ درودِ پاک پڑھنے والا ہوگا وہ میرے زیادہ قریب ہوگا۔(سننِ کبریٰ للبیہقی،ج 3،ص353،حدیث: 5995)
(3)سو بار دُرُود ِ پاک پڑھنے کی والے پر انعام جو مجھ پر شبِِ جمعہ اور روزِ جمعہ ایک سو مرتبہ دُرُودِ پاک پڑھے اللہ تعالیٰ اُس کی 100 حاجتیں پوری فرمائے گا، 70 آخِرت کی اور 30 دُنیا کی۔ (شعب الایمان،ج3،ص111، حدیث: 3035)
(4)نُور عطا کئے جانے کی بشارت جوشخص بروزِ جمعہ ایک سو بار دُرُود ِ پاک پڑھے، جب وہ قِیامت کے دن آئے گا تو اُس کے ساتھ ایک ایسا نور ہوگا کہ اگر وہ ساری مخلوق میں تقسیم کردیا جائے تو سب کو کفایت کرے۔(حلیۃ الاولیاء،ج8،ص49)
(5)بخشش و مغفرت والا عمل جو شخص جمعہ کے دن مجھ پر اسّی (80) بار درودِ پاک پڑھےگا اس کے اسّی سال کے گُناہ بخش دیئے جائیں گے۔ (جامع صغیر، ص320، حدیث: 5191) نیز ایک روایت میں سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے جمعہ کے روز دوسو بار درودِ پاک پڑھنے والے کے لئے دوسو سال کے گناہوں کی بخشش کی بشارت دی ہے۔(جمع الجوامع،ج 7،ص199، حدیث:22353)
(6)شفاعت کی خوشخبری جو مجھ پر جمعہ کے روز درودِ پاک پڑھے گا میں قِیِامت کے دن اُس کی شفاعت کروں گا۔(جمع الجوامع،ج 7،ص199،حدیث:22352)
شفاعت کرے حشر میں جو رضاؔکی
سِوا تیرے کس کویہ قُدرت مِلی ہے
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…شعبہ فیضان صحابہ واہل بیت ،المدینۃ العلمیہ ،باب المدینہ کراچی
Comments