Book Name:Mujza-e-Meraaj Staeswen Shab 1440
اللہ کی عنایت مرحبا معراج کی عظمت مرحبا اَقْصیٰ کی شوکت مرحبا
بُراق کی قسمت مرحبا بُراق کی سُرعَت مرحبا نبیوں کی اِمامت مرحبا
آقا کی رِفْعت مرحبا آسماں کی سِیاحت مرحبا مکینِ لامکاں کی عظمت مرحبا
صَلُّو ْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
پىارے پىارے اسلامى بھائىو!قرآنِ پاک میں واقِعۂ معراج و معجزۂ معراج کے بعض حصّے کو پارہ 15سورۂ بنی اِسْراۤئیل کی آیت نمبر 1میں اس طرح بَیان فرمایا گیا ہے:
سُبْحٰنَ الَّذِیْۤ اَسْرٰى بِعَبْدِهٖ لَیْلًا مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ اِلَى الْمَسْجِدِ الْاَقْصَا الَّذِیْ بٰرَكْنَا حَوْلَهٗ لِنُرِیَهٗ مِنْ اٰیٰتِنَاؕ-اِنَّهٗ هُوَ السَّمِیْعُ الْبَصِیْرُ(۱)
تَرْجَمَۂ کنز الایمان:پاکی ہے اُسے جو راتوں رات اپنے بند ے کو لے گیا مسجدِ حرام(خانَۂ کعبہ ) سے مسجدِ اقصا(بیتُ المقدس) تک، جس کے گِرداگِرد ہم نے بَرَکت رکھی کہ ہم اسے اپنی عظیم نشانیاں دکھائیں بیشک وہ سُنتا دیکھتا ہے ۔
حَضْرتِ صدرُ ا لْافاضِل مولانا سیِّدمُفتی محمد نعیمُ الدِّین مُراد آبادی رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے خَزائن العرفان میں اس آیتِ کریمہ کے تَحت جو کچھ ارشاد فرمایا ،آئیے!اس کا خلاصہ ہےسُنتے ہیں:
٭مِعْراج شریف نبیِ کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا ایک مُعجِزہ ہے۔ ٭ مِعْراج شریف اللہ پاک کی ایسی عظیم نعمت ہے جس سے حُضُور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا بارگاہِ الٰہی میں کمالِ قُرب ظاہر ہوتا ہےاور یہ ایسا ہے جو مخلوق میں آپ عَلَیْہِ السَّلَام کے سِوا کسی اور کو مُیسَّر نہیں۔٭مِعْراج شریف بحالتِ بیداری جسم اور رُوح دونوں کے ساتھ واقع ہوئی۔(خزائن العرفان ،پ ۱۵، بنی اسرائیل:تحت الآیۃ المذکورۃ)