حضرت یوسف علیہ السلام کی قراٰنی صفات

نئے لکھاری

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی 2024ء

حضرت یوسف علیہ السّلام کی قراٰ نی صفات

*محمد مبشر عبد الرزاق

اللہ پاک نے انسانوں کی تخلیق فرمائی اور ان کی ہدایت و رہنمائی کے لئے وقتاً فوقتاً انبیا ورسل علیہمُ السّلام مبعوث فرمائے جنہوں نے انسانیت کو اللہ پاک کی بارگاہ میں سرنگوں کیا اور ان کے ظاہر و باطن کو ہر طرح کی آلودگیوں سے پاک فرمایا یہ سب اللہ پاک کے مقرب و معزز بندے تھے جن کا تذکرۂ خیر آنکھوں کی جِلا (روشنی) اور قلب و اذہان کی اصلاح کا باعث ہے۔ چنانچہ ان مبارک ہستیوں میں سے ایک حضرت یوسف علیہ السّلام بھی ہیں۔ ان کا تذکرۂ خیر پڑھئے اور قلوب و اذہان کو معطر کیجئے۔

مبارک نام:آپ علیہ السّلام کا مبارک نام یوسف ہے، حضرت یعقوب علیہ السّلام کے فرزند اور حضرت اسحاق علیہ السّلام کے پوتے ہیں۔ اللہ پاک نے آپ علیہ السّلام کو متعدد اوصاف و کمالات سے نوازا جن کا ذکر قراٰنِ کریم میں بھی فرمایا، آپ بھی چند  اوصاف پڑھئے اور علم و عمل میں اضافہ کیجئے۔

(1) علم و حکمت عطا ہو نا:آپ علیہ السّلام کا ایک وصف یہ ہے کہ اللہ پاک نے آپ کو علم و حکمت اور دین کی فقاہت عطا فرمائی جیسا کہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:

(2) ( اٰتَیْنٰهُ حُكْمًا وَّ عِلْمًاؕ-)

(3) ترجَمۂ کنزالایمان: ہم نے اسے حکم اور علم عطا فرمایا۔ (پ 12، یوسف: 22)

(2) خوابوں کی تعبیر کا علم : اللہ پاک نے آپ علیہ السّلام کو خوابوں کی تعبیر کا علم عطا فر مایا،آپ علیہ السّلام سے جب کبھی بھی خواب بیان کیا جاتا تو فوراً اس کی تعبیر بیان فرمادیتے جیسا کہ قراٰنِ پاک میں ارشاد ہوتا ہے:

(وَعَلَّمْتَنِیْ مِنْ تَاْوِیْلِ الْاَحَادِیْثِۚ-)

ترجَمۂ کنز العرفان:اور مجھے خوابوں کی تعبیر نکالنا سکھا دیا۔ (پ 13، یوسف: 101)

(4) چنے ہوئے بندے:آپ علیہ السّلام کاایک وصف یہ ہے کہ آپ علیہ السّلام الله پاک کے شکر گزار معزز اور چنے ہوئے بندے تھے چنانچہ اللہ پاک قراٰنِ پاک میں ارشاد فرماتا ہے:

(5) (اِنَّهٗ مِنْ عِبَادِنَا الْمُخْلَصِیْنَ(۲۴))

(6) ترجَمۂ کنزالایمان: بے شک وہ ہمارے چنے ہوئے بندوں میں سے ہے۔ (پ 12، یوسف: 24)

(4) مقرب بندے: آپ الله پاک کے نیک، برگزیدہ، پیارے اور مقرب بندے تھے،قراٰن مجید میں ہے:

(وَ اَلْحِقْنِیْ بِالصّٰلِحِیْنَ(۱۰۱))

ترجَمۂ کنزالایمان: اور ان سے ملا جو تیرے قرب ِ خاص کے لائق ہیں۔ (پ 13، یوسف: 101)

(5) بادشاہت عطا ہونا : اللہ پاک نے آپ علیہ السّلام کو علم و حکمت کے ساتھ بادشاہت اور سلطنت بھی عطا فرمائی جیسا کہ اللہ پاک قراٰنِ پاک میں ارشادفرماتا ہے:

(وَ كَذٰلِكَ مَكَّنَّا لِیُوْسُفَ فِی الْاَرْضِۚ-)

ترجَمۂ کنزالایمان: اور یونہی ہم نے یوسف کو اس ملک پر قدرت بخشی۔ (پ 13، یوسف: 56)

الله پاک ہمیں انبیاء کرام علیہمُ السّلام کی سیرت کا ذوق و شوق سے مطالعہ کرنے کی توفیق اور ہمیں ان کے فیضان سے مالا مال فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*( درجۂ رابعہ جامعۃُ المدینہ فیضانِ فاروق ِاعظم سادھوکی لاہور )


Share