Book Name:Asmay Madina Munawara
مُفَسِّرِ قرآن ، مفتی احمد یار خان رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کے فرمان کا خُلاصہ ہے : میرے پیارے نبی ، مکی مدنی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی یہ ساری دُعائیں قبول ہوئیں ، ہر مسلمان کو مکے کے مقابلے میں مدینہ منورہ زیادہ پیارا ہے ، مدینۂ پاک کی آب و ہوا صحت بخش ہے ، وہاں کی خاک “ خاکِ شِفَا “ کہلاتی ہے ، وہاں کی روزی میں برکت ہے اور امام مالِک رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ نے اس حدیثِ پاک سے دلیل پکڑی اور کہا کہ مدینۂ منورہ مکہ پاک سے اَفْضَل ہے۔ ([1])
اے عاشقانِ رسول ! مدینۂ منورہ کی شان و عظمت کا اندازہ لگائیے کہ یہ مُبَارَک ، مُقَدَّس ، خوشبوؤں والا ، مہکا مہکا ، حَسِیْن و خوبصُورت ، نورانی شہر اللہ پاک کا بھی محبوب ترین شہر ہے اور ساتھ ہی ساتھ ہمارے آقا ، محبوبِ خُدا ، محبوبِ انبیا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا بھی محبوب اور پسندیدہ ترین شہر ہے۔ مولانا حَسَن رضا خان رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں :
اللہ کا محبوب بنے جو تمہیں چاہے اُس کا تو بیاں ہی نہیں کچھ تم جسے چاہو([2])
یعنی یارسول اللہ! یا حبیب اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ! جس کے دِل میں آپ کی محبت ہو ، وہ اللہ پاک کا محبوب ہو جاتا ہے تو جس سے آپ محبت فرمائیں ، اس کی شان و عظمت کو کون بیان کر سکتا ہے...!!
شاہ تم نے مدینہ اپنایا ، واہ! کیا بات ہے مدینے کی
اپنا روضہ اسی میں بنوایا ، واہ! کیا بات ہے مدینے کی([3])
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد